تازہ تر ین

پشاور میں ندیم جوزف کے قتل کیخلاف نیویارک میں پاکستانی امریکن مسیحی برادری کا احتجاجی مظاہرہ

نیویارک (ویب ڈیسک  ) امریکہ میں بسنے والی پاکستانی امریکن مسیحی برادری نے پاکستان کے شہر پشاور کے سواتی گیٹ کے علاقے میں مسیحی برادری کے ایک رکن ندیم جوزف کے قتل کے خلاف نیویارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور چیف جسٹس اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعہ میں ملوث قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں ۔
نیویارک کے علاقے بروکلین میں احتجاجی مظاہرے کے انعقاد میں مسیحی برادری کی ایک نمائندہ تنظیم پاکستانی کرسچیئن ایسوسی ایشن آف یو ایس اے نے سینٹ آف لیما چرچ کے سامنے کیا ۔
اس احتجاجی مظاہرے میں پاکستانی کمیونٹی کے مسیحی ہی نہیں بلکہ مسلم کمیونٹی ارکان اور مقامی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی ۔پاکستان کرسچیئن ایسوسی ایشن کے چئیرمین ولیم شہزاد، پریذیڈنٹ پرویز اقبال ، سیکرٹری جنرل جیمز سپرئین ، وائس پریذیڈنٹ روحاما شاہ کے زیر اہتمام ہونیوالے احتجاجی مظاہرے میں فادر الیاس گل ، مادر لوک، پاسٹرطارق رحمت ، سابق رکن پنجاب اسمبلی پرویز رفیق، زیبا گلِ(چئیرپرسن گلوبل کرسچیئن وائس)، پاسٹرایمونیئل ، پاسٹر ڈیرک محبوب ،وسیم سہیل، روحیل سیموئیل کے علاوہ پاکستانی مسلم کمیونٹی کے صوفی مشتاق احمد کمبوہ ، ڈاکٹرفخر الدین چوہدری ، جاوید اخترچوہدری سمیت مقامی کمیونٹی ارکان نے شرکت کی ۔
مظاہرے میں کانگریس ویمن کلارک کے نمائندے آرلینڈو روس، امیدوار سٹی کونسل جوڈی نیوٹن (ڈسٹرکٹ46)، جیوئش کمیونٹی نیویارک کے مارک ایپل مائیر نے بھی خصوصی شرکت کی ۔
احتجاجی مظاہرے سے پاکستان سے پشاور میں قتل ہونیوالے ندیم جوزف مسیح کی بیوہ شاہین جوزف نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیل بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل خوف کا شکار ہیں ۔قوم کو اس کیس کے محرکات سے آگاہ کیا جائے اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
احتجاجی مظاہرے میں شریک قائدین نے ندیم جوزف کی بیوہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے حق میں آواز کے لئے اُس وقت تک آواز بلند کرتے رہیں گے کہ جب تک انصاف نہیں ہو جاتا ۔
مظاہرین نے ندیم جوز ف کے قتل کے غم میں شمعیں روشن کرکے سوگوار خاندان کے ساتھ اپنے غم اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا جبکہ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ندیم جوزف کے قاتلوں کے خلاف جبکہ سوگوار خاندان اور مسیحی برادری کے حق میں نعرے درج تھے ۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی برادری کے مقامی قائدین نے کہا کہ ندیم جوزف کے واقعہ پر امریکہ میں موجود مسیحی برادری شدید غم اور تشویش میں مبتلا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان اور چیف جسٹس پاکستان اس کیس میں انصاف کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے کہ جب تک قاتل اپنے انجام کو نہیں پہنچ جاتے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس کیس میں تحقیقات سے مطمئن نہیں ہیں ۔ انصاف کی فراہمی میں تاخیر کا مطلب انصاف سے انکار تصور کیا جاتا ہے ۔ اس لئے اس کیس میں حکام انصاف کو جلد از جلد یقینی بنائیں ۔
مظاہرے میں شریک پاکستانی کمیونٹی کے مقامی مسلم قائدین صوفی مشتاق کمبوہ ، ڈاکٹرفخر الدین چوہدری اور جاوید اختر نے کہا کہ دین ِ اسلام میں ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔ دیں کی آڑ میں ظلم کرنے والوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ۔ ہم ندیم جوزف کی سوگوار فیملی سے اپنی تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیںاور مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو سر عام پھانسی دے کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس ظلم کے خلاف امریکہ ہی نہیں پاکستان میں بھی مسیحی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
مظاہرے کے آغاز میںپاسٹر ڈیرک محبوب کی جانب سے دعا کی گئی ، صوفی مشتاق کمبوہ نے تلاوت کی جبکہ آخر میں فادرالیاس گلِ نے دعائیہ سروس کروائی


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain