تازہ تر ین

سینیٹ میں مجموعہ ضابطہ دیوانی میں ترمیم اور خواتین کے جائیداد پر حق کا بل منظور

(ویب ڈیسک )سینیٹ نے مجموعہ ضابطہ دیوانی میں ترمیم اور خواتین کے جائیداد پر حق کے نفاذ کا بل منظور کر لیا۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں مجموعہ ضابطہ دیوانی (سول پروسیجر کوڈ) میں ترمیم کا بل منظور کیا گیا۔بل میں کہا گیا ہے کہ 5 کروڑ روپے سے کم کا مقدمہ سول جج اور 5 کروڑ سے زیادہ کا ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں دائر ہوگا اور عدالت کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ کیسز کی کاروائی کا الیکٹرانک ریکارڈ رکھے۔ بل کے مطابق دفاع کرنے والا درخواست آنے کے 30 دن کے اندر جواب دے گا اور عدالت 90 دن کے اندر معاملات کو فریم کرے گی، عدالت کمیشن کے ذریعے شواہد ریکارڈ کرنے کی ہدایت دے گی اور کمیشن میں ریٹائرڈ ججز اور وکلاء ہوں گے۔بل میں کہا گیا ہے کہ کمیشن شواہد اور کاروئی کو تحریری، آڈیو اور ویڈیو میں ریکارڈ کرے گا اور عدالت میں شواہد جمع ہونے کے 15 دن کے اندر حتمی دلائل ہوں گے۔ بل کے مطابق عدالت موبائل، ٹیلی فون اور فیکس کے ذریعے سمن بھیج سکے گی، سمن کا مسجد، مندر اور کمیونٹی سینٹر کے ذریعے بھی اعلان کیا جا سکے گا اور ملزم کے علاقے میں ڈھول پر بھی اعلان کیا جا سکے گا۔
بل میں مزیدکہا گیا ہے کہ ماڈرن آلات کی مدد سے سمن وصولی کو مانیٹر کیا جائے گا، سمن وصول کرنے والے شخص کی تصویر کھینچی جائے گی، عدالت کا پریذائیڈنگ آفیسر اسپاٹ چیکنگ کرے گا جس میں دستاویزات اور احاطے کی چیکنگ شامل ہے۔بل کے مطابق ہائیکورٹ میں فیصلے کے خلاف 30 دن کے اندر اپیل ہو سکے گی اور ہائیکورٹ 90 روز میں فیصلہ دے گی۔دوسری جانب سینیٹ نے خواتین کے جائیداد پر حق کے نفاذ کا بل بھی منظور کیا جس کے مطابق اگرخاتون کو غیر قانونی طور پر جائیداد کی ملکیت سے محروم کیا گیا تو محتسب ملکیت خاتون کے حوالے کروانے کے لیے ڈی سی کو ہدایت دےگا، محتسب متعلقہ پولیس اسٹیشن کو احکامات پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت دے گا اور معاملے کی زیادہ تحقیقات کی ضرورت ہونے کی صورت میں محتسب ریفرنس بنا کر اسے سول کورٹ میں دائر کردے گا۔بل میں کہا گیا ہے کہ جائیداد کے حق سے محروم کیے جانے پر کوئی خاتون محتسب کے پاس شکایات دائر کرے گی، محتسب شکایت کا جائزہ لے کر مزید تحقیقات متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے سپرد کرے گا جو15 دنوں میں رپورٹ محتسب کو جمع کروائے گا اور محتسب شکایت موصول ہونے کے 60 دن کے اندر سماعت کرکے فیصلہ سنائے گا۔بل کے مطابق خاتون کو جائیداد سے محروم کرنے والے شخص کو پراپرٹی کی قیمت کے برابر کرایہ ادا کرنا ہو گا جبکہ محتسب خاتون کی ملکیت کے معاملے پر خود بھی کارروائی شروع کرنےکا اختیار رکھتا ہے، چاہے معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہی کیوں نہ ہو۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain