تازہ تر ین

ترکی،پاکستان کا فلسطین کےخلاف اسرائیلی حملے روکنے کیلئے عالمی برادری کو متحرک کرنے کا فیصلہ

وزیرِ اعظم عمران خان اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ اور مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں پر حملے کے معاملے پر عالمی برادری کو متحرک کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم آفس سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وزیر اعظم خان کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی حملوں کو روکنے میں بالخصوص اقوام متحدہ اور بالعموم عالمی برادری کو مشترکہ طور پر متحد و متحرک کرنے کی کوشش کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق عمران خان اور طیب رجب اردوان نے اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ بین الاقوامی سطح پر فلسطین کا معاملہ اٹھانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے کردار کو سراہتے ہوئے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلا کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے لیے سیاسی حل کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے ضمن میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان اعلیٰ سطح پر روابط کا سلسلہ جاری رہے گا۔

علاوہ ازیں دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد بھی دی۔

خیال رہے کہ چند روز پہلے وزیر اعظم خان نے شہریوں کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کی تھی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد بے گناہ فلسطینی جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain