یراعظم عمران خان نے بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو نشانہ بنانے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برداری کو واضح کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف جعلی آپریشن کیا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے ایل او سی پراقوام متحدہ کے مبصر گروپ کی گاڑی پر جان بوجھ کر فائرنگ کی جس پر اقواممتحدہ کا نشان اور جھنڈا واضح طور پر لہرا رہا تھا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘اس سے بھارت کے ایک ریاست کے طور پر تمام بین الاقوامی اقدار، بین الاقوامی اور اقوام متحدہ کے قانون کے احترام سے انحراف ہے، پاکستان اس رویے کی شدید مذمت کرتا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں ایک مرتبہ پھر عالمی برادری کو خبردار کرنا چاہتاہوں کہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اپنے اندرونی مسائل خاص کر معاشی تنزلی، کسانوں کے احتجاج اور کووڈ-19 کی ناقص حکمت عملی سے مودی حکومت پاکستان کے خلاف جعلی فلیگ آپریشن کے ذریعے اندرونی چپقلش سے توجہ ہٹائے گی’۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ‘بھارت نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر 2020 میں بلااشتعال جنگ بندی کی 3 ہزار خلاف ورزیاں کی ہیں اور عام شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے 92 خواتین اور 68 بچوں سمیت 276 افراد متاثر ہوئے’۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ‘میں عالمی برادری کو واضح کر رہا ہوں کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف جعلی فلیگ آپریشن شروع کرنے کی غلطی کی تو اس کو پاکستانی قوم کا مضبوط جواب ملے اور ہر سطح پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بھارت ایسے غلطی نہ کرے’۔
اس سے قبل دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘پاکستان نے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ پر بھارت کے قابل مذمت حملے کو باقاعدہ طور پر اٹھایا ہے اور زور دیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں’۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘اقوام متحدہ میں پاکستان کے مسقتل مندوب نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط میں لکھا ہے کہ اقوام متحدہ کے واضح نشان والی گاڑی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا جو مبصر گروپ کے کام میں رکاؤٹ ڈالنے کی ایک اور جابرانہ اور بزدلانہ کوشش ہے’۔
انہوں نے سیکریٹری اور سلامتی کونسل کو آگاہ کیا کہ ‘پاکستان کے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ آر ایس ایس-بی جے پی حکومت مقامی مشکلات سے توجہ ہٹانے اور پاکستان کے خلاف ایک اور ناکام کارروائی کو تقویت بخشنے کے لیے ایک جعلی کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے




































