وزیراعظم کی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا ساتھ دینے والے 58 ممالک کی تعریف

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا ساتھ دینے والے 58 ممالک کو سراہتے ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 10 ستمبر کو انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کے ساتھ مل کر عالمی برادری کی جانب سے بھارت سے طاقت کا استعمال روکنے، کرفیو اٹھانے، بندشیں ہٹانے، کشمیریوں کے حقوق کی تکریم و تحفظ کرنے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے تنازع کشمیر کے حل جیسے مطالبات کرنے والے 58 ممالک قابل تحسین ہیں۔عمران خان نے مزید کہا کہ میں انسانی حقوق کونسل میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور دوطرفہ معاہدوں کی روشنی میں تنازع کشمیر کے پرامن حل کے یورپی یونین کے مطالبے کا بھی خیر مقدم کرتا ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کے خلاف اور کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے جمعے کو مظفرآباد میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔

وہاب ریاض کا طویل دورانیے کی کرکٹ سے غیرمعینہ مدت تک آرام کا فیصلہ کیا

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ فاسٹ بولر وہاب ریاض نے قائداعظم ٹرافی سے دستبردار ہو کر طویل دورانیے کی کرکٹ سے غیرمعینہ مدت تک آرام کا فیصلہ کیا ہے۔وہاب ریاض کی عمر 34 سال ہے اور پی سی بی کی یہ منطق سمجھ سے بالاتر ہے کہ انہیں غیر معینہ مدت تک آرام دیا گیا ہے اور وہ کب پانچ روزہ کرکٹ میں شریک ہوں گے۔وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سپورٹ اور رہنمائی پر بورڈ کا مشکور ہوں، میں نے یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر اور اپنے اہل خانہ سے مشورے کے بعد کیا ہے۔وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ میں طویل دورانیے کی کرکٹ جاری رکھوں مگر میں نے آج بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔وہاب ریاض نے کہا کہ میری بات سمجھنے پر پی سی بی کا مشکور ہوں، میں نے فرسٹ کلاس کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ میں نے اپنی گذشتہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی پی سی بی انہیں بی سے سی کٹیگری میں رکھنے پر غور کررہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے خلاف آنے والے ردعمل کے بعد وہاب ریاض نے فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا اور مصباح الحق کو اعتماد میں لیا۔وہاب ریاض نے کہا کہ طویل دورانیے کی کرکٹ سے علیحدگی کے دوران وہ محدود فارمیٹ کی کرکٹ میں شرکت کرتے رہیں گے، ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ کھیلنے کے دوران انہیں طویل دورانیے کی کرکٹ کیلئے اپنی فٹنس کو جانچنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جب خود کو طویل دورانیے کی کرکٹ کھیلنے کا اہل سمجھوں گا اس فارمیٹ کیلئے ایک بار پھر اپنی دستیابی ظاہر کردوں گا۔اس اعلان کے بعد اب وہاب ریاض قائد اعظم ٹرافی میں جنوبی پنجاب کی نمائندگی نہیں کریں گے اس لیے جمعرات کو وہاب ریاض نے قائد اعظم ٹرافی سے قبل ٹریننگ سیشن میں بھی شرکت سے گریز کیا۔وہاب ریاض سے قبل محمد عامر بھی ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ وہاب ریاض کا پی سی بی سے سینٹرل کنٹریکٹ ہے۔ وہاب ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور وہ وائٹ بال کرکٹ کھیل کر اپنے کیریئر کو طول دینا چاہتے ہیں۔جنوبی پنجاب ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض نے قائد اعظم ٹرافی کیلئے لگائے گئے کیمپ میں رپورٹ نہیں کیا ہے۔ وہاب ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ سے بریک کا فیصلہ پچھلے ماہ کینیڈین لیگ کے دوران کرلیا تھا۔وہاب ریاض نے 27 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور 83 وکٹیں حاصل کیں، ان کی بہترین بولنگ ایک اننگز میں 63 رنز دے کر پانچ وکٹیں ہیں۔قائد اعظم ٹرافی کے پہلے میچ میں سلمان بٹ بھی حصہ نہیں لیں گے۔

حکومت نے کمرشل بینکوں سے467 ارب قرض لے لیا

کراچی(ویب ڈیسک) حکومت نے کمرشل بینکوں سے ٹریڑری بلز کے ذریعے 467 ارب روپے قرضہ لے لیا۔ٹریژری بلز کی نیلامی میں بینکوں کی جانب سے 1 ہزار 670 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں، اسٹیٹ بینک کے مطابق 3 ماہ کی مدت کے لیے 52 ارب روپے کے ٹریڑری بلز 13 اعشاریہ 74 فیصد پر فروخت کیے، 6 ماہ کی مدت کے لیے 65 ارب روپے کے ٹریڑری بلز 13 اعشاریہ 92 فیصد پر نیلام کیے گئے۔واضح رہے کہ 12 ماہ کی مدت کے لیے 350 ارب روپے کے ٹریڑری بلز13 اعشاریہ 93 فیصد پر نیلام کیے گئے۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناءمیر کیلئے ایک اور اعزاز

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناءمیر کیلئے ایک اور اعزاز، انہیں ایشیا گیم چینجر ایوارڈ کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے۔ایشیا سوسائٹی کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام کے مطابق ثناءمیر کا نام دیگر 5 خواتین کے ساتھ شامل ہے جنہوں نے اپنے شعبوں میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ایوارڈ کی تقریب امریکا کے شہر نیویارک میں 24 اکتوبر کو منعقد ہوگی۔ ایشیا سوسائٹی ہر سال اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں کو ایوارڈ سے نوازتی ہے۔یہ پہلی بار ہے کہ ایوارڈز کیلئے نامزد ہونے والی تمام خواتین ہیں۔ کرکٹر ثناءمیر نے اپنے ٹوئٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا اور لکھا کہ انہیں کرکٹ کے کھیل میں ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔ثناءمیر کے اس ایوارڈ کے کیلئے نامزد ہونے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی انہیں مبارکباد دی۔

آرمی چیف سے سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان کے ملٹری ایڈوائزر کی ملاقات

راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے سعودی وزیر دفاع و ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ العتیبی نے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں تربیتی ایکسچینج پروگرام، دوطرفہ دفاعی اشتراک مزید بڑھانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔آرمی چیف نے سعودی بری افواج کی استعداد بڑھانے کیلئے پاک فوج کی مدد کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ سعودی ملٹری ایڈوائزر نے علاقائی امن و استحکام میں پاک فوج کے کردار کو تسلیم کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس تعینات

کوئٹہ (ویب ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس جمال خان مندوخیل کو بلوچستان ہائیکورٹ (بی ایچ سی) کا نیا چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔وزارت قانون کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ جسٹس جمال خان مندوخیل کی بلوچستان ہائی کورٹ میں بطور چیف جسٹس تعیناتی کا اطلاق 5 اکتوبر سے ہوگا۔واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو بلوچستان ہائی کورٹ کی چیف جسٹس طاہرہ صفدر کی مدت پوری ہوجائے گی۔چیف جسٹس طاہرہ صفدر پاکستان میں ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں جنہوں نے گزشتہ برس حلف اٹھایا تھا۔وہ پہلی خاتون ہیں جو بلوچستان میں سول جج بنیں اور انہیں یہ امتیاز بھی حاصل رہا کہ جن عہدوں پر انہوں نے کام کیا، وہ ان عہدوں پر کام کرنے والی بلوچستان کی پہلی خاتون ہیں۔یاد رہے کہ جسٹس جمال خان مندوخیل 12 نومبر 1961 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے اور ان کے بیٹے صنعت کار ہیں۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے اپنی ابتدائی تعلیم فیڈرل گورنمنٹ ہائی اسکول کوئٹہ کینٹونمنٹ سے حاصل کی اور بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ پولیٹیکل سائنس اور شعبہ اقتصادیات سے ماسٹرزکیے۔انہوں نے قانون کی ڈگری 1987 میں یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ سے حاصل کی اور 1988 میں بطور وکیل اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کیا۔بعدازاں وہ 31 مئی 1990 کو ہائی کورٹ اور12 مئی 2001 کو سپریم کورٹ کے وکیل مقرر ہوئے۔جسٹس جمال خان مندوخیل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لائف ٹائم ممبر بھی بنے۔انہوں نے 4 مرتبہ جون 2011، مارچ 2013، جون 2013 اور دسمبر 2013 میں قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھایا۔وزارت قانون کے ایک اور نوٹی فکیشن کے مطابق صدر نے جسٹس فدا محمد خان کو وفاقی شریعت کورٹ میں ایک سال کی مدت کے لیے عالم جج مقرر کردیا۔واضح رہے کہ نوٹی فکشن میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کی تعیناتی کا اطلاق کب سے شروع ہوگا۔

پاکستان کوامریکہ افغان جنگ میں غیر جانبدار رہنا چاہیے تھا:وزیراعظم کا روسی ٹی وی کو انٹرویو

اسلا م آ با د (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکا کے کامیاب نہ ہونے کا الزام پاکستان پر لگانا غیر منصفانہ ہے۔روسی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ اگر ہم نائن الیون کے بعد امریکا کی جنگ نہ لڑتے تو ہم دنیا کا خطرناک ملک نہ ہوتے۔انہوں نے مزید کہا کہ سوویت یونین کے خلاف جنگ میں انہی لوگوں کو تربیت دی گئی، جس کا فنڈ سی آئی اے نے دیا تھا، یہ تربیت یافتہ لوگ تھے اور ایک عشرے بعد جب امریکا وہاں گیا تو کہا گیا کہ یہ جہاد نہیں یہ دہشت گردی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا تضاد تھا جسے انہوں نے محسوس کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس جنگ میں غیر جانبدار رہنا چاہیے تھا، امریکا کا اتحادی بننے سے یہ گروپس ہمارے خلاف ہوگئے اور 70 ہزار پاکستانیوں کی جانیں گئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ شروع سے ہی اس جنگ کے خلاف تھے، اس جنگ سے معیشت کو 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔وزیراعظم نے کہا کہ اب آخر میں افغانستان میں امریکا کے کامیاب نہ ہونے کا الزام ہم پر لگادیا گیاجو کہ یہ غیر منصفافانہ ہے۔

مودی باز نہ آیا،لداخ میں چینی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان تصادم

لداخ(ویب ڈیسک)چین اور بھارت کے فوجیوں کے درمیان گزشتہ روز لداخ کے مقام پر چھڑپ ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چینی فوج کو پانگ گونگ ٹسو جھیل کے قریب بھارتی فوجیوں کی موجودگی پر اعتراض تھا۔ اس جھیل کا دو تہائی علاقے پر چین کی حکمرانی قائم ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوج گشت پر تھے کہ ان کا چینی فوجیوں کے ساتھ تصادم ہوگیا، بعدازاں دونوں فورسز نے متاثرہ علاقے کی جانب مزید نفری بھیج دی۔بھارتی فوج کے ایک افسر کے مطابق اس طرح کے واقعات اکثر رونما ہوجاتے ہیں اور عموماً فلیگ میٹنگ میں حل کرلیے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ اگست 2017 میں بھی دونوں ممالک کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں تاہم بعدازاں معاملات مذاکرات کے بعد حل کرلیے گئے تھے۔رپورٹس کے مطابق بھارت علاقے میں فوجی مشقیں کررہا ہے تاہم بیجنگ کا اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

پرفارمنس کے ساتھ فٹنس اور ڈسپلن قومی ٹیم میں آنے کی واحد کنجی ہے: مصباح الحق

لاہور(ویب ڈیسک): قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے لئے پرفارمنس کے ساتھ فٹنس اور ڈسپلن قومی ٹیم میں آنے کی واحد کنجی ہے۔قائد اعظم ٹرافی کے لیے ٹیموں کا کیمپس کا آغاز ہوگیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں تمام کرکٹرز کے قذافی اسٹیڈیم میں فٹنس ٹیسٹ لیے گئے۔س کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سینٹرل پنجاب کے کیمپ میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے لیکچر دیا۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پرفارمنس کے ساتھ فٹنس اور ڈسپلن قومی ٹیم میں آنے کی واحد کنجی ہے، نئے سسٹم اور نئے طریقہ کار کے مطابق خود کو ڈھالیں۔ جس چیز کی بھی پریکٹس کریں اس کو پریکٹس برائے پریکٹس سمجھ کر نہ کریں بلکہ مکمل جان ماریں اور یہ ذہن میں رکھیں کہ میں نے اس خامی کو بہتر کرنا یے۔ یہ سوچ ہو گی تو پرفارمنس بھی بہتر ہوگی اور سب خوش بھی ہوں گے۔

پاک فوج کے 4 میجر جنرلز کی ترقیوں کے بعد پھر تقرریاں وتبادلے

راولپنڈی:(ویب ڈیسک) پاک فوج میں اعلی سطح پر تقرریاں وتبادلے کیے گئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریاں اور تبادلے کیے گئے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو کمانڈر سدرن کمان اور لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کورکمانڈر راولپنڈی تعینات کردیا گیا ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیائ آئی جی آرمز، لیفٹیننٹ جنرل چراغ حیدر ڈی جی جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر اور لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر چیئرمین پاکستان آرڈنینس فیکٹریز تعینات کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے 4 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی، ترقی پانے والوں میں لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر ، لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر ، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا شامل ہیں۔