لاہور (لیڈی رپورٹر) خبریں رضاکار کا کرونا سے متاثرہ مزدوروں‘ دیہاڑی دار افراد اور غریبوں کو کھانا کھلانے کے 13 ویں روز بھی سلسلہ جاری رہا۔ جس میں شہریوں نے خبریں رضاکار کو خوب دعاﺅں دیں اور خبریں گروپ کا شکریہ ادا کیا۔ مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد علی درانی نے کہا کہ آج ضیا شاہد اور امتنان شاہد رضا کار بن کر شہریوں کو کھانا کھلا رہے ہیں۔ سب مخیر لوگوں کو ان کا ساتھ دیتے ہوئے غریبوں کو کھانا کھلانا چاہئے۔ گلوکار ساحر علی بگا نے خبریں رضا کار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ خبریں گروپ ہمیشہ مشکل وقت میں شہریوں کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے اور اب کرونا سے متاثرہ لوگوں کو کھانا کھلا کر اپنی روایت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ معروف بیوٹیشن مسرت مصباح نے کہا کہ ضیا شاہد اور امتنان شاہد کی سربراہی میں خبریں رضا کار بہت اچھا کام کر رہا ہے اور دیہاڑی دار اور سفید پوش لوگوں کو کھانا کھلا رہا ہے۔ غریبوں کی دادرسی کرنا اور ان کی مدد کرنا صرف یہی لوگ صحیح طریقے سے جانتے ہیں۔ میں سب مخیر حضرات سے اپیل کرتی ہوں کہ مشکل کی اس گھڑی میں آگے بڑھیں اور خبریں گروپ کا ساتھ دیں۔ ٹیسٹ اوپنر عابد علی کا کہنا تھا کہ خبریں گروپ کا سفید پوش لوگوں کو کھانا کھلانا نیکی کا کام ہے میں اس ادارہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اپنے پیاروں کا بہت خیال رکھیں کیونکہ ایسے کام کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی سارہ افضل تارڑ نے خبریں رضا کار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کام دوسروں کے لیے مشعل راہ ہے۔ آج کے مشکل دور میں خبریں گروپ جس طرح لوگوں کو آگاہی دے رہا ہے اور ان کی مدد کر رہے ہیں میں ان کو سلیوٹ پیش کرتی ہوں۔ میری نیک تمنائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں۔ سب مخیر حضرات کو ان کے ساتھ مل کر غریبوں کی مدد کرنی چاہئے تاکہ اللہ پاک راضی ہو اور کرونا کی وبا پوری دنیا سے ختم ہو۔
