شہریت بل: مودی نے خود بھارت کیخلاف جنگ چھیڑ دی

کراچی: بھارت میں شہریت ترمیمی بل کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر چینی اخبار ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے لکھا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے اس اقدام کے ذریعے خود اپنے ملک کیخلاف ہی جنگ چھیڑ دی ہے، بھارت کی معیشت مسلسل زوال پذیر ہے، اسے اس دلدل سے نکالنے کی بجائے مودی حکومت نے شہریت ترمیمی بل کے ذریعے ایسا اقدام کیا ہے جو سیکولر ازم پر مبنی بھارتی آئین کے یکسر منافی اور جرمنی میں نازی دور کی کارروائیوں سے مشابہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آسام اور متعدد شمال مشرقی ریاستوں میں عوام کے احتجاج میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، یہی نہیں بلکہ 3 ریاستوں پنجاب، بنگال اور کیرالہ نے شہریت ترمیمی بل پر عملدرآمد سے انکار کر دیا ہے۔چینی اخبار نے مزید لکھا ہے کہ اپنے ملک کی تیزی سے بگڑتی ہوئی معیشت کو سنبھالنے کی بجائے مودی حکومت ایسے معاملات میں پھنس گئی ہے جن سے سوائے نقصان کے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا کیونکہ بھارت میں بے روزگاری اس وقت گزشتہ 45 برس کی بلند ترین شرح کو چھو رہی ہے، دوسری جانب اقتصادی شرح نمو گزشتہ 6 سہ ماہی مدتوں سے مسلسل کم ہو رہی ہے، اب یہ شرح گزشتہ 23 برس کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، ایک زمانے میں بھارت میں اقتصادی نمو کی شرح دو ڈیجٹ (2 digit) میں ہوتی تھی لیکن بھارت میں اب یہ شرح گھٹ کر 4.5 ہوگئی ہے، مرکزی حکومت کے پاس نقد رقم کی اس قدر کمی ہوگئی ہے کہ وہ ریاستوں کو ان کے حصے کی ادائیگی بھی نہیں کر پا رہی۔چینی اخبار کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی سٹینڈرڈ اینڈ پوور نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت کی معیشت میں بہتری کے شواہد نہ ملے تو بھارت کو  جنک گریڈ  ریٹنگ میں ڈال دیا جائے گا، بھارت میں بچوں کی ناقص غذائیت کی شرح بہت زیادہ ہے، 6 ماہ سے 23 ماہ تک کی عمر کے بچوں کو کم سے کم مقدار میں خوراک بھی نہیں ملتی، چینی اخبار کے مطابق مودی حکومت نے جو شہریت ترمیمی بل نافذ کیا ہے اس کا کوئی جواز سمجھ میں نہیں آتا، اس لئے کہ بنگلہ دیش کے قیام کو بھی طویل عرصہ گزر چکا ہے، اب کسی بھی ملک سے بڑی تعداد میں مہاجرین کے بھارت آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔شہریت ترمیمی بل کی طرح  نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز  میں ناموں کا اندراج بھی ایک شدید متنازعہ معاملہ ہے، مودی حکومت کا موقف ہے کہ بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن کی بھارت میں آمد کو روکنے کیلئے اس سکیم (رجسٹر ) کے تحت شہریوں کا اندراج بہت ضروری ہے لیکن مودی اس بات کا جواب نہیں دے سکے کہ اس وقت تو کسی بھی ملک سے بڑے پیمانے پر غیر قانونی تارکین وطن کے بھارت آنے کا کوئی امکان نہیں تو ایسی صورت میں   نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز  کا مسئلہ کیوں کھڑا کر دیا گیا ہے ؟ کیونکہ اس کے نتیجے میں بھارتی قوم مزید تقسیم اور انتشار کا شکار ہوجائے گی، بھارت کے انسان دوست حلقوں نے برملا یہ کہنا شروع کر دیا ہے کہ مودی حکومت کے یہ اقدامات مسلمانوں کے خلاف ہیں

میرا نے ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے پسندیدہ کردار کا نام بتا دیا

 کراچی: اداکارہ میرا نے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘کے پسندیدہ کردار کا نام بتا دیا۔ان دنوں پاکستان بھر میں لوگوں کا موضوع بن جانے والا ڈرامہ سیریل ’ میرے پاس تم ہو‘ مقبولیت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ عام زندگی کی کہانی پر مبنی اس ڈرامے کو اصل پہچان دلانے میں ہمایوں سعید ، عدنان صدیقی، عائزہ کا اہم کردار رہا ہے جوکہ اس ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں تاہم معاون کردار کے طور پر نظر آنے والی حرا مانی اور سویرا ندیم کی اداکاری نے بھی ڈرامے کی جانب جستجو بڑھانے میں کوئی قصر نہیں چھوڑی ہے۔سوشل میڈیا ہو یا چھوٹی اسکرین ہر جانب بس اس ڈرامے کی دھوم مچی ہوئی ہے، ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ روز نشر ہونے والے ڈرامے کی 18ویں قسط کو یوٹیوب پر محض ایک دن میں 77 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ جب کہ شوبز سے وابستہ شخصیات بھی ڈرامے سے متعلق اپنی رائے اور پسندیدہ کردار بتانے میں پیش پیش ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس ڈرامے نے اداکارہ میرا پر بھی سحر طاری کردیا ہے۔میرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ڈرامہ ’ میرے پاس تم ہو‘ میں شہوار کی اہلیہ ماہم احمد یعنی سویرا ندیم کی ڈرامے میں پہلی دھماکے دار انٹری کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی کیپشن میں انہوں نے  لکھا کہ اس ڈرامے میں میرا سب سے پسندیدہ کردار سویرا ندیم کا ہے جو کہ بہترین اداکارہ ہیں۔میرا نے یہ بھی لکھا کہ کرداروں کا چناؤ، اُن کی لا جواب اداکاری اور تمام اداکاروں کے ڈائیلاگز بہترین ہیں یہاں تک کہ تمام کردار بہترین کام سر انجام دے رہے ہیں

پشاور ہائیکورٹ کے باہر دھماکے سے پولیس اہلکار سمیت 11 افراد زخمی

پشاور: ہائی کورٹ کے باہر رکشے میں دھماکے سے پولیس اہلکار سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے باہر ایک رکشے میں اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے تاہم حادثے میں 11 افراد زخمی ہوئے، واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کرلیا گیا جس نے سرچنگ کے بعد علاقے کو کلئیر قرار دیا۔سی سی پی پشاور کا کہنا ہے کہ دھماکے میں بارودی مواد استعمال ہوا۔ بی ڈی یو ٹیم کی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5  کلو گرام دیسی ساختہ بارودی مواد استعمال ہوا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ہائی کورٹ گیٹ کے سامنے رکشہ پہنچتے پی دھماکا ہوتا ہے، پولیس نے اجمل نامی رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا

دہلی میں کشمیر کا منظر؛ بھارتی پولیس کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ پر وحشیانہ تشدد

نئی دہلی: بھارتی پولیس متنازع شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر ٹوٹ پڑی اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔بھارت بھر میں مسلمانوں کے خلاف مذہبی امتیازی سلوک پر مبنی قانون کی منظوری کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ بھارتی دارالحکومت دہلی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی اور علی گڑھ میں مسلم یونی ورسٹی کے طلبہ و طالبات بھی مودی سرکار کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور انتہا پسندی اور نفرت پر مبنی سرکاری پالیسیز کے خلاف شدید احتجاج کیا۔لیکن مودی سرکار کو طلبہ کا آواز بلند کرنا ایک آنکھ نہ بھایا۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو نئی دہلی میں بھی دہرادیا۔ بھارتی پولیس دندناتی ہوئی یونی ورسٹی کیمپس اور ہاسٹلز میں داخل ہوگئی اور نہتے طلبہ و طالبات پر بری طرح ٹوٹ پڑی۔پولیس نے طلبہ و طالبات پر آنسو گیس کی شیلنگ کی، لاٹھی چارج کیا، لاتوں مکوں اور گھونسوں سے تشدد کیا اور اخلاقی قدریں پامال کرتے ہوئے مغلظات بھی بکیں۔بھارتی پولیس جوتوں سمیت یونی ورسٹی کی مسجد میں بھی گھس گئی اور اندر توڑ پھوڑ کرتے ہوئے مسجد کا تقدس پامال کیا۔سوشل میڈیا پر جب اس درندگی کی ویڈیوز سامنے آئیں تو انسانیت شرماگئی اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے باشعور طبقے نے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا

جنگ کی حامی پریانکا چوپڑا نے امن کا راگ الاپنا شروع کردیا

لاس اینجلس: بالی ووڈ اداکارہ واقوام متحدہ کی سفیربرائے امن پریانکا چوپڑا نے رواں سال کے آغازمیں پلوامہ حملے کے بعد امن کے بجائے جنگ کی حمایت کی تھی جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اب وہ بیان سے ہی پھرگئی ہیں۔رواں سال کے آغازمیں پاک بھارت تنازعہ کے بعد پاکستان مخالف ٹوئٹ کرنے پربالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو دنیا بھر میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پران کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔اب اداکارہ نے ایک انٹرویو کے دوران اسی تنازعہ سے متعلق جب پوچھا گیا توانہوں نے خود کوبچاتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ایسا نہیں کہ ایسے موضوع پربات کی جائے، جو کچھ بھی دونوں ممالک کے درمیان ہوا تھا وہ برا تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سفیر برائے امن بننے کے بعد سالوں کا میرا کام اس بات کی گواہی ہے کہ میں کبھی بھی جنگ کی حامی نہیں رہی اورنہ آگے کبھی ہوں گی جسے مجھے بارباردہرانے کی ضرورت نہیں ہے۔اس خبرکو بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف جنگ کی ٹویٹ پر پریانکا ایک بار پھر تنقید کا نشانہاداکارہ نے کہا کہ وہ بھارتی ہیں لیکن پاکستان سے بہت سارے لوگ ان کے دوست ہیں۔ میں حب الوطن ہوں اورجنگ کو کبھی بھی پسند نہیں کرتی ہوں۔اس خبرکوبھی پڑھیں: پریانکا حب الوطنی کے لبادے میں نسل پرستی کو ہوا دے رہی ہیںاداکارہ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اس بات کی کوشش اورامید کی ہے کہ وہ دوسروں کے کام آئیں اورلوگوں کے دلوں میں جگہ بنائیں، لیکن اگر بھارتی ہوتے ہوئے میرے کچھ خیالات ہیں تومیں ان خیالات کے اظہارکا حق رکھتی ہوں جب کہ میں اپنی اُس رائے یا سوچ کے اظہارکا بھی حق رکھتی ہوں جو میرے کام اورسفرکی وجہ سے لوگ مجھ میں دیکھ نہیں پاتے ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے سوشل میڈیا پرپلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی دراندازی کوسراہتے ہوئے ثابت کردیا تھا کہ وہ امن کی نہیں بلکہ جنگ کی داعی ہیں۔ امن کی سفیرہونے کے باوجود پریانکا کی جانب سے کی گئی جنگ کی حمایت نے ان کے دنیا بھرمیں موجود لاکھوں مداحوں کوسخت مایوس کردیا تھا

پہلا ون ڈے ؛ ویسٹ انڈیز نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا

چنئی: پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا۔8 وکٹ کی فتح سے 3 میچزکی سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل کرلی، 288 رنز کا ہدف 13 بالز قبل 2 وکٹ پر حاصل کیا، شیمرون ہیٹمائر اور شائی ہوپ دونوں نے سنچریاں جڑیں، اس سے قبل میزبان سائیڈ نے 8 وکٹ پر 287 رنز بنائے، ریشابھ پانٹ 71 اور شریاس آئر 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔تفصیلات کے مطابق پہلے ون ڈے میں 288 رنز کا ہدف پانے والی ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلی وکٹ صرف 11 کے ٹوٹل پر گنوا دی جب سنیل ایمبرس 9 رنز بناکر چاہار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے تاہم شیمرون ہیٹمائر اور شائی ہوپ نے بھارتی بولرز کی ناک میں دم کردیا، دونوں نے دوسری وکٹ کیلیے 218 رنز  کی شراکت سے مجموعے کو 229 تک پہنچایا، ہیٹمائر کو آخرکار محمد شامی نے آئر کی مدد سے قابو کیا تاہم تب تک وہ 106 بالز پر 7 چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 139 رنز بناچکے تھے۔بعد ازاں پوران (29) کے ساتھ مل کر شائی ہوپ نے ٹیم کو 47.5 اوورز میں ہدف عبور کرادیا، وہ خود 102 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے پہلے بھارت نے 8 وکٹ پر 287 رنز بنائے، پانٹ نے 71 اور شریاس آئر نے 70 رنز بنائے، کوٹریل، کیموپال اور الزاری جوزف نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

طلبہ کا شاندار کارنامہ پلاسٹک کی آلودگی کو تعمیراتی میٹریل میں بدل ڈالا

کراچی: سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ کے طلبہ نے پلاسٹک کی تھیلیوں (شاپنگ بیگز) کو ری سائیکل کرکے خصوصی تعمیراتی میٹریل تیار کرلیا جو عام تعمیراتی میٹریل کے مقابلے میں سستا، دیرپا اور ماحول دوست ہے،  تعمیراتی صنعت کی نمائش بلڈ ایشیا میں سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ کا خصوصی پویلین قائم کیا گیا ہے جو شرکا کی توجہ کا مرکز بن گیا، پویلین میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے اپنے پراجیکٹ پیش کیے۔ان میں سے ری سائیکل میٹریل سے تیار کردہ تعیمراتی میٹریل کا پراجیکٹ سب سے  نمایاں ہے نوجوان انجینئرز نے پلاسٹک کی تھیلیوں (شاپنگ بیگز) سے ری سائیکل پلاسٹک حاصل کرکے اسے سڑکیں بنانے والے میٹریل میں شامل کیا ہے جس سے سڑکیں بنانے کے میٹریل کی لاگت میں کمی آئی ہے ساتھ ہی اس میٹریل سے تیار کی جانے والی سڑکیں پانی کے خلاف زیادہ مزاحمت کی صلاحیت رکھتی ہیں جس سے بارشوں اور پانی سے سڑکوں کو پہنچنے والے نقصانات میں کمی آئے گی اس میٹریل سے تیار شدہ سڑکیں عام میٹریل کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہوں گی اور ان پر دراڑیں پڑنے کا عمل بھی کم ہوگا، طلبہ نے بتایا کہ انھوں نے پلاسٹک میٹریل اور ریت کے امتزاج سے ہلکی پھلکی اینٹیں بھی تیار کی ہیں جو کم وزن ہونے کے باوجود زیادہ بوجھ برداشت کرسکتی ہیں۔ان اینٹیوں کی قیمت عام اینٹوں سے 38 فیصد تک کم ہوگی عام اینٹ جو 27 روپے کی فروخت ہوتی ہے جبکہ خصوصی میٹریل سے تیار کردہ یہ اینٹیں 10 روپے کم قیمت یعنی 16  سے 17 روپے میں دستیاب ہوں گی ان اینٹوں کی ایک اور خاص  بات ان میں لچک کی صلاحیت ہے وقت گزرنے کے ساتھ عام اینٹیں بھربھری ہوجاتی ہیں اور آخر کار بکھرنے لگتی ہیں جس سے دیواریں اور تعمیرات کمزور ہوجاتی ہیں اور آخر کار اسٹرکچر بوسیدہ ہوکر ٹوٹ جاتا ہے۔سرسید یونیورسٹٰی کے طلبہ کی تیار کردہ خصوصی اینٹٰیں بلند عمارتوں کی تعمیر کے لیے انتہائی موزوں ہیں کیونکہ ان اینٹوں کا وزن کم ہونے کی وجہ سے عمارتوں کے اسٹرکچر اور بنیادوں پر کم وزن پڑے گا، پلاسٹک اور ریت سے تیار کردہ اینٹوں میں زیادہ دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت ہے عام اینٹیں 600 سے 800 پی ایس آئی پریشر برداشت کرسکتی ہیں جبکہ پلاسٹک میٹریل اور ریت سے تیار کردہ اینٹیں 1350 پی ایس ائی دباؤ برادشت کرسکیں گی۔سرسید یونیورسٹی کے طلبہ نے اس سے ایک قدم اور آگے جاتے ہوئے بغیر پھگلے پلاسٹک سے بھی تعمیراتی میٹریل تیار کیا ہے جکہ خالص پلاسٹک کے فضلے سے بھی پلاسٹک تیار کیے ہیں جو کسی بھی شکل میں ڈھالے جاسکتے ہیں پلاسٹک کے بلاکس حرارت کو خارج یا داخل ہونے سے روکتے ہیں جس کی وجہ سے سردیوں میں تعمیرات کو گرم اور گرمیوں میں ٹھنڈا رکھنے میں مدد ملے گی طلبہ نے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی کو ملک میں عام کیا جائے تو تعمیراتی لاگت میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے جس کا فائدہ عوام کو پہنچے گا اور مہنگائی کے دور میں سستے مکانات کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ساتھ ہی ماحول کو نقصان پہنچانے والے پلاسٹک کو بھی محفوظ طریقے سے ری سائیکل کرکے استعمال کیا جاسکے گا جس سے ماحول میں پھیلنے والی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

عابد علی صبر کا میٹھا پھل ملنے پر انتہائی مسرور

 راولپنڈی:  عابد علی صبر کا میٹھا پھل ملنے پر انتہائی مسرور ہیں، وہ کہتے ہیںکہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھا، صبر کا دامن کبھی نہیں چھوڑا، 90 رنز بنانے کے بعد نروس تھا،  بابر اعظم نے حوصلہ بڑھایا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میں پانچویں روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں عابد علی نے کہا کہ تاخیر سے موقع ملنے پر کسی سے کوئی شکوہ نہیں، اپنی صلاحیتوں پر یقین تھا، کبھی صبر کا دامن نہیں چھوڑا، اب موقع ملا تو اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا، کوشش کی کہ اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کو یادگار بناؤں اور ایک ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوگیا، پہلے تحمل سے کھیلتے ہوئے کنڈیشنز کو سمجھا، کریز پر  وقت گزارا تو سیٹ ہوتا گیا، اننگز کو آگے بڑھانے کے لیے 5،5 اوورز کے پلان بنائے، 90 رنز بنانے کے بعد خاصا نروس تھا۔ساتھی بیٹسمین بابر اعظم نے حوصلہ بڑھایا کہ کوئی دباؤ لینے کی بجائے رنز بنانے کے لیے خراب گیندوں کا انتظار کرو، راولپنڈی، اسلام آباد کی کنڈیشنز میں 4سال تک کرکٹ کھیل چکا ہوں، اس لیے پراعتماد تھا کہ بہترین اننگز کھیلنے میں کامیاب رہوں گا۔ انھوں نے کہا کہ بابر اعظم، اسد شفیق اور حارث سہیل سب رہنمائی کرتے ہیں ان کے تجربہ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی حوصلہ افزائی نے بھی اعتماد میں اضافہ کیا، پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، امید کرتے ہیں کہ مزید ٹیمیں بھی یہاں کھیلنے کے لئے آئیں گی۔عابد، بابراور دھننجایا کا نام راولپنڈی اسٹیڈیم کے آنر بورڈ کی زینت بن گیاعابد علی، بابر اعظم اور دھننجایا ڈی سلوا نے اپنا نام راولپنڈی کے آنر بورڈ پر درج کرالیا، کسی بولر کو یہ موقع حاصل نہیں ہوا، راولپنڈی اسٹیڈیم میں سنچریز اسکور کرنے والے بابر اعظم، عابد علی اور دھننجایا ڈی سلوا کے نام میڈیا سینٹر میں نصب کیے گئے آنر بورڈ پر درج ہو گئے ہیں،دوسری جانب بارش کی مداخلت کے سبب میچ میں مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کی صرف 8 وکٹیں گریں،کسی بولر کو 5 شکار کرکے آنر بورڈ پر اپنا نام درج کروانے کا موقع نہیں مل سکا۔مجھے عابد رہنے دیں، سابق اسٹارکرکٹرز سے موازنہ نہ کریں، اوپنرعابد علی نے کہا ہے کہ مجھے عابد علی ہی رہنے دیں، سابق عظیم کرکٹرز کے ساتھ نہ ملائیں، راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے سوال کیا کہ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے عظیم کرکٹرز کے ساتھ اب آپ کا نام بھی شامل ہوگیا ہے، جواب میں عابد علی نے کہا کہ وہ بہت بڑے نام تھے، میں بڑی عاجزی کے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، مجھے عابد علی ہی رہنے دیں، ان عظیم کرکٹرز کے ساتھ نہ ملائیں۔ انھوں نے بتایا کہ سنچری بنانے کے بعد گود میں کسی بچے کو جھولا دینے کا اشارہ اپنی بچی کے لیے کیا تھا

سانحہ اے پی ایس؛ 8 گولیاں لگنے کے باوجود بچ جانے والا ولید عزم و حوصلے کی زندہ مثال

پشاور / لندن: سانحہ آرمی پبلک اسکول میں 8 گولیاں لگنے کے باوجود بچ جانے والا طالب علم ولید آج بھی دہشت گردوں کے خلاف عزم و حوصلے کی زندہ مثال ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ خون کے آخری قطرے سے دہشت گردوں کے آگے سر نہیں جھکائے گا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ آرمی پبلک اسکول میں جسم پر 8 گولیاں کھانے والے طالب علم نے ہمت اور حوصلے کی عظیم داستان رقم کر دی، لندن میں 13 سرجریوں سے ولید کا چہرہ بدل گیا اور سانحے کو 5 سال گزرنے کے بعد بھی بہادر طالبعلم کا حوصلہ بلند ہے۔

Saniha APS Waleed 4

لندن کوئن الزبتھ ہسپتال میں زیر علاج طالب علم نے اے پی ایس شہدا کی پانچویں برسی پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں سے ڈرنے والے نہیں، دہشت گردی کو تعلیم سے شکست دیں گے۔

Saniha APS Waleed 3

ولید خان کا کہنا تھا کہ میری مزید 8 مزید سرجریاں ابھی ہونی ہیں لیکن جسم میں خون کے آخری قطرے تک جھکیں گے، وطن کی سلامتی اور شہدا کی قربانیوں نے مجھے حوصلہ دیا اور مکمل صحت یاب ہو کر دنیا بھر میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے کام کروں گا۔

Saniha APS Waleed 2

کیولری گراﺅنڈ ،با اثر شخص کا شہری پر تشدد تھپڑ،ٹھڈے مارتا رہا

لاہور (خصوصی رپورٹر) کیولری میں موٹر سائیکل سوار شخص پر تشدد کرنے والے مسلح شخص کو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔لاہور کے علاقے کیولری میں شہری پر مسلح شخص کے تشدد کی موبائل فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سی سی پی او اہور نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے تشدد کرنے والے شخص کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد مسلح شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مبینہ طور پر کیولری کے علاقے میں مین روڈ پر ایک موٹرسائیکل سوار کی بائیک جیپ سے ٹکرائی، جیپ سے پینٹ اور جیکٹ میں ملبوس شخص نے نیچے اتر کر پہلے موٹرسائیکل سوار کو برا بھلا کہا اور اچانک طیش میں آکر اس کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔جیپ سوار موٹرسائیکل سوار کو گھسیٹتا ہوا اپنی جیپ کے پاس لے گیا اور جیپ میں سے اسلحہ نکال کر تان لیا، موٹرسائیکل سوار اس شخص سے معافی مانگتا رہا لیکن جیپ سوار نے تشدد جاری رکھا، اس تمام تر واقعہ کو جیپ کی پچھلی جانب موجود کار میں سوار شخص نے موبائل کیمرے کی مدد سے محفوظ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔سوشل میڈیا پر خبر آنے کے بعد سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے واقعہ کا ازخود نوٹس لیا اور ایس پی کینٹ کو مسلح جیپ سوار کی گرفتاری کے متعلق ہدایات جاری کیں۔ سوشل میڈیا کے مطابق یہ واقعہ کیولری گرانڈ میں پیش آیاتھا اس لیے وہاں پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں اور ایکسائز کے ریکارڈ سے جیپ کا ڈیٹا حاصل کیا گیا۔سی سی پی لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کے ریکارڈ کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے جیپ کو پیچھے سے ٹکر ماری۔