واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کرگئی، تفصیلات کے مطابق چین سے شروع ہوانے والی کورونا وائرس کی وبا پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اور اس سے سب سے زیادہ متاثر امریکا ہوا ہے جہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ 32ہزار 700 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں، 13ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اس وقت ملک میں 5لاکھ 68ہزار 769 ایکٹو موجود ہیں جن میں سے 13ہزار 487مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں امریکہ میں تقریباََ 2600 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ کورونا وائرس سے ہونے والی اب تک کی کسی بھی ملک میں یومیہ ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ گزشتہ کل بھی امریکہ میں 2228 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں جو کہ کل تک کے اعداد و شمار کے مطابق کسی بھی ملک میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں۔ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 31 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔ دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 21لاکھ 15 ہزار 360 ہو چکی ہے جبکہ اس مہلک وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 1 لاکھ 41 ہزار 188 ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں 51 ہزار 113 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے کورونا کے خلاف جنگ میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز وائٹ ہاو¿س میں معمول کی پریس کانفرنس میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دکھائی نہ دینے والے دشمن کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، نئے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ امریکہ میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی صدر نے لاک ڈاو¿ن اٹھانے کی طرف اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ ان حوصلہ افزا پیشرفتوں نے ملک کو دوبارہ کھولنے سے متعلق ریاستوں کے رہنما خطوط کو حتمی شکل دینے کے لے ہمیں ایک بہت مضبوط پوزیشن میں پہنچایا ہے۔ پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیویارک میں نئے کیسز کی تعداد میں خاطرخواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وائرس سے متاثرہ 29 ریاستوں میں اہم پیشرفتوں کی خبریں ہیں اور یہ ریاستیں بہتری کی علامات ظاہر کر رہی ہیں۔ امریکہ میں کورونا ٹاسک فورس کے سربراہ امریکی نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث بند ملک کو کب اور کیسے کھولنا ہے اس کے بارے میں متعلقہ گورنرز کو جمعرات تک ہدایات جاری کر دی جائیں گی۔
