واشنگٹن(سپیشل رپورٹر سے) امریکی محکمہ خارجہ میں ڈپٹی سیکرٹری وینڈی شرمن نے کہاہے کہ پاکستان کو تمام انتہا پسند گروپوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ میں ڈپٹی سیکرٹری وینڈی شرمن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ ایک مضبوط شراکت داری کے خواہاں ہیں اور ہم تمام عسکریت پسندوں اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف بلا امتیاز تسلسل کے ساتھ کارروائی کی توقع کرتے ہیں۔اس موقع پر امریکی ڈپٹی سیکرٹری نے پاکستان کے اس موقف کا بھی اعتراف کیا کہ دہشت گردی سے پاکستان کا بھی کافی نقصان ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمارے دونوں ممالک دہشت گردی کی لعنت سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ہم تمام علاقائی اور بین الاقوامی دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے کے لیے تعاون کی کوششوں کے منتظر ہیں۔ انہوں نے افغانستان میں ایک شمولیتی حکومت کے قیام کے لیے پاکستانی حکومت کی جانب سے ہونے والی کوششوں کی تعریف بھی کی۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم پاکستان کی طرف پر امید نظروں سے دیکھتے ہیں کہ وہ اسے با معنی بنانے کے لیے اہم اور فعال کردار ادا کرے۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے ایک بار پھر پاکستان پر تمام عسکریت پسند اور دہشت گرد گروپس کے خلاف بلا تفریق کارروائی پر زور دیا ہے،امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شیرمن نے ایک بیان میں کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف مضبوط شراکت قائم کرنا چاہتے ہیں تاہم امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان تمام عسکریت پسند اور دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلا تفریق دیرپا کارروائی کرے، امریکا اور پاکستان دونوں دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں لہذا ہم تمام قسم کی عالمی اور علاقائی دہشت گردی کے خطرات کو ختم کرنے کے لیے تعاون کرنا چاہتے ہیں۔