اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، وفاقی حکومت کے زیر انتظام تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز تا حکم ثانی بند، ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ، صحت یاب ہونے والے مریضوں کو ڈسچارج کرنے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس خدشات کے باعث اسلام آباد میں فوری طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزارت ہیلتھ سروسز نے وفاقی ہسپتالوں کے سربراہان کو کرونا وائرس خدشات کے پھیلاو کے باعث نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ حکم دیا گیا ہے کہ او پی ڈی سروسز تا حکم ثانی بند رہیں گی۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ ہسپتالوں میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کو ڈسچارج کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 2071 ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 676 ہوگئی، پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 740 ہوگئی، کے پی کے میں 253 بلوچستان میں 158 اور گلگت بلستان میں 184 کیسز ہوگئے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اسلام آباد میں 54 اور آزاد کشمیر میں چھ کورونا وائرس کیسزہیں ،پاکستان میں کورونا سے متاثرہ 82 مریض صحتیاب ہیں ،پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد 26 ہوگئی۔ کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا وائرس کے 1963 مریض زیر علاج ہیں۔