کور کمانڈرز کانفرنس میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کوہرقیمت پرشکست دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے اور ملک کے اندرونی سیکیورٹی ماحول اور سرحدوں کی صورتحال کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا گیا ۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں یوم حق خودارادیت کی مناسبت سے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور لائن آف کنٹرول، ورکنگ باؤنڈری سمیت مشرقی سرحدوں کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دشمن کی ممکنہ مہم جوئی ناکام بنانے کے لیے آپریشنل تیاریوں میں اضافے پر توجہ مرکوز رہے گی۔
آرمی چیف نے ہدایت کی کہ تمام درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے اعلیٰ ترین صلاحیتیں و استعداد برقرار رکھی جائے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر کورونا وباء سے نمٹنے والوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے امن کے لیے قربانیاں دینےوالےشہدا ءخاص کر بلوچستان کے واقعات کے شہداء کوبھرپورخراج عقیدت پیش کیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشتگردوں اوران کےسہولت کاروں کوہرقیمت پرشکست دیں گے۔