لاہور (جنرل رپورٹر)کرونا وائرس ٹیسٹ کے پیش نظر چغتائی لیب شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ،چغتائی لیب کو روپے کی ہوس نے پاگل کر دیا۔ کرونا وائرس جیسی وباءکو سونے کی چڑیا سمجھ لیا ، کرونا ٹیسٹ 8ہزار جبکہ موصوف کے پاس اس ٹیسٹ کی کٹس ہی موجود نہیں۔ 10ہزار سے زائد سیمپل لیبارٹریوں پر موجود مریض ذلیل و خوار ہونے لگے ،پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن اور متعلقہ اداروں نے چپ سادھ لی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ چغتائی لیب کی تمام کٹس گزشتہ تین روز سے ختم ہو چکی ہیں اور ان کی کٹس اس وقت دبئی میں ہیں جبکہ ملکی سفری پابندیوں کے باعث ان کٹس کا پاکستان میں بروقت پہنچنا مشکل ہے تاہم چغتائی لیب کی تمام برانچز پر شہریوں سے ہزاروں روپے کے عوض ان ٹیسٹوں کے سیمپل اکٹھے کیے جارہے ہیں جبکہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا کے مریض کو ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ 24گھنٹے میں موصول ہونا انتہائی ضروری ہوتا ہے تا کہ اگر مریض کی رپورٹ مثبت ہو تو اس کا علاج فوری کیا جائے مگر حیرت انگیز طور چغتائی لیب نے اس وقت 10ہزار سیمپل اکٹھے کر لئے ہیں جن کی مالیت تقریباً 8کروڑ روپے بنتی ہے ۔واضح رہے کہ کرونا وائرس ایک گلوبل وبا کی شکل اختیار کرچکا ہے اور ملک بھر میں اس و قت ہیلتھ ایمرجنسی نافذ ہے ۔لاہورمیں 103 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 2افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔ شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
