تازہ تر ین

جویریہ خان کی بابر اعظم اور دھونی کیساتھ پئیر بنانےکی خواہش

کراچی(سپورٹس ڈیسک)قومی ویمن کرکٹر جویریہ خان نے بابر اعظم اور ایم ایس دھونی کے ساتھ پئیر بنا کر کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی، اُن کا کہنا ہے کہ پرفارمنس بہتر بنانے میں بابر اعظم سے بڑی مدد ملتی ہے جبکہ ایم ایس دھونی کے ساتھ کھیل کر میچورٹی بہت جلد آتی ہے۔32سالہ جویریہ خان پاکستان کی طرف سے 103 ون ڈے اور 101 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکی ہیں۔ اس وقت ان کا شمار پاکستان کی سینئر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ جویریہ خان نے بھی ڈریم پئیر مہم میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مین اور ویمن ڈریم پئیرز کے بارے میں بتا دیا۔ ویمن کرکٹر جویریہ خان نے اپنی حالیہ پرفارمنس میں بابر اعظم کو کریڈٹ دیا ہے، کہتی ہیں کہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم سے رہنمائی لیتی رہتی ہیں، وہ جو بتاتے ہیں میں اس پر عمل کرتی ہوں، پرفارمنس بہتر بنانے میں مجھے بابرا عظم سے بڑی مدد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ایس دھونی کے ساتھ بھی پئیر بنا کر کھیلنا چاہوں گی، ایم ایس دھونی کا کرکٹ مائنڈ ہے، ان میں کرکٹ کی بہت سمجھ بوجھ ہے، ان کے ساتھ کھیل کر میچورٹی بہت جلد آجاتی ہے۔جویریہ خان نے ویمن کرکٹرز میں آسٹریلیا کی کرکٹرز ایلیکس بلیک ویل اور میگ لیننگ کا نام لیا ہے، کہتی ہیں کہ ایلیکس بلیک ویل ساتھ لے کر چلتی ہیں جبکہ آسٹریلوی کپتان میگ لیننگ کی تیکنیک بہت شاندار ہے۔جویریہ خان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کوالیفائر ملتوی ہونے سے مایوسی ہوئی لیکن موجودہ حالات میں یہ ایک اچھا فیصلہ ہے۔ کیونکہ کوویڈ 19 کے دور میں جان سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے، جویریہ خان نے کہا کہ پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے اس سے بڑھ کر میری کوئی اور خواہش نہیں ہو سکتی کہ کرکٹ جلد سے جلد شروع ہو۔لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اگر حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو کورونا وائرس سے جلد چھٹکارا پانا مشکل ہو جائے گا۔جویریہ خان کہتی ہیں کہ اگرچہ ہم ان دنوں گھروں میں ہیں لیکن اس کے باوجود فٹنس کو برقرار رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تاکہ جب کھیلوں کی سرگرمیاں شروع ہوں تو کھلاڑی مکمل فٹ ہوں، میں بھی فٹنس کا بہت خیال رکھتی ہوں، خود کو متحرک رکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain