مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ عملی اقدام اٹھائے، ملیحہ لودھی

نیویارک(ویب ڈیسک)اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے ‘غیر قانونی’ الحاق کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے بیان بازی کی بجائے عملی اقدام اٹھائے اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرائے جن کے تحت کشمیری عوام کے مستقبل کے فیصلہ کے لیے ان سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا گیا تھا۔امریکی ٹیلی وژن کنسورشیئم نیوز کو ایک انٹرویو میں انہوں نے مقبوضہ وادی کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا،جہاں لوگ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے بھارتی فوج کے ظالمانہ محاصرے میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیاءکو کسی بڑے بحران سے بچانے کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ ‘مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو کچھ ہوا وہ یقینی طور پر ایک فلیش پوائنٹ ہے’۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بحران کے حوالہ سے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے دیگر حکام کے بیانات کا بھی ذکر کیا جن میں تنازعہ کشمیر کو پاک بھارت مذاکرات، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی ادارہ کے منشور کے تحت حل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔پاکستان کی سفیر نے کہا کہ ہمیں لفظوں کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان اور بھار ت کے درمیان کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے اور یہ صورتحل کسی بڑے بحران کو جنم دے سکتی ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘مسئلہ کے حل کے سلسلہ میں اقوام متحدہ کی دیرینہ ذمہ داریاں ہیں جسے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے فوری ذمہ داریاں بھی ادا کرنا ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘وزیر اعظم عمران خان نے بجاطور پر بار بار متنبہ کیا ہے کہ کشمیر کی صورتحال کسی بڑے بحران میں بدل سکتی ہے۔ سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ یہ ایک بڑی خطرناک صورتحال ہے’۔اقوام متحدہ کے سربراہ کے کردار کے حوالے سے پاکستانی سفیر نے کہا کہ ان کی کشمیر تنازع پر ثالثی کی پیشکش کو بھارت مسلسل مسترد کرتا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘آج ہم کہاں کھڑے ہیں، بھارت پاکستان سے بات کرنے سے انکار کرتا ہے، بھارت ثالث کو بھی قبول نہیں کرنا چاہتا بھلے ہی وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا پھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ہی کیوں نہ ہو، بھارت انسانی حقوق کے وعدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، یہ حقیقت میں صرف ان کی نہ، نہ اور نہ ہے’۔کشمیر کے معاملے پر ہر آپشن پر عمل کرنے کے باک فوج کے بیان پر سوال کا جواب دیتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ‘مجھے لگتا ہے کہ ان بیانات کا مقصد یہ بتانا تھا کہ ہم جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ اکیلے نہیں ہے، اور ان کا تحفظ کرتے رہیں گے اور ان کے حق میں بولتے رہیں گے اور تمام سفارتی و سیاسی آپشنز پر پاکستان عمل کرے گا اور یہی کر بھی رہا ہے’۔بھارت اور پاکستان کے درمیان جوہری تنازع کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ‘اسلام آباد اس طرح کا کوئی تنازع نہیں دیکھنا چاہتا، پاکستان ایک ذمہ دار جوہری قوت کا حامل ملک ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اس ہی لیے بین الاقوامی برادری پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اس بڑے بحران میں مداخلت کریں، ہم بڑا بحران نہیں دیکھنا چاہتے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بحران کی صورتحال ہے جس کی وجہ سے وہاں کی عوام کی روز مرہ کی زندگی متاثر ہورہی ہے اور اس کے ہاتھ سے نکلنے سے قبل یہ نہایت ضروری ہے بین الاقوامی کسی بڑے بحران سے بچنے کی تدابیر اپنائے’۔

پاکستانی فلم ’ڈارلنگ‘ وینس فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستانی شارٹ فلم ‘ڈارلنگ’ نے وینس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہتر مختصر فلم ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔فلم ڈارلنگ لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان شانی اور ایک مخنث خاتون الینا کی دوستی پر مبنی فلم تھی جس کا ورلڈ پریمیئر وینس فلم فیسٹیول میں ہوا۔الینا کا کردار الینا خان نے ادا کیا جو کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک مخنث خاتون ہیں۔اس فلم کی ہدایات 28 سالہ صائم صدیق نے دیں جو کہ لاہور سے تعلق رکھتے ہیں اور اس وقت کولمبیا یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔یہ پہلی بار ہے جب ایک پاکستانی فلم کی اسکریننگ وینس فلم فیسٹیول میں ہوئی اور وہ ایوارڈ بھی جیتنے میں کامیاب رہی۔وینس فلم فیسٹیول کو فلمی دنیا کا سب سے پرانا فلمی فیسٹیول قرار دیا جاتا ہے اور ڈارلنگ کو بیسٹ شارٹ فلم کا Orizzonti ایوارڈ دیا گیا۔ڈارلنگ پہلی پاکستانی فلم ہے جو 3 بڑے فلمی فیسٹیول یعنی کانز، برلن اور وینس میں پیش کی گئی۔فلم کے ڈائریکٹر نے ذرائع ایک انٹرویو میں بتایا ‘میں نے بغیر توقع کے فلم کا نام بھیجا تھا کہ شاید اسے منتخب کرلیا جائے، اب یہ خوش قسمتی تھی یا کچھ اور، فلم کو منتخب کرلیا گیا’۔اب اس فلم 10 ستمبر کو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا جائے گا۔

پائلٹس کی ہڑتال، برٹش ایئرویز کی برطانیہ سے تمام پروازیں منسوخ

لندن(ویب ڈیسک)برطانوی فضائی کمپنی برٹش ایئرویز (بی اے) کا کہنا ہے کہ پائلٹوں کی ہڑتال کے پہلے روز برطانیہ کے ایئرپورٹس سے انہیں اپنی تقریباً تمام پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ‘تنخواہ کے تنازع کو حل کرنے کی کئی مہینوں کی کوششوں کے بعد اس صورتحال کا سامنا کرنے پر ہم آپ سے معذرت خواہ ہیں’۔انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ برٹش ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن (بلپا) سے بات چیت بحال کرنے کے خواہش مند ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ‘بدقسمتی سے، پائلٹوں کی ہڑتال کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے ہم یہ نہیں بتا سکتے کہ کتنے افراد کام پر آئیں گے اور وہ کونسا طیارہ چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے پاس اپنی 100 فیصد پروازوں کو منسوخ کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں’۔برطانوی طیارے اور اس کے 4300 پائلٹ 9 ماہ کی تنخواہ کے تنازع میں گھرے ہیں جس کی وجہ سے 3 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔پائلٹ کل (منگل کو) بھی اپنی ہڑتال جاری رکھیں گے اور انہوں نے 27 ستمبر کو بھی ہڑتال کرنے کی دھمکی دی ہے اور پھر ممکنہ طور تنازع برقرار رہنے پر پر سردیوں کی چھٹیوں کے قریب دوبارہ ہڑتال کرسکتے ہیں۔بلپا نے 3 سال کے دوران تنخواہ میں 11.5 فیصد اضافے کو مسترد کردیا ہے جسے ایئرلائنز نے جولائی کے مہینے میں پیش کیا تھا۔برٹش ایئرویز کا کہنا تھا کہ اس پیشکش سے فلائٹ کیپٹن کو دنیا کی بہترین تنخواہ اور مراعات ملیں گی جو تقریباً 2 لاکھ یورو سالانہ کے قریب ہوں گی۔انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ایئرلائنز کے 90 فیصد ملازمین پر مشتمل دیگر 2 یونین نے 11.5 فیصد اضافے کو قبول کرلیا ہے۔

آرمی چیف سے کمانڈر سینٹ کام کی ملاقات، کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلا م آبا د (ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکایسینٹ کام کے کمانڈر، جنرل کنیتھ مکینری نے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تلعقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف سے کمانڈر سینٹ کام جنرل کنیتھ مکینزی کی قیادت مِیں امریکی وفد نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں جیو اسٹریٹیجک اورعلاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

صبا قمر کی سرمد سلطان کو نئی فلم ”زندگی تماشا“کے بوزان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کیلئے منتخب ہونے پر مبارکباد

لاہور(ویب ڈیسک): اداکارہ صبا قمر نے سرمد سلطان کھوسٹ کو ان کی نئی فلم ”زندگی تماشا“ کے بوزان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اسکریننگ کےلیے منتخب ہوجانے پر مبارکباد دی ہے۔سوشل میڈیا پر سرمد سلطان کھوسٹ کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں صبا قمر نے کہا کہ وہ انہیں دوست سے زیادہ فیملی کی طرح سمجھتی ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں سرمد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: ”مجھے فخر ہے کہ تم پیسہ کمانے کےلیے فلم نہیں بناتے بلکہ شوبز انڈسٹری میں کچھ کر دکھانے کےلیے فلم بناتے ہو… اور تم اپنی فلمیں دل و جان سے بناتے ہو۔ اللہ تمہیں وہ ساری کامیابی دے جس کے تم حقدار ہو۔“بوزان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ہر سال جنوبی کوریا کے شہر بوزان میں منعقد ہوتا ہے جہاں اسکریننگ کےلیے دنیا بھر کے ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز اپنی فلمیں جمع کرواتے ہیں جن کی تعداد عموماً سیکڑوں میں ہوتی ہے۔ ان میں سے صرف چند فلمیں ہی اسکریننگ کےلیے منتخب ہو پاتی ہے۔ اس لحاظ سے یہ عالمی سطح پر پاکستانی فلم انڈسٹری کی بہت اہم کامیابی ہے۔واضح رہے کہ یہ 2015 میں شہرت پانے والی ”منٹو“ کے بعد، بطور ڈائریکٹر، سرمد سلطان کھوسٹ کی ایک اور بڑی فلم ہے جس میں وہ خود بھی چھوٹے سے کردار میں نظر ا?ئیں گے۔ زندگی تماشا کی مرکزی اداکارہ سامعہ ممتاز ہیں جبکہ یہ فلم پاکستان میں بھی جلد ریلیز کےلیے تیار ہے۔

لیڈی کانسٹیبل کو تھپڑ نہیں مارا، وکیل کا دعویٰ،سمجھ نہیں آرہا کہاں جاوں یا خودکشی کرلوں:فائزہ

فیروز والا (ویب ڈیسک) لیڈی کانسٹیبل کو تھپڑ مارنے کے معاملے میں انصاف نہ ملنے پر لیڈی کانسٹیبل فائزہ گزشتہ روز مستعفی ہوگئیں تاہم اب ملزم وکیل نے بھی اپنے بیان تبدیل کردیا۔احمد مختار کا کہنا ہے اس نے لیڈی کانسٹیبل کو تھپڑ نہیں مارا، تکرار کچہری گیٹ پر کھڑے پولیس ملازم علی احمد سے ہوئی اور ڈی ایس پی اور ایس ایچ او نے ان سے ذاتی انتقام لیا۔گزشتہ روز وکیل کو ضمانت ملنے پر دلبرداشتہ ہوکر فائزہ نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔خاتون اہلکار کا مو¿قف ہے کہ مجھے ذہنی ٹارچر کیا جارہا ہے، نوکری عوام کی خدمت کرنے کے لیے کر رہی تھی۔اپنے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان مدینہ ریاست میں انصاف ملتا نظر نہیں آرہا۔فائزہ کا کہنا تھا کہ مجھ پر دباو¿ ڈالا جارہا ہے، سمجھ نہیں آرہا کہ میں کہاں جاو¿ں یا خودکشی کرلوں۔انہوں نے کہا کہ میں کمزور عورت ہوں جو میرا جرم ہے، اس مافیا کا مقابلہ نہیں کرسکتی اور محکمہ پولیس سے استعفی دے رہی ہو۔

ملزمان پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

لاہور:(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پولیس کے رویوں میں بہتری لاکر تھانہ کلچر کو تبدیل کریں گے اور ملزمان پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کہی اور پولیس نظام میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔عثمان بزدار نے کہا کہ نظام میں اصلاحات وقت کا اہم تقاضا ہے، پولیس کو سائل کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ حوالات میں بند ملزموں سے ماورائے قانون کوئی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو عصرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، برسوں سے جاری فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے پولیس کو عوام دوست بنائیں گے۔

پولیس اہلکار انھیں ‘کرنٹ ، لوہے کے راڈ سے مارتے رہے،عامر مسیح کی مبینہ پولیس تشدد سے ہلاکت بارے بی بی سی کی دل دہلا دینے وا لی سٹو ری

لندن (ویب ڈیسک)لاہور میں پولیس کے تشدد سے ہلاک ہونے والے عامر مسیح کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ انھیں انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا کیونکہ اب تک کوئی بھی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے۔پاکستان کے صوبہ پنجاب میں گذشتہ چند دنوں سے پے در پے پولیس تشدد کے واقعات منظر عام پر آ رہے ہیں جن کی وجہ سے پورے ملک میں تشویش کی ایک لہر دوڑی ہے۔ایسا ہی ایک واقعہ چند دن قبل لاہور کے تھانہ شمالی چھاو¿نی میں مبینہ طور پر پیش آیا ہے جس میں دو بچوں کے باپ عامر مسیح کی مبینہ طور پر پولیس تشدد سے ہلاکت ہوئی ہے۔ہلاک شدہ شخص عامر مسیح کے ورثا نے موقف اپنایا ہے کہ عامر لاہور کی پی ایف کالونی میں ایک شخص کے گھر مالی کا کام کرتے تھے اور اس گھر میں ہونے والی ایک مبینہ چوری کے شبے میں پولیس نے انھیں حراست میں لیا تھا۔تھانہ شمالی چھاو¿نی میں درج مقدمے میں مقتول عامر مسیح کے بھائی سنی اقبال کا موقف ہے کہ ان کا بھائی 28 اگست سے لاپتہ تھا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بھائی کی تلاش میں پی ایف کالونی گئے جہاں پر انھیں ایک سیکورٹی گارڈ نے بتایا کہ تھانہ شمالی چھاو¿نی کے سب انسپکٹر ذیشان نے ان کے بھائی عامر مسیح کو فون کر کے تھانے بلایا تھا جہاں سے انھیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ان کے مطابق جب وہ تھانے گئے تو تھانے والوں نے ان کے بھائی کی موجودگی سے انکار کیا جس کے بعد 31 اگست کو انھوں نے تھانہ ڈیفینس میں اپنے بھائی کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ایف آئی آر میں سنی مسیح نے کہا ہے کہ ان کے بھائی پی ایف کالونی میں جس شخص کے ہاں کام کرتے تھے انھوں نے پولیس سے مبینہ طور پر ملی بھگت کر کے پکڑوایا، ان پر تشدد کیا اور حبس بے جا میں رکھا۔بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول عامر مسیح کے برادر نسبتی منیر بھٹی نے بتایا کہ 2 ستمبر کی شام انھیں تھانہ شمالی چھاو¿نی سے فون آیا کہ ’ہم تمہارا بندہ تمہارے حوالے کرتے ہیں‘ تو وہ اپنے دیگر رشتے داروں کے ساتھ پہنچے جہاں سب انسپکٹر ذیشان نے کہا کہ ’تمہارا بندہ (عامر) بے گناہ ثابت ہوا ہے اس کو تم لوگ لے جاو¿۔‘درخواست کے مطابق جب وہ اپنے دیگر رشتے داروں کے ہمراہ تھانے پہنچے تو سب انسپکٹر ذیشان اور دو نامعلوم افراد نے عامر کو ان کے حوالے کیا اور انھیں لے جانے کے لیے کہا۔’سب انسپکٹر ذیشان ہمیں لے کر تھانے سے باہر آیا تو ہم نے دیکھا کہ عامر مسیح کو اس وقت انھوں نے ایک اوبر ٹیکسی میں ڈالا ہوا تھا اور اس کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی۔ اس پر ہم سب لوگ غصے میں آ گئے اور احتجاج شروع کیا تو تفتیشی انچارج ناصر بیگ نے ہمیں اندر بلایا اور کہا کہ شور شرابا نہ کرو، اس (عامر) کو گھر لے کر جاو¿، اس کو ویسے ہی کچھ بخار وخار ہوا ہے۔ اس کی دوائی کا جو خرچہ ہو مجھ سے لے لینا۔’منیر بھٹی کے مطابق ناصر بیگ کا کہنا تھا کہ ‘اس کو ہسپتال لے چلو، ہم بھی وہاں آتے ہیں۔ان کے مطابق جب عامر مسیح کو ہسپتال پہنچایا گیا تو وہاں ڈاکٹروں نے دیکھتے ہی کہا کہ ان کی حالت تشویش ناک ہے۔ منیر کے مطابق یہ سن کر موقع پر موجود پولیس اہلکار بھی غائب ہوگئے۔سنی مسیح کی دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عامر نے انھیں ملنے کے بعد بتایا کہ تھانے میں سب انسپکٹر ذیشان اور چار نامعلوم سپاہیوں نے ان پر سخت تشدد کیا۔ان کے مطابق عامر نے کہا کہ پولیس اہلکار انھیں ‘کرنٹ دیتے رہے، لوہے کے راڈ سے مارتے رہے، جسم پر لوہے کے راڈ رکھ دیتے اور دو پولیس اہلکار ان پر کھڑے ہو جاتے تھے۔’منیر بھٹی کا کہنا تھا کہ عامر کو جب ہسپتال لایا گیا تو اس وقت وہ ہمیں کہتا تھا کہ ‘میرے جسم پر خارش کرو کیونکہ مجھے محسوس ہی نہیں ہوتا کہ میرا جسم میرے ساتھ بھی ہے کہ نہیں۔’درخواست کے مطابق عامر کو فوری طور پر سروسز ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا علاج ہوتا رہا مگر تھوڑی دیر بعد عامر ہلاک ہو گیا۔منیر بھٹی کا دعویٰ تھا کہ انھیں اطلاع دینے سے پہلے پولیس اہلکار عامر مسیح کو لے کر تھانے کے پاس ہی موجود کنٹونمنٹ ہسپتال لے گئے تھے جنھوں نے مریض کی حالت دیکھ کر علاج کرنے سے انکار کردیا تھا، جس پر انھوں نے مجبوری کے عالم میں گھر والوں کو بلایا۔منیر بھٹی کے مطابق کنٹونمنٹ ہسپتال میں عامر مسیح کے ساتھ کیے گئے سلوک کی سی سی ٹی وی فوٹیج انھیں ہسپتال سے دستیاب ہوئی ہے۔ بی بی سی کے پاس موجود اس سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو افراد عامر کو موٹرسائیکل پر بٹھا کر ہسپتال لاتے ہیں اور بائیک سے اترنے کا کہتے ہیں۔بائیک سے اترتے وقت وہ ممکنہ طور پر کمزوری کی وجہ سے فرش پر ڈھے جاتے ہیں جس پر وہ افراد عامر مسیح کو لاتوں سے مارتے ہیں۔ایک اور کیمرے سے حاصل کی گئی فوٹیج میں کچھ افراد انھیں ویل چیئر پر بٹھا کر لے ہسپتال سے باہر لے جاتے نظر آتے ہیں جس کے بعد ایک گاڑی بلوائی جاتی ہے جس میں عامر مسیح کو ڈال کر روانہ کیا جاتا ہے اور دیگر اہلکار ان کے ساتھ موٹرسائیکل پر روانہ ہو جاتے ہیں۔سروسز ہسپتال لاہور کے ذرائع کے مطابق عامر مسیح کے ابتدائی پوسٹ مارٹم میں تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں جبکہ لاہور پولیس کے ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ پوسٹ مارٹم میں تشدد کی واضح رپورٹ ملنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔عامر مسیح کی بیوہ سلمیٰ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی شادی سال 2012 میں ہوئی۔ وہ کہتی ہیں کہ برکی روڈ پر واقع ان کے علاقے میں مسیحی برادری کے 60 سے 70 خاندان ہیں جبکہ مسلمانوں کے 300 سے 400 گھرانے ہیں۔ ’سب لوگ ہمیں جانتے ہیں، مسیحی خاندانوں کو تو چھوڑیں، مسلمانوں سے ہی پوچھ لیں کہ میرا خاوند کیسا تھا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ان کے خاوند ایک ہسپتال میں کنٹریکٹ پر ملازمت کرنے کے علاوہ بڑے لوگوں کے گھروں میں مالیوں کا کام کرکے مہینے کے 20 سے 22 ہزار روپے کماتے تھے۔ ’وہ منصوبے بنایا کرتے تھے کہ ہم اپنے بچوں کو پڑھائیں گے اور وہ مستقبل میں افسر بنیں گے تو ہمارے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔‘

بجلی کے ترسیلی نظام کی اپ گریڈیشن ،سی پیک کیلئے چین نے 1.7ارب ڈالر کے آلات پاکستان پہنچادیے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چین پاک اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت بجلی کے ترسیلی نظام کی اپ گریڈیشن کے پہلے منصوبے پر چین نے1.7ارب ڈالرمالیت کے آلات پاکستان پہنچادیے ہیں۔فوشون الیکٹرک پورسلین مینوفیکچرنگ کمپنی چائنہ کی جانب سے30 ڈائریکٹ کرنٹ (ڈی سی) 660 کلوواٹ آف زنک آکسائیڈ لائٹنگ کولر پاکستان بھیجے گئے ہیں۔ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ1.658ارب ڈالر ہے اور2021 تک مکمل کرلیا جائے گا۔پارٹی ورک کمیٹی ا?ٓ شین فو کے رکن وانگ ڑو کڑی نے کہاہے کہ کمپنی ایک سڑک اور ایک خطے کے وڑن پر کام کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری میں مدد ملے گی اور بجلی کے کمرشل وگھریلو صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کویقینی بنایا جاسکے گا۔

پولیس نظام کو بہتر کرنے کی کوشش جا ری، اصلاحات کا مسودہ وزیراعظم کو پیش کر دیا :تر جمان وزیراعلیٰ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پولیس میں اصلاحات لانے کا مسودہ تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ ماضی میں پولیس کو ہمیشہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا رہا۔ سیاسی مقاصد کے لیے بھرتیاں اور پوسٹنگ بھی کرتے رہے۔ ہم پولیس نظام کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پچھلے چالیس سے پچاس سال میں بدقسمتی سے ایسے واقعات ہو رہے ہیں۔ اگلے چھ ماہ کے اندر چیزوں میں تبدیلی نظر آئے گی۔ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ لیڈی کانسٹیبل کیس میں وکیل کو تھپڑ مارنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں وکیل کا نام تین دفعہ صیح لکھا ہوا تھا لیکن اسے ضمانت کسی اور بنیاد پر ملی۔ قانون میں سقم میں کی وجہ سے ایسے لوگوں کو فائدہ مل جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وکیل نے گھٹیا حرکت کی لیکن بار ایسوسی ایشن نے ان کا ساتھ دیا۔ بار ایسوسی ایشن کو وکیل کا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔ ترجمان نے بتایا کہ خاتون کانسٹیبل نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گی۔