گلگت بلسٹنٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے چار آزاد امیدوار حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں۔ اس سے پارٹی کو حکومت بنانے کے لئے درکار نشستوں کی تعداد پوری ہوگئی ہے۔
حالیہ انتخابات میں 7 آواد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جن میں متعدد تحریک انصاف کے ہی دیرینہ کارکن ہیں مگر الیکشن سے قبل دوسری پارٹیوں کے امیداروں کو تحریک انصاف شامل کروا کر انہیں ٹکٹ دیے گئے جس پر پارٹی کارکنان نے بغاوت کرکے آزاد امیدوار کھڑے کیے۔
جن امیدواروں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے، ان میں جی بی ایل اے 22 گھانچھے سے مشتاق حسین، جی بی ایل اے 23 سے عبد الحمید، جی بی ایل اے 9 سے وزیر محمد سلیم اور جی بی ایل اے 10 سے ناصر علی خان شامل ہیں۔
انتخابات میں پی ٹی آئی نے 10 اور آزاد امیدواروں نے سات نشستیں جیتی تھیں۔ پارٹی کے پاس اب 24 میں سے 14 نشستیں ہیں جبکہ ایک نشست اس کے اتحادی مجلس وحدت المسلمین نے حاصل کی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری نے دعوی کیا ہے کہ انتخابات شفاف نہیں تھے۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فافن کی رپورٹ نے بھی انتخابات پر سوالات اٹھائے ہیں۔ فافن رپورٹ کے مطابق مبصرین کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی۔
انتخابات میں پیپلز پارٹی نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ تیسری نشست کے لیے دوبارہ گنتی جاری ہے۔
مسلم لیگ نواز نے بھی انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔ مریم نواز نے گزشتہ روز مانسہرہ میں جسلہ عام سے خطاب کرتے یوئے کہا تھا کہ 8 نشستوں کی مبارکباد وہ عمران خان کو نہیں بلکہ ’سلیکٹرز‘ کو دیں گی۔