تازہ تر ین

بتایا جائے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ کہاں سے ملتا ہے؟ شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے بتایا جائے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ کہاں سے ملتا ہے تاکہ میں بھی حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کے لیے اپلائی کروں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا جو غدار اور انڈین ایجنٹ کہہ رہے تھے وہ سارے غائب ہیں، کہا گیا کہ مقدمہ درج ہونے کا وزیراعظم کوپتہ ہی نہیں تھا، وہ ناراض ہوئے ہیں پرچہ کٹنے پر، وزیراعظم کو تو کچھ پتہ ہی نہیں ہے، وزیراعظم کو علم ہی نہیں کہ معیشت تباہ ہو گئی ہے، انہوں نے 2 سال میں اتنے قرضے لے لیے جو پچھلے 10 سال میں نہیں لیے گئے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ پہلے غداری کی سرٹیفکیٹ بانٹتے رہے، اب کہہ رہے ہیں کہ حکومت کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہے، پوچھنا چاہتا ہوں حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ کہاں سے ملتا ہے تاکہ میں بھی اپلائی کروں، وزیراعظم رہنے کے بعد میں بھی اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دے دیں۔

ان کا کہنا تھا غداری کا لیبل تو آپ نے لگا دیا ہے لیکن کوئی وزیر عوام کی تکلیف یا مشکل کی بات نہیں کرتا، میرا چیلنج ہے کہ غداری کا مقدمہ کھلی عدالت میں چلائیں، پاکستان کے عوام کو دکھائیں کون سے غدار ہیں۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ شاہدرہ کا پرچہ عمران خان نے درج کرایا یہی حقیقت ہے، کابینہ کے اجلاس میں عوام کی تکلیف نہیں پرچوں کی بات ہوتی ہے، کھلا چیلنج ہے عمران خان سمیت ساری کابینہ اس پرچے کی مدعی بنے، کھلی عدالت میں یہ مقدمہ چلایا جائے تاکہ پتہ چلے مودی کی مدد کرنے والا کون ہے۔

سابق وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ میں کسی پر غداری کا الزام نہیں لگاتا نہ سرٹیفکیٹس بانٹتا ہوں، لیکن جو ملک کو نقصان پہنچاتا ہے غدار وہی ہوتا ہے، غدار وہ ہوتے ہیں جو کشمیر کا سودا کرتے ہیں، غدار وہ ہوتے ہیں جو سی پیک بند کرتے ہیں، غداری اور حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ نہ بانٹیں، عوام کے مسائل حل کریں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain