چیئرمین نیب کی جانب سے تمام مفرور اور اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے قانونی اقدامات اٹھانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ہدایت کی کہ عوام کے کروڑوں، اربوں روپے لوٹنے والی جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اورمفرور و اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے قانون کے مطابق اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔
چیئرمین نیب نے تمام کیسز کی تحقیقات کو میرٹ کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوان عناصر کیخلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز تحقیقات پر یقین رکھتا ہے، نیب افسران کا تعلق کسی پارٹی یا گروہ سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاستِ پاکستان سے ہے۔نیب افسران تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انویسٹی گیشن قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔
چیئر مین نیب نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی سربراہی میں نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں نیب لاہور کا اہم کردار ہے۔
یاد رہے کہ یہ تمام باتیں قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی جانب سے نیب لاہور کا دورہ کیا گیا ہے جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے کمائینڈ انویسٹی گیشن ٹیموں کے ہمراہ چیئر مین نیب کو نیب لاہور کی کارکردگی خصوصا میگا کرپشن کے مقدمات میں ہونیوالی تحقیقات میں ابتک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔