تازہ تر ین

کنٹونمنٹ انتخابات اور پی ٹی آئی کی جیت

طارق ملک
پاکستان بھر میں کنٹونمنٹ بورڈ کی کل 212 نشستوں کا رزلٹ آچکا ہے جس میں سے پی ٹی آئی کی60 پاکستان مسلم لیگ ن کی 59 آزاد امیدوار55 پاکستان پیپلزپارٹی17 ایم کیو ایم10 جماعت اسلامی 7 اور بلوچستان عوامی پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کیں اس طرح پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل رہا۔اس طرح پی ٹی آئی نے سندھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے برابر سیٹیں حاصل کیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی کا گراف بڑھا ہے کے پی کے نے پی ٹی آئی سے 16 آزاد امیدواروں نے 11 پی ایم ایل این نے 5 اور پاکستان پیپلزپارٹی نے 3 نشستیں حاصل کیں، اس طرح کے پی کے میں پی ٹی آئی کا پلہ بھاری رہا۔ بلوچستان میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو کوئی نشست نہیں ملی۔لہٰذا پی ٹی آئی واحد قومی جماعت بن کر اُبھری جس نے پنجاب سندھ بلوچستان اور کے پی کے میں نشستیں حاصل کیں۔ مسلم لیگ ن صرف پنجاب کی جماعت بن کر رہ گئی ہے۔ اب مستقبل میں پنجاب میں اپنی اکثریت بڑھانے کے لئے پی ٹی آئی کو شہری علاقوں میں خاص طور پر مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہو گا کیونکہ دیہی علاقوں میں اشیاء خورونوش کی مہنگائی کا اتنا اثر نہ ہے کیونکہ زمیندار اور کسانوں کو ان کی اجناس کا معقول معاوضہ مل رہا ہے۔
پاکستانی قوم حج عمرہ کرنے میں دُنیا میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ ایمانداری میں 180 ملکوں میں سے 117 ویں نمبر پر ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں مصنوعی مہنگائی کی وجہ سے غربت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے سابقہ چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے اپنی تعیناتی کے آخری ایام میں مصنوعی مہنگائی ختم کرنے کے لئے دن رات کام کیا اور پرائس مجسٹریٹس کے ہفتہ وار اجلاس کی خود صدارت کی۔ اُنہوں نے غریبوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا ایک طریقہ کار بھی واضع کیا تھا جس کے تحت ہر غریب گھرانے کو آٹے کی مد میں ایک ہزار روپیہ ادا کرنا تھا جو کہ ایک بہت بڑا ریلیف تھا مگر اب اُن کے جانے کے بعد اس سکیم کا کیا بنتا ہے کچھ پتا نہیں۔
نئے چیف سیکرٹری صاحبکو وزیراعظم عمران خان کی طرف سے مہنگائی کنٹرول کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے جس کے لئے وہ آتے ہی دن رات کام کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کام اور کارکردگی کی بنیاد پر تبادلے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام ڈپٹی کمشنر زکو پرائس کنٹرول پر الرٹ کر دیا ہے سب سے بڑھ کر چیف سیکرٹری پنجاب نے ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی پرائس کنٹرول سے جانچنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے اس ضمن میں چیف سیکرٹری پنجاب کی خدمت میں گزارش ہے کہ تمام دکانوں پر نمایاں طور پر اشیا خورونوش کے ریٹ لگوائے جائیں عام طور پر ایک چھوٹے سے کاغذ پر ریٹ لسٹ جاری کی جاتی ہے جس کو دکان دار چھپا کے رکھ لیتے ہیں اور غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں۔ غریب عوام چیزوں کی قیمتوں سے ناآشنا ہونے کی وجہ سے زیادہ قیمتیں دینے پر مجبور ہوتے ہیں اگر اشیائے تصرف کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں ہوں تو کوئی بھی شخص زائد قیمت ہر گز ادا نہیں کرے گا۔ ریٹ لسٹ کے نیچے متعلقہ پرائس مجسٹریٹ کا موبائل نمبر بھی درج ہونا چاہئے تا کہ کوئی بھی صارف کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ مجسٹریٹ کو مطلع کر سکے منڈیوں میں بھی کڑی نگرانی ہونی چاہئے اور مصنوعی ریٹ کی بجائے قابل عمل ریٹ طے ہونے چاہئیں۔ پرچون ریٹ میں منڈی سے دکان تک کا کرایہ اور دکان دار کا جائز منافع شامل ہونا چاہئے اس کے باوجود کوئی اگر زائد قیمت وصول کرتا ہے تو اُس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنی چاہئے جس میں کم از کم تین یوم قید سات یوم تک دکان سیل کرنا شامل ہونا چاہئے۔ جرمانوں سے اجتناب کرنا چاہئے کیونکہ جرمانوں میں کرپشن کا عنصر ہوتا ہے اور دکاندار یہ جرمانے مزید مہنگائی کر کے سائلوں سے حاصل کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کی حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے۔ ایک تو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے دوسرے مصنوعی مہنگائی جو کہ دکانداروں نے خود پیدا کی ہے۔ جس کو دوسرے لفظوں میں اوورچارجنگ کہتے ہیں کو روکنا بہت ضروری ہے یہ کام انتظامی مشینری کا ہے اور چیف سیکرٹری پنجاب نے واضح طور پر ڈپٹی کمشنرز کو اس کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ غریب عوام نے ہوشربا مہنگائی کے باوجود ایماندار عمران خان کا ساتھ دیا سندھ میں پی ٹی آئی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے برابر نشستیں حاصل کی ہیں۔ بلوچستان میں پی ٹی آئی واحد قومی جماعت بن کر اُبھری ہے کے پی کے میں پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں پنجاب میں مسلم لیگ ن نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔ پی ٹی آئی کو پنجاب میں سخت محنت کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں اگر مہنگائی اور مصنوعی مہنگائی کو ختم کر دیا جائے تو پی ٹی آئی پنجاب میں بھی سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھر سکتی ہے اس ضمن میں پنجاب کے شہری علاقوں میں ٹارگٹڈ سبسڈی صرف غریب لوگوں کو دے کر کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
(کالم نگار ریٹائرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ہیں)
٭……٭……٭


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain