لاس اینجلس(ویب ڈیسک) آسکرایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن نے کورونا کو شکست دے دی۔اداکار ٹام ہینکس نے تقریباً دو ہفتے قبل انسٹاگرام پر ان میں اوران کی اہلیہ ریٹا ولسن میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔ ٹام ہینکس نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو اہلیہ کے ساتھ آسٹریلیا میں قرنطینہ کرلیا تھا اور اس دوران سوشل میڈیا پر مداحوں کو اپنی صحت کے حوالے سے باخبر بھی کررہے تھے۔تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ ٹام ہینکس اور ریٹا ولسن نے کورونا کو شکست دے دی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ٹام اور ریٹا صحت یاب ہونے کے بعد گزشتہ روز آسٹریلیا سے لاس اینجلس اپنے گھر واپس آگئے ہیں۔ٹام ہینکس نے 12 مارچ کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ان میں اور ان کی اہلیہ میں کووڈ19 کی تشخیص ہوئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ پہلے ہالی ووڈ فنکار تھے جن میں کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیاتھا۔ یہ خبر سامنے آتے ہی ان کے مداحوں اوردیگر فنکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔ یہ جوڑا دوہفتے قبل آنجہانی گلوکار ایلوس پریسلے کی زندگی پر مبنی فلم میں کام کی غرض سے آسٹریلیا میں موجود تھا۔ تاہم کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں نے آسٹریلیا میں ہی خود کو قرنطینہ کرنےکا فیصلہ کیا۔ ٹام ہینکس کے علاوہ ہالی ووڈ اداکار ادریس البا، ”گیم آف تھرونز“ کے اداکار کرسٹوفر ہیوجو اور سابق بانڈ گرل اولگا کری لینکو میں بھی کوڈ 19 کی تشخیص ہوچکی ہے۔