کویت(ویب ڈیسک) خلیجی ریاست کویت میں حکومت کے بہترین احتیاطی اقدامات کے باوجود کورونا وائرس پر قابو نہ پایا جا سکا۔اس ننھی منی مگر امیر ترین ریاست کویت میں بھی کورونا کا وائرس اپنے پنجے گاڑے بیٹھا ہے۔ اگرچہ مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی دیگر خلیجی ممالک کے مقابلے میں خاصی کم ہے، تاہم اس مہلک وائرس کے شکار افرا د کی گنتی میں آہستہ آہستہ اضافہ ہو رہا ہے۔مملکت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 55 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، جن میں دو پاکستانی بھی شامل ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق نئے مریضوں میں کورونا کی تشخیص کے بعد مملکت میں اس موذی وائرس سے متاثرہ افراد کی گنتی 910 تک جا پہنچی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند نے بتایا کہ کورونا کے تازہ متاثرین میں 36 بھارتی، 6 بنگالی، 4 کویتی، 2 پاکستانی، 1ایرانی، 1نیپالی اور 1مصری باشندہ شامل ہے۔اس کے علاوہ چار افراد کو کورونا کے شبے میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جن میں 2 کویتی، 1بھارتی اور ایک شامی باشندہ ہے۔ مملکت میں اب تک کورونا کے 111 مریض شفایاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ جبکہ باقی قرنطینہ مراکز میں زیر علاج ہیں۔دو روز قبل بھی 8 پاکستانیوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ کے روز بھارت سے تعلق رکھنے والا 46سالہ مریض زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔یہ شخص کئی دنوں سے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل تھا، تاہم اس کی تشویش ناک حالت میں سدھار نہ آ سکا اور دنیا سے کوچ کر گیا۔کویتی حکومت نے کورونا پر قابو پانے کے سلسلے میں کڑے انتظامات کر رکھے ہیں۔ اسی سلسلے میں دو علاقوں جلیب الشیوخ اور مہبولہ کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جہاں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔
