(ویب ڈیسک)ترکی میں فوجی طیارہ گرگیا ،حادثے میں ترک آرمی کے 7 اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔ عرب میڈیا کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں فوج کا ایک سروے طیارہ گر کر تباہ ہواجس کے نتیجے میں ترک عسکری 7اہل کار جاں بحق ہوگئے ۔ ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر داخلہ سلیمان صویلو نے جمعرات کے روز بتایا کہ یہ حادثہ بدھ کی شب آرتوس کے پہاڑوں میں پیش آیا۔ یہ طیارہ پیر کے روز سے وان صوبے اور کرد اکثریتی صوبے ہیکارے میں سروے اور نگرانی کے مشن پر تھا۔
وزیر داخلہ کے مطابق مذکورہ علاقے میں طیارے کا رابطہ منقطع ہونے کے بعد وہ 2200 میٹر کی بلندی سے نیچے آ گرا۔ طیارے میں دو ہواباز اور پانچ تکنیکی اہل کار سوار تھے۔وزیر داخلہ سلیمان صویلو نے جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 2015 میں تیار ہوا تھا۔تُرک حکومت نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔