وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت منصوبوں کی تکمیل کے لئے بھر پور تعاون فراہم کریگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت گیس کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے میں گیس فراہمی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔
بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ گیس کے کم پریشر کا مسئلہ حل کرنے کے لئے مردان سے چارسدہ تا پشاور نئی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جارہی ہے جبکہ نئی ٹرانسمیشن لائن بچھانے پر رواں سال نومبر میں کام شروع کیا جائے گا، تخمینہ لاگت 2.6ارب روپے ہے۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ رشکئی میں کم پریشر کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بھی 1.2ارب روپے کی لاگت سے منصوبے پر کام شروع ہے جبکہ کرک ، کوہاٹ اور ہنگو میں گیس کے منصوبوں کے حوالے سے سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر پیش رفت جاری ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گیس کے شعبہ میں اربوں روپو ں کے ترقیاتی منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مزید کہا کہ موجودہ دور حکومت میں ہی تمام منصوبےمکمل کئے جائیں گے جبکہ صوبائی حکومت منصوبوں کی تکمیل کے لئے بھر پور تعاون فراہم کریگی۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین نے بھی اجلاس میں شریک کی۔