اسلام آباد : (این این آئی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سودے کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتی، تحریک عدم اعتماد کا اگر شوق ہے تو سینیٹ سے شروع کریں۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ کراچی کے جلسے میں پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں شرکت کریں گی۔انکا کہنا تھا کہ صحافی لاپتہ ہونے لگیں تو بڑی تکلیف دہ بات ہے ۔
ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ لاپتہ افراد کا معاملہ حل کرنے کی ضرورت ہے ، جمہوریت کے اندر لاپتہ افراد نہیں ہونے چاہئیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ میں پتہ چل جائے گا کہ تحریک عدم اعتماد کی حقیقت پاکستان میں کیا ہے ۔
جو ملک آئین کے مطابق نہیں چلتے وہاں تحریک عدم اعتماد بھی نہیں ہوتی۔ادھرمسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز اپنے صاحبزادے کی تقریب نکاح میں شرکت نہیں کریں گی، انہوں نے کوئی درخواست دی ہے اور نہ ہی دیں گی۔اپنے ایک ٹویٹ میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اور انکے ترجمانوں کے چہرے جھوٹ کی سیاہی سے کالے ہوچکے ہیں۔ زندگی، صحت اور بچوں پر سیاست کرنے والے قابل ترس ہیں۔