کراچی (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں حالیہ اضافے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ صوبے میں نیا تعلیمی سال یکم جون 2020 سے شروع ہوگا۔ کراچی میں ایجوکیش اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے 2 روز کے لیے اسکول بند کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن حالات کا تقاضہ ایسا ہوا کہ ہمیں تعطیلات میں اضافہ کرنا پڑا، جس کے بعد ہونے والے اجلاس میں اکثریت کی رائے تھی کہ اسکولز کھول دیے جائیں لیکن بعد ازاں صوبے میں کورونا وائرس کا ایک ایسا مریض آیا جس میں مقامی سطح پر وائرس منتقل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس مریض کے سامنے آنے کے بعد اکثریت کی رائے میں تبدیلی آئی اور انہوں نے کہا کہ ہمیں اسکولز نہیں کھولنے چاہیئیں، جس کے بعد آپ کے سامنے تعلیمی اداروں کی تعطیلات کا فیصلہ سامنے آیا۔
