افغان عبوری حکومت کے وزیرخارجہ امیرخان متقی کا کہنا ہے کہ انھیں رواں ہفتے نیو یارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کا موقع دیا جائے۔
افغانستان کے وزیرخارجہ نے درخواست ایک خط کے ذریعے کی ہے جس پر فیصلہ اقوام متحدہ کی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کرے گی۔
اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق جنرل اسمبلی اجلاس میں حصہ لینے کی طالبان حکومت کی درخواست پر ایک کمیٹی غور کر رہی ہے جس کے نو ارکان میں امریکہ، چین اور روس شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق اس وقت تک سابق افغان حکومت کے ایلچی غلام اسحق زئی ہی اقوام متحدہ میں افغانستان کی نمائندگی کریں گے کیونکہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے اختتام سے قبل تک اس کمیٹی کے ارکان کی ملاقات کا امکان نہیں ہے۔
واضح رہے کہ طالبان کے گذشتہ دور اقتدار کے دوران 1996 سے 2001 کے درمیان معذول حکومت کے سفیر ہی اقوام متحدہ میں ملک کے نمائندے کی حیثیت سے برقرار رہے تھے۔
طالبان حکومت نے کل طالبان تحریک کے خارجہ امور کے ترجمان سہیل شاہین کو اقوام متحدہ کے لیے افغانستان کا سفیر نامزد کیا ہے، طالبان کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت کے ایلچی اسحق زئی اب ملک کے نمائندہ نہیں ہیں۔