پاکستان افغان امن عمل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، اعلامیہ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) چین، روس اور امریکہ نے ایک مشترکہ اعلامیے میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایک مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے بات چیت کا عمل افغانوں پر مشتمل ہونا چاہیے۔اس اعلامیے میں قیام امن کے لیے حکومت اور افغان عوام کے درمیان مذاکرات کے فوری آغاز پر بھی زور دیا گیا ہے۔بیجنگ میں افغان امن عمل کے حوالے سے 10 اور 11 جولائی کو اجلاس ہوا جس میں پاکستان، چین ، روس اور امریکی حکام نے شرکت کی۔چاروں ممالک نے افغانستان میں قیام امن کے لیے جاری کوششوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور چار ملکی افغان عمل میں پاکستان کی شمولیت کو سراہا گیا۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا اس بات پر دو رائے نہیں کہ پاکستان افغان امن عمل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔اجلاس میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے لیے کی جانے والی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان پرامن معاہدے کا ایسا بنیادی ڈھانچہ جلدازجلد تیار کیا جائے گا جو افغان عوام کو قابل قبول ہو۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام ممالک افغانستان میں سیز فائر کے لیے مزید اقدامات اٹھائیں گے اور اس سلسلے میں مذاکراتی دور بھی ہوں گے۔چاروں ممالک کے مشترکہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹرا افغان مذاکرات شروع ہوتے ہی دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی اس عمل میں شامل کرنے پر غور ہوگا۔

یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال

سری نگر(ویب ڈیسک)مقبوضہ وادی آٹھ دہائیوں سے شہیدوں کے لہو کی گواہ ہے، تیرہ جولائی انیس سو اکتیس کو بائیس افراد کی شہادت کے خلاف آج یوم شہدا کشمیر منایا جا رہا ہے۔ مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔تیرہ جولائی انیس سو اکتیس کشمیری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ بائیس نہتے کشمیری ڈوگرہ راج کی سفاکی کا نشانہ بنے،اٹھاسی سال پہلے بہنے والا کشمیریوں کا کیے جانے والا ناحق خون آج بھی تروتازہ ہے،حریت پسند جاں بازوں کی یاد میں یوم شہدائے کشمیر منایا جارہا ہے۔مرد مجاہد عبدالقدیر خان کے دیدار کے لیے مظلوم کشمیری سری نگر جیل کے باہر جمع تھے جہاں سے عبدالقدیر خان کو عدالت لے جایا جانا تھا، اس دوران نماز ظہر کا وقت ہوگیا اور کشمیری مظاہرین کو نماز ادا کرنے کی اجازت بھی نہ ملی۔ایسے میں ایک کشمیری اذان کے لیے اٹھا تو ڈوگرہ مہاراجہ کے سپاہی نے گولیوں کی بوچھاڑ کردی یکے بعد دیگرے اکیس جانوں کا نذرانہ دے کر حریت پسندوں نے آذان مکمل کی خون کی اس ہولی کے خلاف کشمیری ہر سال یوم شہدا مناتے ہیں۔

رومانوی کامیڈی فلم ”ہیرمان جا“ کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی مقبول

لاہور(ویب ڈیسک) حریم فاروق اورعلی رحمان کی نئی رومانوی کامیڈی فلم ”ہیر مان جا“ کا ٹریلر شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ہدایت کار اظفر جعفری کی رومانوی کامیڈی فلم”ہیرمان جا“ میں ٹی وی اور فلم کی معروف جوڑی علی رحمان اور حریم فاروق نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔ ڈسٹری بیوشن کلب نے خوشیوں کے تہوار عیدالاضحی کے موقع پر پاکستانی فلموں کے شائقین کے لیے انٹرٹینمنٹ کی رولر کوسٹر رائیڈ ”ہیر مان جا“ کی نمائش کا اہتمام کیا ہے۔”ہیر مان جا“ کا ٹریلر گزشتہ روزسوشل میڈیا کے ساتھ ملک کے تمام سنیماﺅں میں ریلیز کردیا گیا ہے جسے فلمی حلقوں کے ساتھ ساتھ شائقین نے بھی خوب سراہا ہے۔ یوٹیوب پر ٹریلر کو 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 9 لاکھ لوگ دیکھ چکے ہیں جب کہ صارفین کی جانب سے ٹریلر کی بے حد تعریف بھی کی جارہی ہے۔آئی آر کے بینر تلے بننے والی فلم ”ہیر مان جا“ اس کامیاب ٹیم کی نئی پیشکش ہے جو اس سے قبل ”جانان“ اور”پرچی“ جیسی فلمیں بنا چکے ہیں، جبکہ فلم کی مرکزی کاسٹ علی رحمان خان اور حریم فاروق کی جوڑی اس سے قبل بھی کئی ڈراموں اورفلم ”پرچی“ میں جلوے دکھا چکی ہے، یہی وجہ ہے کہ فلمی حلقوں کو فلم کا شدت سے انتظار ہے۔فلم کی کہانی نوجوان نسل کو درپیش حالات اور مسائل کو مد نظر رکھ کر لکھی گئی ہے جبکہ معروف فنکار میکال ذوالفقار، آمنہ شیخ، شیزعلی خان، عابد علی اور احمد علی اکبر نے مہمان کرداروں میں جلوہ گر ہوکر فلم کی رونق کو چارچاند لگادئیے ہیں۔ رومینٹک اور کامیڈی سے بھرپور فلم عیدالاضحی پرنمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

مریم نواز ن لیگ کیلئے پورس کی ہتھنی ثابت ہونگی، شیخ رشید

لاہور(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز نے مسلم لیگ ن کو تباہ کیا ہے وہ اپنی جماعت کے لیے پورس کی ہتھنی ثابت ہونگی۔شیخ رشید احمد نے یہ بات لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کی۔ انہوں نے یہ دعوی بھی کیا کہ ناصر جنجوعہ کبھی ان کے حق میں بیان نہیں دیں گے ، ناصر بٹ اورناصرجنجوعہ یہ لوگ کبھی حلفیہ بیان نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان منی ٹریل نہیں دے سکتا ،جو جتنا چیخ رہاہے اتنا بڑا کیس اس کے کندھے سے لٹک رہاہے۔ فیصلہ ریورس بھی ہوا تو نوازشریف کو دوسرے میں سزا ہو جائے گی۔ میں عدلیہ کو ملکی جمہوریت کا ضامن سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کوئی یہ سمجھ رہا عدلیہ ،فواج کو الزام دے کر یہ ٹارزن بننے جارہے ہیں ،یاد رکھیں چور مچائے شور کی فلم 90دن میں انجام کو پہنچ جائے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ حالات تیزی سے بڑی عجیب جانب جارہے ہیں ،جو پیسے دینے کو تیار ہے ہم مذاکرات کیلیے تیار ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کا مزاج ایک جیساہے۔شیخ رشید احمد نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ صادق سنجرانی کو جیتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے یہ دعوی بھی کیا کہ ایک بادشاہ نے نواز شریف کو چھوڑنے کے لیے عمران خان سے بات کی لیکن انہوں نے یہ بات نہیں مانی۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ریلوے حادثات کے ذمہ داران کو ایک ماہ کے اندر سزا دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عوام کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا ریلوے کا حق ہے۔انہوں نے ریلوے حادثات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ٹرین کے افسوس ناک حادثات ہوئے ہیں۔ کھلے پھاٹک کے باعث کئی ٹرینوں کی ڈی ریلمنٹ ہوئی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈرائیورز اور اسٹیشن ماسٹرز کی کمی کو پورا کررہے ہیں،ریلوے بڑا نیٹ ورک ہے،ریلوے نے اس سال 7لاکھ مسافر زیادہ اٹھائے ہیں۔ان افراد میں وہ لوگ شامل ہیں جو جہاز میں سفر نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ میانوالی ایکسپریس لاہور سے19جولائی کو چلانے جارہے ہیں،ہم نے 10اےسی کوچز لاہور سے کراچی اسٹینڈ بائی کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ریلو ے کا خسارہ 5 بلین روپے کم کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت 136مسافر ٹرینیں اور 55 فریٹ ٹرینیں ٹریک پر ہیں،جو ٹرینیں ہم نے چلائیں ہیں وہ ضرورت کے تحت ہیں،ریلوے کااصل مسئلہ سکھر ڈویژن میں ہے، کوئی افسرسکھرجانا نہیں چاہتا۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ نئی کوچز خریدنے کا فیصلہ کیاہے مگرنیب سے لوگ ڈرتے ہیں اس لیے فیصلہ نہیں کرتے ،ریلوے میں 1122طرز کی سیفٹی لیول اور لوکو موٹو میں کیمرے لگانے کا فیصلہ بھی کیاہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ حادثات سے بچنا صرف ریلوے ٹریک کی تبدیلی کی وجہ سے ہی ممکن ہے۔وزارت ریلوے کی طرف سے جلد ٹریک کی تبدیلی اور سگنلز کی تبدیلی کا بھی ٹینڈر کھول دیا جائے گا۔ ایم ایل ون میں نواب شاہ روہڑی کا ٹریک ٹھیک کرنا ہے۔

نواز لیگ ہر قیمت پر سیاسی تصادم چاہتی ہے:وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری

لاہور(ویب ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری کی مختلف وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز لیگ ہر قیمت پر سیاسی تصادم چاہتی ہے۔ تانے بانے ملنے شروع ہو گئے،سازشیں سامنے آ رہی ہیں ۔ شریف فیملی اپنے بچھائے ہوئے جال میں خود ہی پھنس رہی ہے۔ کڑیوں سے کڑیاں مل رہی ہیں، کئی چہرے بے نقاب ہوں گے۔ مریم بی بی خود ہی مدعی اور خود ہی منصف بننا چاہتی ہیں۔ الزامات لگانے والوں کو سچ سننے کا حوصلہ بھی رکھنا چاہیے۔ ہر معاملے میں حکومت کو شامل کرنا طے شدہ منصوبہ ہے۔نواز لیگ سیاسی مقاصد کیلئے تاجروں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔تاجر برادری سے پہلے بھی مذاکرات کیے،ا ب بھی تیار ہیں۔ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرنا ضروری تھے۔ عمران خان ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔

بالی ووڈ خانز فلم انڈسٹری پرمزید راج کرنے کے خواہشمند

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے اپنی شاہ رخ اور عامر خان کی مقبولیت میں کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تینوں خانز ابھی مزید کچھ سال تک بالی ووڈ پر راج کرنے کے خواہشمند ہیں۔گزشتہ کئی دہائیوں سےبالی ووڈ خانزبھارتی فلم انڈسٹری پر راج کررہے ہیں۔ اس عرصے میں کئی اداکار آئے اور چلے گئے لیکن سلمان، شاہ رخ اورعامر خان جیسی مقبولیت کوئی حاصل نہ کرسکا۔ تاہم پچھلے کچھ عرصے میں تینوں خانز اپنی فلموں سے شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہے ہیں۔سلمان خان کی فلم ”ریس3“، شاہ رخ کی ”زیرو“ اور عامر خان کی ”ٹھگ آف ہندوستان“ باکس آفس پر کمال نہ دکھاسکیں۔ ان فلموں کی ناکامی کے بعد کہا جانے لگاتھا کہ بالی ووڈ میں خانز کا جادو اب ختم ہوگیا ہے۔حال ہی میں بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے فلم انڈسٹری پر اپنی کم ہوتی مقبولیت پر بات کرتے ہوئے کہا شہرت اور مقبولیت ایک دن آہستہ آہستہ دھندلا کر ختم ہوجاتی ہے، لیکن اسے ایک لمبے عرصے تک برقرار رکھنا اصل کام ہے اور مجھے لگتا ہے کہ میں، شاہ رخ، عامر، اکشے اور اجے ہی ہیں جو اپنے اسٹارڈم کو لمبے عرصے تک برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔سلمان خان نے کہا ہم نے نا صرف اپنی مقبولیت کوبرقرار رکھا بلکہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اس مقبولیت کو مزید کچھ سال اور برقرار رکھیں۔ سلومیاں نے اپنی شاہ رخ اور عامر کی فلموں کی ناکامی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا اگر ہماری فلمیں نا چلنے سے باکس آفس کی کمائی میں 8 یا 10 فیصد کمی آئی ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارا زوال کا دور شروع ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ سلمان خان نے ”ریس3“ کی ناکامی کا غم فلم ”بھارت“ کی کامیابی سے بھلادیا اور وہ اس وقت بھی کئی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جن میں ”دبنگ3“ اور سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ”انشااللہ“ شامل ہیں، ان دونوں فلموں کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔

اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے

لاہور(ویب ڈیسک)موجودہ حکومت کے پہلے بجٹ کے بعد ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے بے قابو مہنگائی کے غریب عوام پر وار جاری ہیں،چینی کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیاہے۔ذرائع سے گفتگو کے دوران لاہورکے شہری پھٹ پڑے، کہا ہر چیز قوت خرید سے باہر ہو چکی ہے۔ جنرل سیلز ٹیکس نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو پر لگا دیے ہیں گھی اور کوکنگ آئل کے نرخ بھی دس سے بیس روپے تک بڑھ گئے ہیں۔ مارکیٹ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ درجہ اول کا گھی دو سو سے بڑھ کر دو سو بیس اور درجہ دوم کا ریٹ ایک سو پچانوے سے دو سو دس تک پہنچ گیا ہے، مہنگائی سے پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ذرائع نے دکانداروں سے بات کو تو انکا کہنا تھا کہ نئے ٹیکسز کے بعد چیزوں کی قیمتیں بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت نے جینا محال کردیاہے، حکومت کو چاہئیے کہ غریب عوام کے منہ سے نوالہ نہ چھینے اور اپنے کیے ہوئے وعدے پورے کرے۔واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے رواں سال جون میں پیش کیے جانے والے بجٹ میں چینی کی قیمت پونے چار روپے بڑھانے کا اعلان کیا تھا مگر مختلف شہروں میں چینی کی قیمت میں لگ بھگ بیس سے پچیس روپے اضافہ ہوچکاہے۔صرف شہری ہی نہیں بلکہ تاجراور دکاندار بھی یہ مطالبہ کرتے نظر آتے ہیں کہ حکام ریلیف فراہم کرے وعدوں کی تکمیل فوری یقینی بنائے۔

ورلڈکپ پاک بھارت میچ کی گیند 2 ہزار150 ڈالرز میں فروخت

لندن(ویب ڈیسک) ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین 16جون کو کھیلے جانے والے میچ میں استعمال ہونے والی گیند 2 ہزار 150 ڈالر میں فروخت ہوگئی۔یادگاری اشیاءفروخت کرنے والی ویب سائیٹ کے مطابق روایتی حریفوں کے مقابلے میں ٹاس کیلیے استعمال کیا جانے والا سکہ ایک ہزار 450ڈالر میں خریدا گیا ہے جب کہ اسکور شیٹ ایک ہزار ایک سو ڈالر میں فروخت ہوئی ہے۔یاد رہے ورلڈکپ کے لیگ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 89رنز سے شکست دی تھی۔ دریں اثنا بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین سیمی فائنل میں استعمال ہونے والی گیند کی قیمت 850ڈالر میں دستیاب ہے،اسکور شیٹ 400اور ٹاس کا سکہ 350میں بیچا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ کی تباہی کے ذمہ دار مکی آرتھر قرار

لاہور(ویب ڈیسک) عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ کی تباہی کا ذمہ دار مکی آرتھر کو قرار دیدیا۔پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ”کرکٹ کارنر ود سلیم خالق“ میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر نے کہا کہ مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ تباہ کردی،ہیڈ کوچ نے احمد شہزاد، سمیع اسلم، سلمان بٹ، عمراکمل اور سہیل خان سمیت کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا، یہ کرکٹرز کارکردگی اچھی اور تجربہ کار ہونے کی وجہ سے پاکستانی فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے تھے۔ اگر ان میں سے کسی کے نظم و ضبط کے حوالے سے مسائل بھی تھے تو پی سی بی کی ذمہ داری تھی کہ ان پر قابو پانے کیلیے طریقہ کار اپناتا تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات نہ ہوں۔ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے باوجود پی سی بی کی جانب سے تسلسل کے ساتھ پریس کانفرنسز کے انعقاد پر انھوں نے کہا کہ بڑا عجیب رویہ دیکھنے میں آیا، ابتدا میں ناکامیوں کے بعد ا?خری 4 میچز جیت کر اس کو بڑی کامیابی ثابت کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے،یہ فتوحات بھی جس انداز میں ہوئیں ان میں فخر کرنے والی کوئی بات نہیں، پاکستان نے مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کو ہرایا، اففانستان کیخلاف گرتے پڑتے قوم کی دعاﺅں کے ساتھ فتح حاصل ہوئی۔سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ ورلڈکپ کیلیے پاکستان کی تیاریوں کا یہ عالم تھا کہ آغاز سے قبل ہمارا کمبی نیشن ہی حتمی نہیں تھا،محمد عامر اور وہاب ریاض کی آخر میں شمولیت سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کا کوئی پلان ہی نہیں تھا،حیران کن بات نہیں کہ دونوں نے بعد ازاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انھوں نے کہا کہ مستقبل میں بہتری کیلیے سارے کوچنگ اسٹاف کو ہی تبدیل کردینے کی ضرورت ہے لیکن سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانا درست نہیں ہوگا،وہ ایک فائٹر کپتان اور ماضی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں،انڈر 19سطح سے قومی ٹیم تک آنے والے کرکٹر کے کریڈٹ پر چیمپئنز ٹرافی بھی ہے،صرف ایک خراب کارکردگی کی بنیاد پر ان سے کپتانی چھین لینا غلط فیصلہ ہوگا۔بورڈ حکام کا احتساب ہونا چاہیے سبحان کی اب کوئی ضرورت نہیں رہی عبدالقادر کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں 15یا 20سال سے براجمان عہدیداروں کا بھی احتساب ہونا چاہیے،انھوں نے کہا کہ ایک عرصے سے چند افراد بورڈ میں مختلف ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں،ان سے سوال ہونا چاہیے کہ اس دوران انھوں نے کیا کارنامہ سرانجام دیا، چیئرمین پی سی بی تمام معاملات ایم ڈی وسیم خان کو سپرد کرکے اپنی ذمہ داریوں سے جان نہیں چھڑا سکتے، بورڈ کا سربراہ ہونے کے ناطے ان کو بھی جوابدہ ہونا ہوگا، پی سی بی میں بغیر کام کیے تنخواہیں وصول کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے،ایم ڈی کی تقرری کے بعد چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی بھی کوئی ضرورت نہیں رہی۔ورلڈ کپ؛ عبدالقادر نے انضمام الحق کے دورئہ انگلینڈ پر سوال اٹھا دیا۔عبدالقادر نے انضمام الحق کے دورئہ انگلینڈ پر بھی سوال اٹھا دیا، سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ان کو کھلی چھوٹ کیوں دی، چیف سلیکٹر کا کام ٹورنامنٹ سے قبل اسکواڈ کا انتخاب کرنا ہے ٹور سلیکشن کمیٹی میں ان کی کوئی مداخلت نہیں ہونا چاہیے، انھوں نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد اور ہیڈکوچ مکی آرتھر بھی انضمام الحق کی انگلینڈ میں موجودگی سے خوش نہیں تھے،بہتر ہوتا کہ پی سی بی ان کو روک کر ایک طرف کردیتا۔

ایسا پھل جو ہر عام وخاص کیلئے مفت دستیاب ہے

قلات(ویب ڈیسک)قلات میں کثرت سے کاشت کیا جانے والا پھل شہتوت جسے مقامی زبان میں توت کہتے ہیں اپنے منفرد ذائقہ کی بدولت بے حد پسند کیا جاتا ہے، اسے خشک کرکے ڈرائی فروٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ بلوچستان میں شہتوت کی کاشت کی تاریخ بہت پرانی اور کئی سو برسوں پر محیط ہے،برصغیر کی دیگر مقامی زبانوں میں اس پھل کو توت، توتہ اور شہتوتبھی کہا جاتا ہے۔ شہتوت کی لکڑی کا رنگ ہلکا زرد، چمکدار زرد، وزن میں ہلکی ، لچکدار اور مضبوط ہوتی ہے جبکہ اس کا پھل شیریں ہوتا ہے، قلات میں اس قوت بخش پھل کی کئی اقسام دستیاب ہیں۔اس خوشذائقہ پھل کی مارکیٹ میں آمد مئی میں شروع ہوکر جولائی تک جاری رہتی ہے۔ یہ پھل کئی بیماریوں کا علاج بھی ہے، اس کے کھانے سے طبیعت کو سکون ملتا ہے اور خون صاف ہوتا ہے۔قلات میں یہ خوش ذائقہ پھل کثرت سے پایا جاتا ہے، اس لیے یہ قلات کے ہر عام و خاص باسی کیلئے مفت دستیاب ہے۔