سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان تمام شھریوں کی مادری زبان اور ثقافتوں کا گلدستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے یوم ثقافت کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے سندھیوں کو مبارک باد دی۔
سابق صدر نے کہا کہ شھید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے لوک ورثہ بنایا کہ ہماری ثقافت زندہ رہے جبکہ اکیڈمی ادبیات کی بنیاد بھی شھید بھٹو کا کارنامہ ہے۔
آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ اپنی ثقافت کی بق کیلیئے ضروری ہے شدت پسندی کی مزاحمت کی جائے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ سندھ پیار محبت والوں کی دھرتی ہے اور حملہ آوروں کی مزاحمت کی تاریخ کی وارث ہے اور اپنی تاریخ، زبان اور ثقافت کی حفاظت کرنے والی قومیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔
یاد رہے کہ دسمبر کے پہلے اتوار کو منایا جانے والا سندھ یوم ثقافت کو سندھ کے باسی عید کے تہوار کی طرح مناتے ہیں، ہر سال کی طرح اس سال بھی آج کا دن سندھ کلچرل ڈے کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر سندھ کے مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شرکاء سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے شرکت کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں آج بھی ہر کوئی سندھ کے روایتی رنگوں میں رنگا ہوا ہے اور سندھی ٹوپی اور اجرک زیب تن کیے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ اس دن کو بھرپور انداز سے منایا جا رہا ہے۔
آج مختلف تقریبات میں سندھی ثقافتی ٹیبلو پیش کر کے یا علاقائی گیتوں پر والہانہ جھوم کر اپنی ثقافت سےمحبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
سندھی ثقافت کے دن کے سلسلے میں ضلع بدین میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں چار سو سندھی ثقافت کے رنگ بکھرے دکھائی د ے رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ علاقائی گیتوں پر رقص بھی کیا جا رہا ہے