اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی، اقدامات مزید مو¿ثر اور سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے قوم کو صورتحال سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کردی، کہا وائرس سے ڈرنا نہیں، متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کی زیرصدرات قومی رابطہ کمیٹی کا بڑا اجلاس ہوا، وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں وائرس سے نمنٹے کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار اور اقدامات مزید مو¿ثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراءمعاونین خصوصی اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبے کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ سب سے زیادہ متاثرہ ہے، مریضوں نے بیرون ملک سفر کیا تھا، اسکریننگ نظام مزید مو¿ثر بنا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ صوبے میں آئیسولیشن وارڈز کی تعداد بڑھا دی گئی۔ محمود خان نے بتایا خیبرپختونخوا فی الحال محفوظ ہے مگر ہم الرٹ ہیں۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں آج ایک ہی دن میں 15 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وفاق سے مزید تکنیکی تعاون مانگ لیا۔ وزیراعظم نے صوبوں کو کرونا سے متعلق معلومات، تشخیص، علاج اور آگاہی کے بارے میں کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کردی، ساتھ ہی انہوں نے صوبوں کے خدشات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی۔ عمران خان نے کہا وائرس سے ڈرنا نہیں ہے، متحد ہونے کی ضرورت ہے، ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ذمہ داری نبھانا ہوگی، جلد قوم سے خطاب کروں گا۔ انہوں نے معاون خصوصی صحت ظفر مرزا کو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال سے آگاہ کرنے کا ٹاسک بھی دیدیا۔
