تازہ تر ین

ایشیاءکپ کا میلہ سجنے سے پہلے ہی اجڑ گیا

لاہور (ویب ڈیسک ) ایشیائی کرکٹ کا میلہ سجنے سے پہلے ہی اجڑ گیا، ستمبر میں ہونے والے ایونٹ کے التواءکا اعلان بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) چیف سارو گنگولی کی جانب سے کیا گیا جبکہ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیاءکپ کی میزبانی پاکستان کو سونپی تھی، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کیلئے کوشاں پی سی بی اس ایونٹ کو ایک بہت بڑا موقع سمجھ رہا تھا، بھارتی ٹیم نے پاکستان آنے سے صاف انکار کیا تو چند میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کرانے پر بھی غور ہوا، کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال میں دنیا کے دیگر ملکوں کے کرکٹ بورڈز کی طرح پی سی بی نے بھی متبادل پلان بنانے شروع کر دئیے تھے۔

پہلے مکمل ٹورنامنٹ دبئی میں کرانے کی بات چلتی رہی جس کے بعد وائرس سے بہت کم متاثر ہونے والا سری لنکا میزبانی کیلئے مضبوط امیدوار بن کرسامنے آیا، اگلا ایونٹ پاکستان میں کرانے کی بھی باتیں ہوئیں،دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ اور میڈیا میں ایشیاءکپ کو ملتوی کرنے کی مہم زور وشور سے جاری رہی، اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا کی میزبانی میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ملتوی ہونے کا بھی بڑی بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے تاکہ آئی پی ایل کا راستہ صاف ہو سکے۔

ایشیا کپ کے مستقبل کے حوالے سے کسی فیصلے کا اعلان اے سی سی کے صدر نظم الحسن کو کرنا چاہیے تھا لیکن حیران کن طور پر بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی نے گھر بیٹھے ہی التوا کا اعلان کردیا اور ایک انٹرویو میں کہا کہ دسمبر میں بھارتی ٹیم کی مکمل سیریز ہے، ایشیاکپ تو ملتوی کیا جا چکا، تصدیق کیلئے میزبان کی جانب سے دوبارہ سوال کئے جانے پر بھی انہوں نے یہی موقف دہرایا۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تصدیق کردی کہ رواں سال ایشیائی ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں ہو گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی میزبانی کا تبادلہ سری لنکا کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اصولی طور پر کوئی بھی یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ رواں سال ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہوگا، اس لئے اب آئندہ سال کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین حکام کی ٹیلی کانفرنس جمعرات کو ہو گی جس میں ایونٹ کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔ ادھر بھارتی میڈیاکے مطابق سارو گنگولی کی جانب سے واضح الفاظ میں ایشیا کپ کے التواءکا اعلان ہونے سے ستمبر میں آئی پی ایل کا امکان روشن ہوگیا، ٹی 20ورلڈ کپ بھی ملتوی ہوگیا تو دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل لیگ کرانے کیلئے کافی وقت موجود ہو گا، تمام میچز ممبئی میں کرانے کا آپشن زیر غور ہے، یو اے ای اور سری لنکا میں انعقاد کے امکانات کا جائزہ پہلے ہی لیا جا رہا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدارواضح کر چکے کہ انٹرنیشنل ایونٹس کے شیڈول سے قطع نظر وہ اپنی لیگ کیلئے پلاننگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، بدترین صورتحال کے لحاظ سے اس وقت وہ تیسرے نمبر پر ہے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain