پاک بحریہ طاقتور فورس ہے، پاک بحریہ کی تاریخ بہادری اور قربانیوں سے عبارت ہے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا نیول وار کالج لاہورکا دورہ
راولپنڈی (ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جب بھی دشمن کا سامنا ہوا، پاک بحریہ توقعات پر پوری اتری، پاک بحریہ طاقتور فورس ہے، پاک بحریہ کی تاریخ بہادری اور قربانیوں سے عبارت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے نیول وار کالج لاہورکا دورہ کیا، وارکالج آمد پر کمانڈنٹ ریئرایڈمرل محمد زبیر شفیق نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔اس موقع پر کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسن بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ آرمی چیف نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔ آرمی چیف نے 49 ویں نیول اسٹاف کورس کے شرکاء اورفیکلٹی ارکان سے بھی خطاب کیا۔
آرمی چیف نے خطاب میں سیکیورٹی چیلنجز، جیواسٹریٹجک صورتحال اور دستیاب مواقعوں پراظہار خیال کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ نیول وار کالج پاک بحریہ کا گرانقدر ادارہ ہے۔ پاک نیوی کی تاریخ بہادری اور قربانیوں سے عبارت ہے۔ پاک بحریہ نے بحری سرحدوں کی حفاظت بھرپور جذبے کے ساتھ کی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ جب بھی دشمن کا سامنا ہوا پاک بحریہ قوم کی توقعات پر پورا اتری۔ پاک بحریہ بطور طاقتور فورس ہمیشہ قوم کی توقعات پر پوری اتری ہے۔