اسلام آباد/دبئی (ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات کا بیروزگار ہونے والے پاکستانیوں کو کمپنیوں سے تنخواہ اور فضائی سفر کا خرچ دلوانے کا اعلان، تفصیلات کے مطابق آج سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے متحدہ عرب امارات کے انسانی وسائل کے وزیر سے رابطہ کیا اور مملکت میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی مشکلات کو حل کرنے کے حوالے سے بات چیت کی۔ اماراتی وزیرِ انسانی وسائل نے زلفی بخاری کو یقین دہانی کروائی ہے کہ مملکت میں نوکریوں سے برخاست کیے جانے والے تمام پاکستانیوں کو کمپنیوں سے تںخواہ اور فضائی سفر کا خرچ دلوایا جائے گا۔ انہوں نے پاکستانیوں کے ویزہ میں توسیع کے ساتھس اتھ دوسری سہولیات فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ اماراتی وزیرِ انسانی وسائل نے زلفی بخاری کو یقین دہانی کروائی کہ جو پاکستانی متحدہ عرب امارات میں رہنا چاہتے ہیں انہیں زبردستی پاکستان نہیں بھیجا جائے گا اور جن پاکستانی ملازمین کو نوکریوں سے نکالا گیا ہے انہیں ترجیحی بنیادوں پر (ورچوئل) مجازی نوکریاں دی جائیں گی۔ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں ہزاروں افراد کے بے روزگار ہونے کی اطلاع درست ہے، ہماری کوشش ہے ہر ہفتے 6سے 7ہزار پاکستانیوں کو واپس لایا جائے۔ ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ بیرون ملک سے پاکستانیوں کومحفوظ طریقہ واپس لاناچاہتے ہیں ، بیرون ملک سے ہر پاکستانی کو واپس لانا ہماری ذمے داری ہے اور واپس آنے والے ہر شخص کی ٹیسٹنگ اور قرنطینہ ضروری ہے۔معیدیوسف نے تصدیق کی کہ خلیجی ممالک میں ہزاروں افرادکے بے روزگارہونے کی اطلاع درست ہے ۔
