میزائل تجربہ جنوبی کوریا کو ”سنجیدہ تنبیہ“ ہے، شمالی کوریا کی دھمکی

پیانگ یانگ(ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے حالیہ میزائل تجربے کو جنوبی کوریا کے لیے ایک ’سنجیدہ وارننگ‘ قرار دیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے جدید اور خطرناک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس کی نگرانی مملکت کے سربراہ کم جونگ اُن نے خود کی اور جنوبی کوریا کو مخاطب کرتے ہوئے دھمکی دی کہ یہ میزائل تجربہ ایک سنجیدہ انتباہ ہے۔سربراہ شمالی کوریا نے مزید کہا کہ نیا میزائل تجربہ جنوبی کوریا کی بڑھتی ہوئی اسلحہ سازی اور امریکا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کے تناظر میں کیا گیا ہے اور اسے جنگی عزائم سے باز رہنے کے لیے ایک تنبیہ بھی ہے۔دوسری جانب جنوبی کوریا نے اس حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا تاہم اسلحے کی تیاری اور امریکا کے ساتھ فوجی مشقوں کو اپنا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جارحیت پسندوں سے دفاع کے لیے ایسا کرنا ملکی سلامتی کے لیے اشد ضروری ہے۔ادھر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کم جونگ اُن کی دھمکی کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک بار پھر امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی امید ظاہر کی ہے جو کہ ویتنام میں دونوں ممالک کے سربراہان کی بے نتیجہ ملاقات کے بعد سے تعطل کا شکار ہیں۔

حکومت گستاخانہ مواد والی سماجی رابطے کی ویب سائٹ بلاک کردے: چیئرمین پی ٹی اے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین نے حکومت کو گستاخانہ مواد والی سماجی رابطے کی ویب سائٹ بلاک کرنے کی تجویز دے دی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے عظیم باجوہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد بہت بڑا مسئلہ ہے، سوشل میڈیا پر جعلی ناموں سے بھی اکاﺅنٹ چلائے جارہے ہیں، زیادہ ویب سائٹس بیرون ممالک سے آپریٹ ہورہی ہیں۔چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ حکومت پالیسی بناکر چین اور یو اے ای کی طرح سماجی رابطے کی ویب سائٹ کو بلاک کردے، حکومت پالیسی بنائے اور مقامی سطح پر متبادل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ بنائی جائیں، بصورت دیگر پی ٹی اے کی تکیینکی صلاحیت کو بڑھائیں۔عظیم باجوہ کا کہنا تھا کہ 2010 سے لےکر اب تک 39 ہزار سے زائد لنکس کو بلاک کیا جاچکا ہے، لوگوں میں آگہی پیدا کرنے کے اشتہار دیتے ہیں کہ توہین آمیز مواد جرم ہے۔چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ بچوں کی پورنوگرافی میں پاکستان کے نمبر ون ہونےکی غلط فہمیاں ہیں، 2015 میں ایک بین الاقوامی اخبار نے رپورٹ کیا کہ پاکستان بچوں کی پورنوگرافی میں نمبر ون ہے، بین الاقوامی اخبار کی اس خبر میں دیے گئے اعداد و شمار غلط تھے، پاکستان میں یقیناً چائلڈ پورنوگرافی ہے لیکن پاکستان چائلڈ پورنوگرافی میں پہلے نمبر پر نہیں، ہم نے پورنوگرافی سے متعلق ساڑھے 8 لاکھ ویب سائٹس بلاک کی ہیں۔چیئرمین نے مزید بتایا کہ گستاخانہ مواد سے متعلق ہمیں عوام کی ساڑھے 8 ہزار شکایات موصول ہوئیں، گستاخانہ مواد کی 40 ہزار ویب سائٹس بلاک کیں، ڈارک ویب پاکستان میں موجود ہے لیکن اس کو کنٹرول کرنا آسان نہیں، ڈارک ویب کے ذریعے پراکسی کے بلاک ویب سائٹس کھول دی جاتی ہیں۔عظیم باجوہ نےکہا کہ حکومت نے ہمیں سوشل میڈیا رولز بنانے کے احکامات دیے ہیں، پی ٹی اے سوشل میڈیا کے رولز تیار کر رہا ہے جسے جلد پیش کریں گے۔ایف آئی اے حکام نے کمیٹی کو اپنی بریفنگ میں بتایا کہ سائبر کرائمز کے حوالے سے 3 سال میں 32 ہزار شکایات موصول ہوئیں، ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کے پاس صرف 15 تفتیشی اہلکار ہیں، پنجاب سے 15 اور اسلام آباد سے4 کیسز میں ملوث افراد کو گستاخانہ مواد پر گرفتار کیا گیا، گستاخانہ مواد کے 12 کیسز کی تفتیش ہو رہی ہے۔

سونے سے پہلے نہانا کتنا نقصان دہ؟

لاہور (ویب ڈیسک)عام طور پر پاکستانی افراد گرمیوں کے موسم میں سونے سے پہلے نہانے کو ترجیح دیتے ہیں، کیوں کہ ایسا کرنے والے افراد کے مطابق اس عمل سے گرمی میں کچھ کمی ہوتی ہے۔اور اب ایک تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ سونے سے قبل نہانے سے جسم کی گرمی کم ہوتی ہے، جس سے پر سکون نیند کی جا سکتی ہے۔امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطانق سونے سے 90 منٹ یعنی ڈیڑھ گھنٹہ نیم گرم پانی سے نہانا نیند کےلیے بہتر ہے۔سائنس جرنل ’سلیپ میڈیسن ریویو‘ میں شائع تحقیق کے مطابق جن افراد کو رات کو سونے میں مشکلات پیش آتی ہیں، انہیں بستر پر جانے سے 90 منٹ قبل نہانا چاہیے۔امریکی ’یونیورسٹی آف ٹیکسس‘ کے ماہرین نے 5 ہزار 322 کیسز کا جائزہ لیا، جن میں سونے سے پہلے نہانے اور نہ نہانے والے کیسز شامل تھے۔ماہرین نے کئی ماہ تک کیسز کا جائزہ لے کر ان کے نتائج اخذ کیے، جن سے ثابت ہوا کہ گرمیوں یا سردیوں میں سونے سے 90 منٹ قبل نیم گرم پانی سے نہانے والے افراد کو پر سکون نیند آتی ہے۔ماہرین کے مطابق نتائج سے پتہ چلا کہ اگرچہ عام پانی سے نہانے والے افراد کو بھی اچھے طریقے سے نیند آئی، تاہم نیم گرم پانی سے نہانے والے افراد کے جسم کی حرارت کنٹرول میں رہی اور انہیں پرسکون نیند آئی۔ماہرین نے تجویز دی کہ ہر بالغ مرد و خاتون کو سونے کے لیے بستر پر جانے سے 90 منٹ یا کم سے کم ایک گھنٹہ قبل ٹھیک طرح سے نیم گرم پانی سے نہانا چاہیے۔ماہرین نے کہا کہ اچھے نتائج کے لیے لوگوں کو باتھ ٹب میں نہانا چاہیے، تاہم شاور سے نہانے سے بھی بہتر نتائج ملتے ہیں۔ماہرین نے رپورٹ میں یہ نہیں بتایا کہ اگر ٹھنڈے پانی سے نہایا جائے تو اس کے انسانی جسم یا نیند پر کیا اثرات پڑتے ہیں، تاہم مجموعی طور پر ماہرین نے انسانوں کو تجویز دی کہ سونے سے قبل نہایا جائے۔

16 سال بعد سزائے موت بحال

واشنگٹن (ویب ڈیسک)امریکی حکومت نے 16 سال بعد ایک بار پھر سزائے موت کا قانون بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جس کے بعد رواں برس کے اختتام پر 5 ملزمان کو سزائے موت دیئے جانے کا امکان ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل ولیم بار نے جیل انتظامیہ کو سزائے موت پر عمل درآمد کے لیے انتظامات کو مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں برس کے اختتام پر 5 ملزمان کو سزائے موت دی جائے گی۔اٹارنی جنرل نے مزید بتایا کہ سزائے موت پانے والے ملزمان قتل اور بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی میں ملوث ہیں جو کہ امریکی معاشرے میں ناقابل معافی جرم ہیں، ایسے ملزمان کو پھانسی کی سزا کا فیصلہ زیادتی کا شکار ہونے والوں اور ان کے اہل خانہ کی داد رسی کے لیے کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ امریکا میں سزائے موت کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے اس پر عمل درآمد 2003 سے معطلی کا شکار ہے تاہم سزا کی بحالی کے بعد رواں برس کے اختتام تک 5 ملزمان اپنے منطقی انجام تک پہنچ جائیں گے۔

‘فواد عالم کے پاس پرچی نہیں ہے’

لاہور (ویب ڈیسک)نوجوان ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم ان بدقسمت کھلاڑیوں میں صف اول ہیں جنہیں گزشتہ کچھ سالوں میں تواتر کے ساتھ عمدہ کارکردگی دکھانے کے باوجود بھی قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔مستقل کارکردگی کے باوجود بائیں ہاتھ کے بلے باز کو ٹیم کا حصہ نہ بنانے پر کئی مواقعوں پر شائقین کرکٹ اور سابق کرکٹرز کی جانب سے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا لیکن تمام سلیکٹرز کی جانب سے انہیں نظرانداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔فواد عالم کو ٹیم سے مستقل نظر انداز کیے جانے پر سوشل میڈیا پر شائقین نے فواد عالم کے حق میں ٹوئٹ کرتے ہوئے فواد عالم ایکسپوزڈ(fawadalamexposed) کے نام سے ہیش ٹیگ بنایا۔ابتدائی طور پر ٹرینڈ کو دیکھ کر ایسا لگا کہ شاید فواد عالم کا بھی کوئی اسکینڈل منظر عام پر آ گیا ہے تاہم چند ٹوئٹس کے بعد ہی یہ بات واضح ہو گئی کہ ٹیسٹ کرکٹر کے مداحوں نے اپنے پسندیدہ کرکٹر کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو اجاگر کرنے کے لیے اس طرح سے ٹرینڈ بنایا۔شائقین کرکٹ کا ماننا ہے کہ فواد عالم کو سیاست کی نذر کردیا گیا اور بہترین کارکردگی کے باوجود بھی انہیں مستقل نظرانداز کرتے ہوئے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔جہاں کچھ لوگوں نے فواد کو ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تو وہیں چند نے ان کا چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق سے موازنہ بھی کیا۔حمزہ خان نے لکھا کہ فواد عالم ایک بہترین کھلاڑی ہیں لیکن انہیں نظرانداز کیا گیا، وہ قومی ٹیم میں جگہ پانے کے مستحق ہیں۔کچھ ٹوئٹر صارفین نے فواد کے اعدادوشمار شیئر کیے تو چند نے دلچسپ تبصروں اور تصاویر کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔علی اکبر نے لکھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں 41 اور ون ڈے میں 40 کی اوسط سے لیکن اس لڑکے کے پاس پرچی نہیں۔عامر بنگش نے تبصرہ کیا کہ اب تک فواد عالم فرسٹ کلاس کرکٹ میں 10ہزار 172 رنز بنا چکے ہیں لیکن حیران کن طور پر پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی کسی بھی کیٹیگری میں ان کی جگہ نہیں بنتی۔واضح رہے کہ اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر 168رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے فواد عالم کئی سالوں سے ڈومیسٹک کرکٹ میں تواتر سے رنز کرتے آ رہے ہیں لیکن اس کے باوجود سلیکٹرز کی جانب سے انہیں بغیر کسی وجہ کے نظرانداز کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔اب چیف سلیکٹر انضمام الحق مزید یہ ذمے داری نبھانے سے معذوری ظاہر کر چکے ہیں تو امید ہے کہ نئے چیف سلیکٹر اس نوجوان کرکٹر کے زخموں کا مداوا کرتے ہوئے انہیں ٹیم کا حصہ بنائیں گے۔

پاکستان میں عیدالاضحیٰ 12 اگست کو ہونے کا امکان

کراچی(ویب ڈیسک) ذی الحجہ 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعہ 2 اگست کو طلب کرلیا گیا جبکہ عیدالاضحی 12 اگست بروزپیر کو ہونے کا امکان ہے۔ذی الحجہ 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت ہوگا جبکہ صوبائی کمیٹیوں کے اجلاس لاہور،پشاور ،کوئٹہ اورکراچی میں ہوں گے۔یکم ذی الحجہ ہفتہ 3 اگست جبکہ عیدالاضحٰی پیر 12 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔وزارت سائنس وٹیکنالوجی کی آفیشل ویب سائٹ مون سائٹنگ پاکستان پربھی عیدالاضحی 12 اگست کوہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم چاندکی رویت اورعیدالاضحٰی کا حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کریں گے۔’

محمد عامر کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاہور (ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تاہم وہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں محمد عامر نے کہا کہ ’کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز تھا‘۔انہوں نے کہا کہ ’میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرسکوں‘۔محمد عامر نے کہا کہ ’میرا اصل مقصد قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے اور مستقبل میں مختلف میچز اور آئندہ برس آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنا بہترین کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’وہ کچھ عرصے سے ریٹائرمنٹ سے متعلق سوچ رہے تھے لیکن ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آسان نہیں تھا‘۔محمد عامر نے کہا کہ ’آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ قریب ہے اور پاکستان میں بہترین نوجوان فاسٹ باﺅلرز موجود ہیں اس لیے بہتر ہے کہ میں ریٹائر ہوجاو¿ں تاکہ سلیکٹرز انہیں قومی ٹیم میں جگہ دے سکیں‘۔انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ٹیم کے تمام ساتھی کھلاڑیوں اور مخالفین کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ایک اعزاز تھا۔فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ہم اسی عزم اور حوصلے کے ساتھ محدود دورانیے کی کرکٹ بھی کھیلتے رہیں گے۔محمد عامر نے کہا کہ ’مجھے اپنے سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع فراہم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں‘۔ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے تمام کوچز کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے کیرئیر کے مختلف مراحل میں رہنمائی کی۔محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف میچ سے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 36 ٹیسٹ میچز میں 30.47 اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے اپریل 2017 میں کنگسٹن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرکے بہترین پرفارمنس دکھائی تھی۔ٹیسٹ کرکٹ سے محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر پی سی بی کے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کہا کہ ’عامر کا شمار ٹیسٹ کرکٹ میں موجودہ دور کے بہترین فاسٹ باﺅرز میں ہوتا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’بطور نوجوان کرکٹر محمد عامر نے مشکلات پر قابو پایا اور نہ صرف ایک کرکٹر بلکہ ایک بہتر انسان بھی بنے‘۔ایم ڈی پی سی بی نے کہا کہ۔قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میدان اور ڈریسنگ روم میں ان کی کمی محسوس کریں گے‘۔محمد وسیم نے کہا کہ ’ ہم محمد عامر کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور امید ہے وہ کرکٹ کے دیگر فارمیٹ میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے‘۔

لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بند ہونے والی سڑکیں کھول دی گئیں

مانسہرہ(ویب ڈیسک) شاہراہ کاغان پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر میاں بیوی جاں بحق ہوگئے جب کہ علاقے میں بند ہونے والی سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کا تعلق لیہ سے ہے جن کی لاشوں کو آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے مطابق گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے سے 8 مقامات پر خطرناک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث شاہراہ کاغان کو بند کردیا گیا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کاسامنا ہے لیکن بھاری مشینری سے پہاڑی تودے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، سیاح بابو سرٹاپ سے براستہ چلاس، کوہستان سے واپس جاسکتے ہیں۔دوسری جانب این ایچ اے حکام نے بتایا کہ شاہراہ کاغان پر جل کھڈ کے مقام پر لینڈسلائیڈنگ کے بعد رکاوٹیں دور کرکے سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔این ایچ اے کے مطابق ناران سے بابو سرٹاپ تک رکاوٹیں ہٹادی گئی ہیں اور متاثرہ مقام سے تقریباً ایک ہزار گاڑیوں کا انخلاءہوچکاہے جب کہ آئندہ چند گھنٹوں تک تمام گاڑیوں کا انخلاءمکمل ہوجائیگا۔جل کھڈ اوربڑوائی کے درمیان گزشتہ روزلینڈسلائیڈنگ سے شاہراہ کاغان بند ہوگئی تھی۔ادھر دیربالا میں مسلسل بارش اور آسمانی بجلی کے بعد ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی ہے۔دیربالا کے تحصیل ناظم ملک تاجیر نے بتایا کہ کمراٹ ویلی میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں متعدد مکانات شدید متاثر ہیں جب کہ کچھ متاثرہ علاقوں میں مکان اور گاڑی ریلے میں ہی بہہ گئے۔انہوں نے بتایا کہ سیلابی ریلے سے کمراٹ کی مرکزی سڑک پر آمدو رفت بند ہوگئی ہے جسے کھولنے کے لیے مشینری پہنچادی گئی ہے۔کمراٹ میں بھی سیلابی ریلے کے باعث سیاح پھنسے ہوئے ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کمراٹ میں سڑک کھولنے اور سیاحوں کو نکالنے کے لیے امدادی کام جاری ہے۔c

سڑک کی رگڑ سے بجلی بنانے والے ٹائر

ٹوکیو(ویب ڈیسک) گاڑیوں کی ہر شے جدید سے جدید تر ہوتی جاری ہے لیکن کاروں کے ٹائروں میں کوئی جدت نہیں دیکھی جاسکی۔ لیکن اب جاپان کی ایک کمپنی نے کہا ہے کہ ٹائروں میں معمولی تبدیلی سے انہیں معمولی مقدار میں بجلی پیدا کرنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔اس سے قبل گڈ ایئر ٹائر کمپنی نے 2015 میں ٹائر کی روڈ سے رگڑ پر بجلی پیدا کرنے کا تصور پیش کیا تھا۔ اب اس خیال کو ایک حد تک عملی صورت سومیتومو کمپنی نے دی ہے۔ سومیتومو نے جاپان کی کینسائی یونیورسٹی کے تعاون سے اس کام کو آگے بڑھایاہے۔ اس میں ٹائر کے اندر ایک چھوٹا سا آلہ لگایا جاتا ہے جو بجلی جمع کرتا رہتا ہے۔بجلی بنانے والے جنریٹر میں ربڑ کی دو تہیں لگائی گئی ہیں جس کے اندر الیکٹروڈ چھپے ہیں۔ اس میں منفی چارج والی پرت اور مثبت چارج والی پرتیں موجود ہیں۔ جیسے ہی ٹائر سڑک سے رگڑتے ہوئے چلتا ہے وہ ایک قسم کی برقی قوت پیدا کرتا ہے جسے برقِ سکونی (الیکٹرواسٹیٹک الیکٹرسٹی) کہا جاتا ہے۔اس طرح ٹائر رگڑ کی قوت سے بجلی پیدا کرتا ہے۔ اگرچہ اس سے بننے والی بجلی کی مقدار معمولی ہوتی ہے لیکن اس سے کئی چھوٹے آلات کو چلایا جاسکتا ہے۔ ان میں کار ریڈیو، ڈیش بورڈ کی روشنیاں یا دیگر سینسر ہوسکتے ہیں۔ اس سے قبل ٹائروں سے بجلی بنانے کے کئی منصوبوں پر کام ہوتا رہا ہے جس پر یونیورسٹی آف وسکانسن کے ماہرین نے بھی تحقیق کی ہے۔ یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک کھلونا جیپ کے ٹائروں سے بجلی بنانے کا عملی مظاہرہ کیا تھا۔سومیتومو ٹائر نے اس منصوبے کی کوئی تفصیل نہیں دی ہے اور نہ ہی یہ بتایا ہے کہ یہ مارکیٹ میں کب پیش کی جائے گی۔ لیکن کمپنی نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر ٹائر کی بجلی سے اس کے پریشر ناپنے والے سینسر چلانے کا تجربہ کیا جائے گا۔ اس کے بعد پورے نظام کو مزید بہتر بناکر دیگر آلات کے لیے بھی بجلی کی فراہمی ممکن ہوگی۔

چین کا مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم

بیجنگ(ویب ڈیسک) چین نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالث بننے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے۔چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونائینگ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بشمول امریکا مذاکرات کے ذریعے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر سمیت دیگر متنازع معاملات کا بات چیت کے ذریعے حل تلاش کر لیں گے جس سے جنوبی ایشیا میں کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی اور ان کے بقول ثالثی بننے کی درخواست بھارتی وزیراعظم مودی نے کی تھی۔