اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاناما ریفرنسز میں سزا کے خلاف سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد کی جانب سے دائر اپیلوں پر سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ نوازشریف کو بیرون ملک وفاقی حکومت نے بھیجا، ہمیں نوازشریف کی حاضری چاہیے، وفاقی حکومت جیسے چاہے یقینی بنائے۔
وفاقی دارالحکوت میں عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے پاناما ریفرنسز کے خلاف سابق وزیراعظم نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کی، تاہم آج کی سماعت میں نواز شریف کے وکلا خواجہ حارث اور زبیر خالد پشی نہ ہوئے جبکہ ان کی جگہ منور اقبال دگر عدالت میں موجود رہے۔
اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عدالت کے روبرو پیش ہوئے، مزید یہ کہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ جمع کروائی، جس کے مطابق نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری حسن نواز نے وصول کیے۔
خیال رہے کہ 15 سمتبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیا گیا، ان کے وارنٹ گرفتاری لندن میں پاکستان کے ہائی کمشن کو بھیج دیے گئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ 17 ستمبر کو دفتر خارجہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بھیجے گئے وارنٹ موصول ہوئے، جس کے بعد اسی روز ہی یہ وارنٹ برطانیہ بھیجے گئے۔
بعد ازاں 18 ستمبر کو پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات افسر راؤ عبدالحنان وارنٹ لے کر نواز شریف کے گھر گئے، جہاں نواز شریف کی رہائش گاہ پر تعینات شخص یعقوب نے وارنٹ وصول کرنے سے انکار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں حسن نواز نے رائل میل ڈاک کے ذریعے بھیجے گئے وارنٹ موصول کیے جبکہ نواز شریف کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس 16 اور 17 پر وارنٹ وصول کروائے گئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے پوچھا کہ نواز شریف کے وکیل کہاں ہیں، خواجہ حارث کیوں پیش نہیں ہوئے، جس پر جونیئر وکیل کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے وارنٹ جاری ہوگئے پیروی کا اختیار ختم ہوگیا، اس لیے خواجہ حارث نہیں آئے۔
اس پر عدالت نے کہا کہ حکم نامے میں خواجہ حارث کو پیش ہونے سے روکنے کی کوئی ہدایت نہیں دی، ساتھ ہی عدالت نے پوچھا کہ کیا آپ نے اپنے مؤکل نوازشریف کو وارنٹ گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ میری اطلاع کے مطابق نوازشریف اسلام آباد ہائیکورٹ کے 15 ستمبر کے حکم سے آگاہ ہیں۔
اسی دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگر عدالت حکم دے گی تو نواز شریف کی حوالگی کے لیے کارروائی کریں گے، جس پر عدالت نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں، عدالت میں حاضری آپ نے یقینی بنانی ہے۔
عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی، نواز شریف کے بیرون ملک جانے کی اجازت پر وفاقی حکومت نے پوچھنا یا بتانا بھی گوارہ نہ کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ ویسے انکوائری شروع ہوتی ہے بندے کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیتے ہیں، یہاں سزا یافتہ شخص باہر چلا گیا عدالت کو پوچھنے یا بتانے کی زحمت نہ کی۔
عدالت نے کہا کہ نوازشریف کو بیرون ملک وفاقی حکومت نے بھیجا، ہمیں نوازشریف کی حاضری چاہیے، وفاقی حکومت جیسے چاہے یقینی بنائے۔
سماعت کے دوران ہی جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ کیا یہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری نہیں، جنہوں نے نوازشریف کو جانے کی اجازت دی، ساتھ ہی جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ حکومت نے اس عدالت میں کوئی درخواست دائر نہیں دی کہ ہم ایک سزا یافتہ شخص کو جانے کی اجازت دے رہے ہیں، اس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، وفاقی حکومت نے نام ای سی ایل سے نکالا، لاہور ہائیکورٹ نے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم نہیں دیا بلکہ انہوں نے تو طریقہ کار طے کیا۔