ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے مغربی ریجن میں ایک سعودی شہری نے اپنی بیوی پر ظلم و زیادتی کی انتہا کرتے ہوئے اسے گھر سے نکال دیا۔ دو بچوں کی مجبور ماں اپنی اولاد کو سینے سے لگانے کے لیے تڑپ رہی ہے۔ سعودی ویب سائٹ المرصد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک روسی خاتون کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جو اپنا نام کرسٹینا بتاتی ہے اوران دنوں مغربی خطے کے علاقے العوامیہ کی رہائش پذیر ہے۔کرسٹینا نے بتایا کہ کچھ سال قبل میری شادی قطیف کے رہائشی ایک سعودی شہری سے ہوئی، تاہم میری شادی کی خوشیاں چند روز بعد ہی غارت ہو گئیں، جب ظالم شوہر نے مجھ سے مار پیٹ اور بدسلوکی شروع کردی۔ تاہم میں اپنی ازدواجی زندگی بچانے کی خاطر خاوند کی تمام سختیاں برداشت کرتی رہی۔مجھے اللہ نے دو بچوں کی نعمت سے بھی نوازا ، تاہم بے حِس شوہر کی مار پیٹ اور ظلم و ستم میں کوئی کمی نہ آئی۔دو روز قبل میرا کا خاوند ایک بار پھر اپنی کمینگی پر اتر آیا۔ پہلے میری مار پیٹ کی اور پھر زبردستی گھر سے باہر نکال دیا۔ کرسٹینا نے اپنی ویڈیو میں روتے ہوئے بتایا کہ میں نے اپنے بچوں کی خاطر ہمیشہ خاوند سے سمجھوتہ کیا، مگر پھر بھی یہ میرے کام نہ آیا۔میں اپنے دونوں بچوں سے دور ہو چکی ہوں، مجھے ایک پل بھی چین نہیں آ رہا۔ میری مدد کی جائے ، میں اس وقت سعودیہ میں تن تنہا ہے، کوئی میرا حال پوچھنے والا اور خیال رکھنے والا نہیں ہے۔روسی خاتون کی اس درد بھری پکار نے سوشل میڈیا صارفین کو دکھی کر دیا۔ لوگوں نے اس کے ظالم اور بے حِس خاوند کے انسانیت سوز رویئے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ چند صارفین نے اس ویڈیو کو سعودی پبلک پراسیکیوشن کو ریفر کر دیا۔ جس کے بعد مغربی ریجن کے گھریلو تشدد کی شکایات سے متعلق ادارے نے اعلان کیا ہے کہ قطیف کے رہائشی سعودی شہری کے خلاف اپنی بیوی پر تشدد اور بدسلوکی کے الزامات کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔اگر ملزم کے خلاف ابتدائی تفتیش میں الزامات ثابت ہو گئے تو اسے عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔ مجرم ٹھہرائے جانے کی صورت میں اسے قید اور جرمانے کی سزا بھگتنا ہو گی۔ واضح رہے کہ کچھ ہفتے قبل جازان میں بھی ایک خاوند نے نشے کی حالت میں آگ لگا دی تھی۔ جس کے باعث متاثرہ خاتون بری طرح جھ±لس گئی۔ خاوند کی درندگی کا شکار ہونے والی اس خاتون کوانتہائی تشویش ناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔سعودی اخبار عکاظ کے مطابق یہ واقعہ جازان کے ایک گاوں میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی عمر 40 سال سے 45سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ ملزم نے جب یہ بہیمانہ حرکت کی اس وقت وہ نشے کی حالت میں تھا۔ درندہ صفت خاوند نے پہلے بیوی کو گالم گلوچ کی، اور پھر اس کی مار پیٹ پر اتر آیا۔ اس کے باوجود بھی اس کی سنگدلی کا جذبہ ٹھنڈا نہ ہوا تو اس نے اپنی بیوی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ جس کے باعث سعودی خاتون کا جسم بری طرح جھلس گیا۔ اس ظلم کا شکار ہونے والی خاتون کی عمر 30 سال کے لگ بھگ بتائی جا رہی ہے۔
