رومان رئیس کےبعد اظہرعلی کا بھی شرٹ اوربیٹ نیلام کرنےکا اعلان

فاسٹ بولر رومان رئیس کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے سوشل میڈیا پر اپنی شرٹ اور بیٹ نیلام کرنے کا اعلان کر دیا۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ اپنی واحد ٹرپل سنچری والا بیٹ نیلام کریں گے، دِبئی میں 2016میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اس بیٹ سے 302 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ چیمپئینز ٹڑافی 2017 کی اپنی فاتح شرٹ بھی نیلامی میں ہوگی۔ظہر علی کا کہنا ہے کہ یہ بیٹ اور شرٹ میرے لیے بہت اہم ہے، میرے کیرئر کی بہترین یادیں ہیں لیکن کوشش کی ہے کہ ان کی نیلامی سے زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھا ہو تاکہ اس رقم سے زیادہ کورونا متاثرین کی مدد کی جاسکے۔
واضح رہے اظہر علی اس سے پہلے وزیراعظم ریلیف فنڈز میں 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرچکے ہیں، پی سی بی کی طرف سے جمع کردہ رقم میں بھی دوسروں کی طرح اپنا حصہ ڈالا۔ انفرادی طور پر بھی اس کارخیر میں جو ممکن ہو وہ کررہے ہیں۔

زبان کے غلط استعمال سے گھر اجڑتے ہیں:علامہ فضل الرحیم

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے پروگرام مرحبا رمضان میں میزبان صائم علی اور مائرہ خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئےمذہبی سکالرعلامہ فضل الرحیم نے بتایا کہ انسانی بدن میں چھوٹا سا ٹکڑا زبان بہت اہمیت کا حامل ہے ہمیں زبان کا غلط استعمال نہیں کرنا چاہئے غلط استعمال سے گھر کے گھر اجڑ جاتے ہیں زبان کا استعمال ارشادات نبوی کی روشنی میں کریں زبان کی حفاظت کریں آخرت سنور جائے گی اور سارے وائرس دور ہو جائیں گے۔اللہ نے فرمایا کسی کو گالی دینا بڑا برا عمل ہے اور کسی کی غیبت کرنا مردہ بھائی کا گوشت کھانے سے بھی بدتر ہے۔نبی کریم نے فرمایا تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کریگا۔افسوس آج ہم اپنی زبان سے دوسروں کی دل آزاری کر رہے ہیں مسلمان تو وہ ہے جس کی زبان و ہاتھ سے دوسرے محفوظ رہیں زبان کا درست استعمال انسان کو جنت جبکہ غلط استعمال دوزخ میں لے جاتا ہے۔روزہ صرف کھانا پینا چھوڑنے کا نام نہیں یہ تو تقویٰ پیداکرتا ہے۔ دنیا کی بڑی بڑی طاقتیں سر جوڑے بیٹھی ہیں لیکن کرونا وائرس کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل سکا ۔اتنے نازک حالات میں بھی ہم توبہ کی طرف نہیں آئے۔ معروف اداکارہ لیلی زبیری نے بتایا کہ آج کل شوٹنگز بند ہونے کی وجہ سے فیملی کے ساتھ بڑا اچھا وقت گزر رہا ہے۔بہت انجوائے کر رہی ہوں افطاری و کھانا خود ہی بنا رہی ہوں۔اللہ کا شکر ہے میں ہر حال میں خوش و مطمئن رہتی ہوں ۔میاں بیوی کو ایک دوسرے سے محبت کرنی چاہئے زندگی خوشیوں سے گزاریں انڈر سٹیڈنگ پیدا کریں میرے شوہر مجھے بہت سپورٹ کرتے ہیں۔خود میں عاجزی پیدا کریں اعلی ظرف ہمیشہ عاجزی سے ملتے ہیں ہم کچھ بھی نہیں تمام نعمتیں اللہ کی طرف سے ہیں۔قرآن نے عورتوںکو بہت حقوق دیے قرآن ترجمے سے سمجھ کر پڑھیں تاکہ اپنے حقوق کا علم ہو۔کرونا وائرس ہمارے لئے بڑا سبق اور وارننگ ہے کہ ہم بے بس ہیں لگتا ہے اللہ ہم سے ناراض ہیں،ہمیں اپنے اعمال درست کرنا ہیں ان حالات میں غربا و بے روزگاروں کی اس طرح مدد کریں کہ وہ اپنے پاﺅں پر کھڑے ہو سکیں۔ صبر کا دامن نہ چھوڑیںذخیرہ اندوزی اور چیزیں سٹاک مت کریں زندگی کا کوئی پتہ نہیں۔سبزیاں،پھل کھائیں تلی چیزوں سے پرہیز کریں۔کرونا خود چل کر آپ کے گھر نہیں آتا آپ لے کر آتے ہیں باہر مت نکلیں۔

بھارتی بورڈ نے اکتوبر میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کاانعقاد ناقابل عمل قرار دیدیا

ممبئی (ویب ڈیسک)  بھارتی بورڈ ہاتھ دھو کر ورلڈکپ کے پیچھے پڑگیا،اس نے اکتوبر میں انعقاد کو ناقابل عمل قراردیتے ہوئے کئی سوال اٹھا دیے،ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلے پر پہنچنے کیلیے کئی پہلوؤں کو مدنظر رکھنا ہوگا، کیا تب تک کورونا وائرس مکمل طور پر کنٹرول ہوچکا ہوگا، کیا آئی سی سی یا آسٹریلوی حکومت دنیا بھر سے آنیوالے کھلاڑیوں کی زندگی کی ضمانت دیں گی، کیا ٹکٹیں بھی سوشل ڈسٹنس کے لحاظ سے فروخت ہوں گی؟ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی اور میزبان آسٹریلیا نے رواں برس اکتوبر، نومبر میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے اپنے ہونٹ سختی سے بند کررکھے ہیں،موجودہ صورتحال میں بھارتی بورڈ کی جانب سے ایونٹ کے حوالے سے مسلسل غیریقینی پھیلائی جارہی ہے، اب ایک آفیشل نے ایونٹ کے اکتوبر میں انعقاد کو ناقابل عمل قرار دے دیا ہے،ایک بھارتی اخبار سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اکتوبر میں منعقد ہوتا ہوا دیکھائی نہیں دیتا، ہمیں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا ہوگا،فی الحال تو آپ یہ نہیں بتا سکتے کہ غیرملکی سفر کب محفوظ ہوگا، کوئی جون کی بات کررہا اور کوئی اس سے آگے کی تاریخ دے رہا ہے۔
کیا تب تک کورونا وائرس مکمل طور پر کنٹرول ہوچکا ہوگا، اسکے علاوہ ایونٹ میں شریک لوگوں کی زندگی کی ضمانت کون دے گا، اگر آئی سی سی اور آسٹریلیا ایونٹ کے انعقاد کیلیے بضد ہیں تو پھر ذمہ داری کس کی ہوگی، کیا آسٹریلوی حکومت یہ خطرہ مول لے سکے گی، اگر آخری لمحات میں ایونٹ منعقد کرنیکا فیصلہ ہوا تو میزبان حکومت کب تک منظوری دیگی، مہمان ٹیموں کی حکومتیں کیا اپنے کھلاڑیوں کو سفر کرنے دیںگی، صرف یہی نہیں اگر ایونٹ تماشائیوں کی موجودگی میں کرانے کا فیصلہ ہوتا ہے تو کیا شائقین سٹیڈیم کا رخ کرنے پر راضی ہوں گے۔کیا وہاں پر سوشل ڈسٹنس برقرار رکھنے کیلیے 10 میں سے صرف ایک نشست کی ٹکٹ فروخت کی جائے گی؟ ان تمام چیزوں کو اگر مدنظر رکھا جائے تو اکتوبر میں ایونٹ کا انعقاد قابل عمل دکھائی نہیں دیتا۔ یاد رہے کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل کا حال ہی میں کہنا تھا کہ تماشائیوں کے بغیر ورلڈ کپ کے انعقاد کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

فروخت ہوںگی؟: بی سی سی آئی آفیشل

رمیز کی عمر اکمل پر تنقید؛ کرپٹ کرکٹرز کو جیل بھیجنے کا مطالبہ

لاہور (ویب ڈیسک) سابق قومی کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے عمراکمل پر 3 سال کی پابندی کو صلاحیت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ باضابطہ قانون سازی کر کے بدعنوانی کو روکے کیونکہ اب اس کا وقت آچکا ہے۔رمیز راجہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ آخرکار سرکاری طور پر عمر اکمل بھی 3 سال کی پابندی کے ساتھ احمقوں کی فہرست میں شامل ہو گئے جو محض صلاحیت کا ضیاع ہے اور یہی وقت ہے جب پی سی بی میچ فکسنگ اور بدعنوانی کے دیگر طریقوں کو روکنے کیلئے باقاعدہ قانون سازی کرے تاکہ ملوث افراد کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجا جا سکے ورنہ دوسری صورت میں وہ مزید بہادری سے کارنامے دکھائیں گے۔واضح رہے کہ رمیز راجہ محمد عامر اور شرجیل خان کی واپسی کی بھی مخالفت کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ عمر اکمل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے آغاز سے قبل معطل کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کوڈ کی 2 مرتبہ خلاف ورزی پر چارج کیا گیا تھا جس کے باعث وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی سے بھی محروم رہ گئے تھے جبکہ انہوں نے نوٹس آف چارج کے جواب میں اینٹی کرپشن ٹربیونل میں سماعت کیلئے درخواست نہیں کی تھی جس کے بعد پی سی بی نے معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین کے سپرد کردیا تھا جس نے آج سماعت کرتے ہوئے انہیں سزا سنائی۔

مقبوضہ وادی، بھارتی فوج کی پھر دہشتگردی 7کشمیری نوجوان شہیدکر دئیے

سرینگر(آئی این پی)مقبوضہ کشمیرمیں رمضان میں بھارتی فوج کی غیر انسانی کاروائیاں جاری ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں کولگام میں بھارتی فورسز نے 7نوجوانوں کو شہید کر دیا۔جموں و کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے قاضی گنڈ میں لاور منڈرا کے قریب سیکیورٹی فورسز نے پیر کو صبح تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فورسز نے علاقے کو محاصرے میںلے کر تلاشی کاروائی شروع کی ۔مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی فوجیوں نے تازہ کارروائی کے دوران اتوار کی رات ضلع کولگام کے علاقے گدر پرانہل میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید کر دیے جس سے گزشتہ پانچ روز کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی۔اطلاعات کے مطابق ضلع کے گدر پرانہل علاقہ میں واقع سرکاری ہائی اسکول میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران ان نوجوانوں کو شہید کیا۔ایک فوجی میجر پٹیل کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ ایک سرکاری ہائی اسکول میں چھپے ہونے کی اطلاع پر فورسز نے تلاشی کاروائی شروع کی۔ڈانگر پورہ امام صاحب شوپیان نامی گاﺅں کو 44آر آر، 178سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے اتوار کی شب دیر رات 9بجے محاصرے میں لے کر تلاشی کی کاروائی شروع کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کے مطابق بھارتی فوجیوںنے گزشتہ روز ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں 3 ، جمعہ کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کھار پورہ آرنی میں2 جبکہ بدھ کے روز ضلع شوپیاںکے علاقے ملہورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوںکے دوران4 کشمیری نوجوان شہید کر دیے تھے۔

اوآئی سی بھارتی دہشتگردی رکوانے کیلئے مداخلت کرے: کویت کونسل

لاہور (نیٹ نیوز) کویت نے عالمی تعاون کی تنظیم (او آئی سی )سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں جاری مسلم مخالف جذبات سے نمٹنے کےلئے بھارت میں مداخلت کرے۔کویت کونسل آف منسٹرز کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بھارت میں مسلمانوں کیساتھ ہونے والے سلوک کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے او آئی سی سے بھارتی مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے ضروری اور فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔کویت کی وزارت اوقاف اور اسلامی امور کے وزیر عبداللہ الشوریکا نے ٹویٹ کیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسلمان اپنے ہم مذہب پرستوں کے ظلم و ستم کےخلاف بات کریں۔انہوں نے کہا کہ کیا بھارت میں مسلمانوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے اور انسانیت سوز جرائم کرنے والوں نے انتہا پسند ہندوںنے یہ سوچا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان انکے ان جرائم پر خاموش رہیں گے اور انکے خلاف کوئی سیاسی ، قانونی اور معاشی اقدام نہیں کریں گے۔دوسری جانب ممتاز کویتی وکیل اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے ڈائریکٹر میجبل الشاریکا نے ہندوستانی مسلمانوں کے معاملے کو رضاکارانہ طور پر جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں لے جانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بھارتی مسلمانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے خلاف تشدد کے ثبوتوں کو دستاویز کرنے میں ان کی مدد کریں۔ انہوں نے ٹویٹر پر بھارتی مسلمان خاندان کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہندوں کو عرب دنیا میں کھانا کھلایا جاتا ہے، پہننے کو کپڑے اور رہنے کو جگہ دی جاتی ہے جبکہ بھارت میں مسلمانو ں کو دین اسلام چھوڑنے کےلئے مجبور کرنے پر بھوکارکھا جارہا ہے۔ میں اس بہادر مسلم کنبہ کو سلام پیش کرتا ہوں کہ حقیر ہندوتونظریہ کےخلاف ڈٹے ہوئے ہیںاور اپنے دین پر قائم ہیں۔

مئی کے آخر تک کرونا کے حالات بہتر ہونگے:سامعہ خان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مذہبی سکالرعلامہ راغب نعیمی کرونا کی وباءہماری کرتوتوں کی وجہ سے آئی کیونکہ دنیا کی زندگی جس ڈھب پر چل رہی تھی وہ انتہائی غلط روش ہے۔قدرت انسان کو بڑے مواقع دیتی ہے لیکن اگر انسان باز نہ آئے تو پھر قدرت کا نظام حرکت میں آتا ہے۔ چینل فائیو کی خصوصی کرونا ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں خصوصی دعائیں کی جائیں اپنی اصلاح کر لینی چاہئے کہ پہلے ہمیں بہتر انسان بننا ہے۔ حالات بڑے نازک ہیں البتہ ایسی آزمائشوںمیں اللہ نے بہتری مضمر رکھی ہے اس وقت لوگ ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں۔ دوسرا پہلو یہ ہے کہ سمجھ نہیں آتی اب بھی لوگ احتیاط کیوں نہیں کر رہے حکومتی ہدایات پر عمل نہیں ہو رہا شاید اسی کی وجہ عوام کی تربیت نہ کرنا ہے۔اس وقت لاک ڈاﺅن کولوگ اسے سنجیدہ لیں۔ کوئی ایسا شعبہ نہیں جو کرونا وائرس سے متاثر نہ ہوا ہو۔ اداکارنعیم طاہرنے کہا ہے کہ ملک بھر کے ڈاکٹرز نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کرونا وائرس کے مریضوں کی خدمت کر رہے ہیں حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں دیگر ملکوں کی نسبت پاکستان میں کرونا کا پھیلاﺅ کم ہے۔میں سمجھتا ہوں سب مثبت سوچیں، لاک ڈاﺅن پر عمل کریں۔ ان حالات میں سب مل کراپنے غریب رشتہ داروں، پڑوسیوں اور محلے داروں کا خیال کریں۔اپنی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ بلاتفریق مدد کی جائے ہمیں اپنی ذمہ داری نبھانی ہے لاک ڈاﺅن کو فالو کریں آئسولیشن میں ہی سب کی بھلائی ہے پاکستانی مثالی قوم ہیں ،مجھے یقین ہے قوم با شعور ہے حکومتی احکامات پر عمل کریگی۔ ہمیں اپنے لوگوں کی خود خدمت کرنی ہے مشکل میں گبھرائیں نہیں۔ایسے لوگ جو ذخیزہ اندوزی کر رہے ہیں ان پر خدا کی لعنت ہو۔ ماہر علم نجوم سامعہ خان نے بتایا کہ حکومت کو سخت اقدامات کرنا پڑیں گے کرونا بے قابو ہوا تو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔ستاروں کی چال کے مطابق مئی کے آخر تک حالات بہتر ہوں گے میں نے بہت پہلے کہا تھا عمران خان کے لئے کافی چیلنجز ہیں 2020بھی ترقی کا سا ل نہیں لگ رہا۔اگر کرفیو لگ سکتا ہے تو لگایا جائے، موجودہ وقت میں کاروبار کو ترجیح مت دیں زندگیاں بچائیں۔ احتیاط کریں بس ذرا حوصلے سے وائرس کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے،اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانے کا یہ بہترین موقع ہے۔

امریکہ میں کرونا کے10لاکھ مریض، ہلاکتیں 55ہزار سے تجاوز، سپین مین مزید 288افراد لقمہ اجل

نیویارک ، روم ، میونخ ، لندن ،پیرس (نیٹ نیوز) عالمی وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں 2 لاکھ 7 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 29 لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد میں سے 8 لاکھ 78 ہزار 955 صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔امریکہ میں کورنا وائرس سے مزید 1157 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 55 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 85 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 700 سے زائد ہے۔اسپین میں بھی گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 288 افراد کی اموات کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔اٹلی میں کرونا وائرس نے مزید 260 افراد کی جان لے لی جہاں اب تک ہونے والی اموات 26 ہزار سے زائد ہو گئیں۔فرانس میں بھی کرونا نے مزید 242 افراد کی جان لے لی۔ فرانس میں مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 800 سے بڑھ گئیں اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 97 ہزار سے تجاوز کر گئی۔جرمنی میں بھی کرونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 19 افراد جان کی بازی ہار گئے اور اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 5 ہزار 800 سے بڑھ گئیں۔برطانیہ میں کرونا سے مزید 413 افراد کی موت کے بعد اب تک مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار 700 سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ باون ہزار سے زائد ہے۔ترکی میں بھی کرونا کے وار جاری ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 99 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 800 سے تجاوز کر گئی۔ایران میں کرونا سے اب تک 90 ہزار481 افراد متاثر ہوئے اور ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 700 سے بڑھ گئی۔

رمضان میں گراں فروشی جاری،سرکاری نرخنامے پرعملدرآ مد ھرا رہ گیا

لاہور(این این آئی )گراں فروشوں نے حکومت کی جانب سے ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ایکشن لینے کے بیانات کو بھی پس پشت ڈال کر سرکاری نرخ نامے کی بجائے من مانے نرخے پر فروخت جاری رکھی، گزشتہ روز بھی پرچون سطح پر پھلوں اور سبزیوں کی مقررہ قیمتوں سے زائد پر فروخت جاری رہی ، طلب کے مقابلے میں رسد بہتر ہونے سے برائلر گوشت کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ۔ سرکاری نرخنامے کے مطابق سبزیوں میں ایک کلو آلو نیا کچا چھلکااول 55روپے کی بجائے 65سے 70روپے ،ایک کلو پیاز درجہ اول 46کی بجائے 55سے60،ٹماٹر درجہ اول28روپے کی بجائے 35، لہسن دیسی 165کی بجائے190سے 200،ادرک تھائی لینڈ255کی بجائے350سے 370روپے،ادرک چائنہ340کی بجائے410سے 420روپے،کھیرا دیسی 37کی بجائے45روپے،کھیرا فارمی 27کی بجائے32سے 35روپے،کریلے دیسی52کی بجائے65سے 70روپے،کریلے فارمی 32کی بجائے45سے 50روپے،پالک 27کی بجائے 30سے 32،میتھی 77کی بجائے80سے 85،بینگن34کی بجائے40سے 45روپے،بند گوبھی35کی بجائے45سے 50روپے،پھول گوبھی 24کی بجائے 30سے 35،سبز مرچ اول90کی بجائے160سے 170روپے،شملہ مرچ32کی بجائے50سے 55، گھیا کدو27کی بجائے36روپے،گھیا توری 52کی بجائے 70،لیموں چائنہ280کی بجائے390سے 410روپے،لیموں دیسی 340روپے کی بجائے480سے 500،بھنڈی 93کی بجائے 130سے 140،شلجم 13کی بجائے 30،مٹر 115کی بجائے140روپے،اروی 89کی بجائے110سے 120روپے اوگاجر چائنہ32کی بجائے48سے 52روپے کلو تک فروخت کی گئی ۔ پھلوں میں سیب کالا کولو پہاڑی درجہ اول230کی بجائے280سے 290روپے، سیب کالا کولو پہاڑی درجہ دوئم 190کی بجائے220سے 240روپے، سیب ایرانی175کی بجائے210سے230روپے،سیب سفید اول125کی بجائے160سے 170روپے،کیلا اول درجن 170کی بجائے200سے220روپے،کیلا دوئم درجن95کی بجائے140سے 150روپے، سٹابری اول105کی بجائے140روپے، کھجور اصیل اول235کی بجائے340سے 350روپے،کینو فی درجن اول130کی بجائے260سے 280روپے،امردو درجہ اول87کی بجائے 130سے 140روپے،تربوزفی کلو 44کی بجائے57روپے تک فروخت ہوتا رہا۔لاہور( این این آئی)شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت 10روپے کمی سے194روپے، زندہ برائلر مرغی 7روپے کمی سے134روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت8روپے کمی سے86روپے فی درجن رہی۔