(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب نےسیاحتی مقامات کھولنے سے متعلق بڑا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات کو جلد کھولنا چاہتے ہیں ، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو کھولنے کے لئے ایس او پیز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔دورۂ مری کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مری کی ترقی کے لئے نئے منصوبوں کا اعلان جلد کیا جائے گا، یہاں کے رہائشیوں کے لئے پانی کی فراہمی بہتر بنائیں گے۔انھوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات اوپن ہونے سے ٹورازم کو فروغ ملے گا، سیاحتی مقامات اور ریسٹورنٹس ایس او پیز کے تحت کھولنے کی سفارشات این سی او سی اجلاس میں رکھیں گے،این سی او سی کی منظوری کے بعد ایس او پیز کے مطابق انہیں کھولا جائے گا۔عثمان بزدار نے بتایا کہ مری میں 22 کروڑ روپے سے نئی واٹر اسکیم بنے گی، نئی اسکیم سے روزانہ 6 لاکھ گیلن پانی مری کے رہائشیوں کو ملے گا،جبکہ مری مظفر آباد روڈ 2 کروڑ 42 لاکھ روپے سے مکمل کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مری میں ساڑھے 3 لاکھ پھل دار درخت لگائے جائیں گے، یہاں تعمیرات سے متعلقہ بائی لاز کا جلد نفاذ کیا جائے گا، اس کے علاوہ مری میں کوہسار یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔