لاہور کی مقامی عدالت میں اداکار علی ظفر کی جانب سے دائر کیے گئے ہتک عزت کے کیس میں گلوکارہ میشا شفیع پہلی مرتبہ عدالت میں پیش ہوگئی، تاہم وہ اپنا بیان ریکارڈ نہ کرواسکیں۔صوبائی دارالحکومت کی سیشن عدالت میں جج امجد علی شاہ نے مذکورہ کیس کی سماعت کی۔عدالت کے طلب کرنے پر میشا شفیع اپنی والدہ صبا حمید کے ہمراہ بیان ریکارڈ کرانے پہنچیں، تاہم عدالت نے کیس کی سماعت کل (ہفتہ) گیارہ بجے تک ملتوی کرتے ہوئے انہیں دوبارہ طلب کرلیا۔
جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آج وہ میٹنگ کی وجہ سے مصروف ہیں اور میشا شفیع کل عدالت میں اپنا بیان قلمبند کروانے آجائے جس پر میشا شفیع کے وکیل ثاقب جیلانی نے حامی بھرتے ہوئے کہا کہ وہ کل عدالت آجائیں گی۔
البتہ ایڈووکیٹ ثاقب جیلانی نے عدالت کو یاد دلاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ علی ظفر کو بیان قلمبند کروانے کے لیے 3 دن دیے گئے تھے۔
اس پر جج نے کہا کہ میشا شفیع تین کی بجائے چار دن تک بیان قلمبند کروا لیں۔