اسلام آباد(ویب ڈیسک) پارلیمان کے اجلاس نہ بلانے پر حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق ہو گیا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کو رپورٹ بھی پیش کر دی گئی ہے. وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے ملاقات میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سمیت پارلیمانی امور پر مشاورت کی، اعظم سواتی نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق باہمی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیر پارلیمانی امور نے وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ، پی پی، جماعت اسلامی و دیگر جماعتیں اجلاس بلانے کے حق میں نہیں ہیں‘ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کہا گیا کہ راجہ ظفر الحق، شیری رحمان، سراج الحق، انوار الحق کاکڑ اور عثمان کاکڑ سے رابطہ کر کے رائے لی گئی تھی، اپویشن جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کر لیا ہے کہ ان کی جانب سے سینیٹ اجلاس سے متعلق ریکوزیشن جمع نہیں کرائی جائے گی.اعظم سواتی کے ساتھ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کرونا وائرس سے متعلق اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے، فی الحال لاک ڈاﺅن کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، لوگوں کو احتیاط کی ضرورت ہے، محنت کش، دیہاڑی دار مزدوروں کے بارے میں فکر مند ہوں، شیلٹر ہوم میں احتیاطی تدابیر اور سہولتیں بڑھانے کی ہدایات دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، وائرس سے بچاﺅ کے لیے قوم اور علما سے تعاون کی درخواست کی ہے، صورت حال کے بارے میں پورے ملک سے ہر وقت رابطے میں ہوں، میڈیا کو بھی مثالی کردار ادا کرنا چاہیے۔ ادھر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر قومی اسمبلی اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کرلیا اپوزیشن نے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی تھی‘ فیصلہ وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر اسد قیصر کی ملاقات میں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی تھی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اجلاس کے بجائے خصوصی پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے گی، اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے لئے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو دے گیا.واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی تھی، ملاقات میں کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا جو کرونا وائرس کے پھیلاﺅکو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات کاجائزہ لے اور کمیٹی کرونا وائرس پر کیے گئے اقدامات کو مزید موثربنانے کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔
