افغان صدر اشرف غنی نے امریکا کا پیش کردہ امن منصوبہ مسترد کردیا اور اس کے متبادل کے طور پر وہ آئندہ 6 ماہ میں نئے صدارتی انتخاب کی تجویز پیش کریں گے۔
دو سینئر سرکاری عہدیداروں نے خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کو بتایا کہ اشرف غنی اگلے ماہ ترکی میں ہونے والے بین الاقوامی اجتماع میں اس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے ان کی منتخب حکومت کو عبوری انتظامیہ سے بدلنے کی امریکی تجویز کو مسترد کردیں گے۔
امریکا نے گزشتہ سال تقریباً دو دہائیوں کے بعد یکم مئی تک افغانستان سے اپنی فوجیں واپس بلانے پر اتفاق کیا تھا اور اس وقت امریکی انتظامیہ حکومت اور طالبان کے مابین جنگ ختم کرنے کے لیے ایک امن معاہدے پر دباؤ ڈال رہی ہے، قطر میں افغان فریقین کے مابین مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔
امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ایک ایسی تجویز پیش کی تھی جس میں کابل حکومت کی جگہ عبوری انتظامیہ ہو گی لیکن اشرف غنی نے کسی بھی ایسے حل کی بھرپور مخالفت کی ہے جس کے تحت ان کی منتخب حکومت کو غیر منتخب جانشینوں کے لیے حکومت چھوڑنی پڑے۔
ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم استنبول کے اجلاس میں یہ جوابی تجویز پیش کرنے جا رہے ہیں کہ اگر طالبان سیز فائر پر راضی ہوتے ہیں تو جلد از جلد صدارتی انتخاب کرا دیے جائیں۔
ایک اور افغان سرکاری عہدیدار نے کہا کہ صدر کبھی بھی اس سے دستبردار ہونے پر راضی نہیں ہوں گے اور ان کا ماننا ہے کہ آئندہ کوئی بھی حکومت سیاسی معاہدے کے بجائے جمہوری عمل کے ذریعے تشکیل دی جانی چاہیے۔