(ویب ڈیسک)وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ نواز شریف چند پیسوں کے لیے غیر ملکی آلہ کار بن کر کام کرتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریر نشر کرنے کے خلاف تھا، مجھے خدشہ تھا کہ وہ جو بات کریں گے اس سے پاکستان کو مستقبل میں نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو شک نہیں کہ بھارت فوج پر حملہ کرکے ففتھ جنریشن وار کے ذریعے پاکستان کو توڑنا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بھارت کے اسٹریٹجک ڈیفنس کے ماہر نے کہا تھا کہ پاکستان کی فوج کے خلاف بغاوت کرادو تو پاکستان ٹوٹ جائے گا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کو توڑے بغیر چین نہیں آرہا، ڈھاکا میں نریندر مودی اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ 1971 میں بھارت نے کیسے پاکستان کو توڑا۔
انہوں نے کہا کہ مفرور نواز شریف کے ماضی کو دیکھیں تو ان کے بھائی نے حلف نامہ دیا تھا کہ 4 ہفتوں میں ان کا علاج ہوجائے گا۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف جماعت سازشی جماعت بن گئی ہے جس میں بہت سارے لوگ ایسے ہیں جو چھوٹے موٹے چور ہیں تاہم وہ پاکستان مخالف، اپنی فوج کے خلاف بیانیے میں نہیں پڑنا چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ نواز شریف کو ہمیشہ فوج سے مسئلہ کیوں رہتا ہے، یہ پورا کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے بیوروکریسی، نیب اور عدلیہ میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کرنے کی کوشش کی ہے تاہم ایک ادارہ ہے جو ان سے پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کاروبار کرنے پر سوال اٹھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘نواز شریف پاکستان دشمن نہیں تاہم یہ ایک مکار کاروباری شخص ہے جو چند پیسوں کے لیے ان کی زمین میں چلا جاتا ہے اور پھر ان کا پرزہ بن کر کام کرتے ہیں’۔