لاہور (مہران اجمل خان) پنجاب حکومت کا سرکاری ہسپتالوں میں مفت سہولیات فراہم کرنے کا دعوی چکنا چور،جناح ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی ایمرجنسی میں مریض مفت ادویات کو ترس گئے، گزشتہ دنوں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے دورہ نے جناح ہسپتال میں مفت ادویات کی سہولت کا پول کھول دیا۔سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر جاوید احمد قاضی کے سوال پر مریضوں کے لواحقین نے شکایات کے انبار لگا ئے ،ناقص سہولیات سے پردہ اٹھنے کے باوجود سیکرٹری ہیلتھ کے سر پرجوں تک نہ رینگی، مریضوں کے مسائل سننے کے باوجود کسی قسم کی انکوائری نہ ہوسکی ۔ تفصیلات کے مطابق چار روز قبل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ عثمان خالد کے ہمراہ رات کے وقت جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا تھا اور وہاں انسداد ڈینگی، کرونا، ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات میں مریضوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات کا جائزہ بھی لیا تھا جہاں انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے بھی فراہم کی جانیوالی طبی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق سیکرٹری صحت نے جب لیبر روم ایمرجنسی کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں کے لواحقین سے ادویات بارے دریافت کیا تو وہاں موجود شہریوں نے مفت ادویات نہ ملنے کے شکوہ بھی کیے ایک شہری کی جانب سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یحیٰی سلطان کی موجودگی میں شکایت کی گئی کہ اس نے اپنی بیوی کے آپریشن کے لئے تین سے چار ہزار روپے کی ادویات باہر سے خریدی ہے جس پر سیکرٹری صحت نے ایم سے انکوائری کرنے کا حکم دیا مگر چار روز گزر جانے کے باوجود بااثر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے مفت ادویا ت کی نہ تو انکوائری کی گئی اور نہ ہی سیکرٹری صحت کو اس بارے آگاہ کیا گیا ۔ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ جناح ہسپتال ایمرجنسی میں تا حال مریض مفت ادویات کے حصول کے لئے خوار ہورہے ہیںپنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت ادویات کے دعویٰ صرف باتوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں ۔ اس حوالے سے ترجمان سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر کا کہنا ہے کہ اس بات کی تصدیق کی جا رہی کہ لیبر روم میں ادویات فراہم کرنے کی کیا پالیسی ہے ۔