پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے انتخابات ’چوری‘ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ’میرا الیکشن چوری کرلیا گیا، میں جلد گلگت بلتستان کے عوام کے احتجاج میں ان کے ساتھ شریک ہوں گا‘۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی 23 نشستوں پر انتخابات گزشتہ روز منعقد ہوئے تھے جس کے اب تک کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو واضح برتری حاصل ہے۔
ٖغیر حتمی نتائج کے مطابق اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) دوسرے نمبر پر ہے اور پی پی پی کے علاوہ مسلم لیگ (ن) نے بھی پولنگ اور گنتی کے عمل کے دوران بے ضابطگیوں اور مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کے الزمات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جو چیزیں 2018 کے عام انتخابات میں دیکھی گئیں وہ ہی سب گلگت انتخابات میں بھی ہوا۔
گزشتہ روز بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے الزامات عائد کیے گئے تھے کہ ریٹرننگ افسران گنتی کا عمل مکمل ہونے کے باوجود نتائج کا اعلان نہیں کررہے اور غذر کے ایک پولنگ اسٹیشن میں رات 11 بجے تک پولنگ جاری رہی اور اس کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے موقع سے بیلٹ باکس چھینے۔
علاوہ ازیں ووٹوں کی گنتی کے وقت اسکردو میں پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کے مابین جھڑپ بھی ہوئی تھی۔