اپوزیشن کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قسمت ڈانواں ڈول ہوگئی ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اتحاد کی جانب سے پارٹی کو جاری کردہ اظہار وجوہ کا نوٹس پھاڑ دیا۔
یہ پی ڈی ایم کے لیے واضح پیغام ہے کہ مستقبل سراسر باہمی احترام پر منحصر ہے۔
پی ڈی ایم کو ایک دھچکا گزشتہ ہفتے لگا تھا جب عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے اسے ‘کچھ پارٹیوں کے ہائی جیک کرنے کی وجہ’ سے خیرباد کہہ دیا تھا۔
پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اہم اجلاس گزشتہ روز مغرب تک اختتام پذیر ہوجانا تھا لیکن بلاول ہاؤس کی بیٹھک میں متعدد مسائل پر گفت و شنید طویل ہوگئی۔
ملک بھر سے اجلاس میں شرکت کرنے والے پارٹی کے 50 رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیشن پیر (آج) کو بھی جاری رہے۔
میڈیا کو فراہم کردہ ایجنڈے میں موجود متعدد نکات پر بات چیت ہوئی لیکن سب سے اہم مرحلہ اس وقت آیا جب رہنماؤں کو پی ڈی ایم کی جانب سے جماعت کی حالیہ پالیسیوں پر جاری اظہار وجوہ کے نوٹس کا جواب دینے کے لیے کہا گیا۔