چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ حالیہ تشدد کے واقعات حکومت کی صورتحال سے پُرامن طورپرنمٹنے میں ناکامی کے باعث ہوئے ہیں۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے مختلف شہروں میں تشدد کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اصل جنگ تو اس خراب ہوتی ہوئی صورتحال کی وجوہات کے خلاف ہے، یہ سلیکٹڈ حکومت ملک کے چیلنجز کو پارلیمنٹ میں زیربحث کیوں نہیں لائی؟
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ماضی میں سلیکٹڈ کو یہ اجازت دی گئی کہ وہ سرکاری املاک پرحملے اور قبضے کرے، پاکستان کے عوام کی جمہوری خواہشات کو دبانے کے لیے نئے نئے عفریت جنم دیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس ناک بات ہےکہ ہم یہ سمجھنے میں ناکام ہوگئےکہ جو مستقل آگ سے کھیلتا ہے وہ خود بھی جل جاتا ہے، کسی بھی صورتحال میں قانون کی عملداری قائم رہنی چاہیے۔