تازہ تر ین

جو سوال سیاستدانوں سے کرنے ہیں وہ ججوں سے بھی کریں:شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے  براڈشیٹ سے متعلق تمام حقائق عوام کے سامنے لانےکا مطالبہ کردیا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا قومی احتساب بیور (‏نیب) ملک میں سیاست کو ناکام اوربدنام کرنےکا طریقہ ہے، ان عدالتوں میں جو کیس بن رہے ہیں وہ جھوٹ کے پلندے کے علاوہ کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا ملک میں یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش ہے کہ سیاست دان کرپٹ ہیں، سیاستدانوں سے جس معیار پر سوال کیے جاتے ہیں بیوروکریٹ، جج اور جرنیل سے بھی کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں آج خاموش کیوں ہیں جو ایک ویزے پر وزیراعظم کو نااہل کرتی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ تو ایک کیس ہے، نیب کا ریکارڈ سامنےآئے تو نا انصافی اور کرپشن کی داستان ملیں گی، انصاف ہو تو 3 نیب چیئرمین جیل جائیں گے، انصاف کا ایک معیار نہ ہو تو احتساب عدالتوں میں چلنے والے کیس پولیٹیکل انجینرنگ اور سیاستدانوں کو بدنام کرنےکا ذریعہ ہیں۔

شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ احتساب کا ادارہ سمجھنے جانے والا ادارہ آج خود قابلِ احتساب ہے لیکن پوچھنے والا کوئی نہیں۔

براڈ شیٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ  جو وزیراعظم کہتا تھا کہ اتنی کرپشن ہو گئی وہ آج کہتا ہے میرا براڈشیٹ سے کوئی تعلق نہیں، کون سے جنرل صاحب تھے جو کاوے موسوی سے جا کر ملے اور پیسے مانگے، ان سوالوں کے جواب دینے والا کوئی نہیں کیونکہ پوچھنے والا کوئی نہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ براڈشیٹ کے تمام دستاویزات عوام کے سامنے رکھیں، کئی پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے، جنرل مشرف کا نام آتا ہے تو ان کا بھی ریمانڈ لیں اور جیل بھیجیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain