راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ یو این مبصر مشن کی گاڑی پر حملہ علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، بھارتی فوج کو ہر مہم جوئی اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا ، کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹنٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایل او سی کے اگلے مورچوں پر جوانوں سے بھی ملاقات کی ، جہاں انہیں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور سول آبادیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے پر بریفنگ دی گئی۔ اس دوران آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلوں و تیاریوں کو سراہا اور مسلسل چوکس رہنے ، پروفیشنلازم پر جوانوں و افسروں کی تعریف کی۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، بھارتی فوج کو ہر مہم جوئی اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یو این مبصر مشن کی گاڑی پر حملہ علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے آج ایل او سی کےتتہ پانی اور جندروٹ سیکٹرزمیں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 50 سالہ خاتون شہید اور 3 شہری زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں اورمارٹر گولوں کا استعمال کیا۔زخمیوں کی قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔زخمیوں میں4سالہ بچی بھی شامل ہے۔





































