تازہ تر ین

پنڈورا باکس کھل گیا قومی دولت لوٹنے والے بے نقاب

واشنگٹن‘اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)صحافیوں کی عالمی تنظیم آئی سی آئی جے تاریخ کے سب سے بڑے مالیاتی اسکینڈل پینڈورا پیپرز کو سامنے لے آئی جن میں دنیا بھر کے متعدد سربراہان مملکت، سیاست دانوں، صنعت کاروں، بیورو کریٹس، ریٹائرڈ افسران کی آف شور کمپنیاں نکل آئیں، ان افراد میں 700 پاکستانی بھی شامل ہیں۔صحافیوں کی عالمی تنظیم نے پاناما پیپرز کے بعد اب اس سے بھی بڑا مالیاتی اسکینڈل بے نقاب کردیا جس کا نام پنڈورا پیپرز رکھا گیا ہے۔ اتوار کی رات ساڑھے 9 بجے آئی سی آئی جے نے اس حوالے سے پیپرز جاری کردیے جن پر 117 ممالک سے تعلق رکھنے والے 600 صحافیوں نے دو سال تک محنت کی ہے۔ان پیپرز کے مطابق 700 پاکستانی باشندے بھی اس مالیاتی اسکینڈل میں ملوث ہیں جن کی آف شور کمپنیاں ہیں۔ ان افراد میں شامل نمایاں ناموں میں وزیر خزانہ شوکت ترین، سینیٹر فیصل واوڈا، وفاقی وزیر مونس الہی، پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن، اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار، خسرو بختیار کے بھائی عمر بختیار، راجہ نادر پرویز، سینئر وزیر عبدالعلیم خان، سابق معاون خصوصی وزیراعظم وقار مسعود کے بیٹے کا نام بھی شامل ہے۔پیپرز کے مطابق ابراج گروپ کے سی ای او عارف نقوی، ایگزٹ کمپنی کے مالک شعیب شیخ سمیت متعدد بینکار اور ریٹائرڈ فوجی افسران لیفٹیننٹ جنرل (ر) شفاعت اللہ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نصرت نعیم اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) افضل مظفر کے بیٹے، کرنل (ر) راجہ نادر پرویز، جنرل (ر) خالد مقبول کے داماد احسن لطیف، جنرل (ر) علی قلی خان کی ہمشیرہ کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں۔آئی سی آئی جے کے مطابق تبدیلی کا نعرہ لگانے والے وزیراعظم عمران خان کی اپنی کابینہ کے متعدد ارکان آف شور کمپنیوں کے مالک نکلے۔ عمران خان خود ایسے افراد، کابینہ کے وزرا، سیاسی رفقا میں گھرے ہوئے ہیں جن کی آف شور اثاثے رکھتے ہیں۔پاکستان کے وزیر خارجہ شوکت ترین اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کی 4 آف شور کمپنیاں ہیں۔ ان کمپنیوں کی کاغذی کارروائی کرنے والے مالیاتی مشیر طارق فواد ملک کے مطابق یہ کمپنیاں ترین خاندان کی سعودی کاروبار سے آنے والی سرمایہ کاری کا ایک حصہ ہیں۔شوکت ترین نے آئی سی آئی جے کی جانب سے بھیجے گئے سوال نامے کا جواب نہیں دیا۔ پینڈورا پیپرز کی اشاعت کے دن جاری ہونے وال بیان میں انہوں نے کہا کہ بیان کی گئی آف شور کمپنیاں میرے بینک کے لیے فنڈز جمع کرنے کے طریقہ کار کا حصہ ہیں۔عمران خان کے وزیر صنعت مخدوم خسرو بختیار کے بھائی عمر بختیار 2018 میں ایک آف شور کمپنی کے ذریعے اپنی بوڑھی والدہ کے نام لندن کے علاقے چیلسیا میں 1 ملین ڈالر کا اپارٹمنٹ کیا۔ ریاستی اینٹی کرپشن ایجنسی بھی اس الزامات کی تفتیش کر رہی ہے کہ ان کے گھر والوں کی دولت میں اس دوران بے تحاشا اضافہ ہوا، جب وہ پرویز مشرف کے دور حکومت میں پہلی بار وزیر بنے۔وزیر اعظم عمران خان کے سابق وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے 2012 میں یو کے انویسٹمنٹ میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے آف شور کمپنی کی بنیاد رکھی۔ واوڈا نے آئی سی آئی جے کو بتایا کہ وہ پاکستانی ٹیکس حکام کو اپنے دنیا بھر میں موجود اثاثے ڈکلیئر کر چکے ہیں۔عمران خان کے 2019 سے 2020 تک چیف ایڈوائزر برائے فنانس اور ریونیو رہنے والے وقار مسعود خان کے بیٹے کی برٹش ورجینیا آئی لینڈز میں ایک کمپنی ہے۔ مسعود نے پالیسی کے تنازع پر اگست کے وسط میں استعفی دیدیا تھا۔ وقار خان نے آئی سی آئی جے کو بتایا کہ وہ نہیں جانتے کہ ان کے بیٹے کی کمپنی کیا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا اعتدال پسند زندگی گزارتا ہے اور مجھ پر انحصار نہیں کرتا۔پینڈورا پیپرز میں دنیا بھر کے 91 ممالک اور خطوں کے 35 موجودہ اور سابقہ سربراہان مملکت، 330 سیاست دان اور عوامی نمائندوں کی خفیہ مالیاتی دستاویزات شایع کی گئی ہیں۔ان خفیہ دستاویزات میں یمن کے بادشاہ، یوکرائن، کینیا، ایکواڈور کے صدور، جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم اور سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر کا نام بھی شامل ہے۔ان دستاویزات میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے غیر سرکاری وزیر برائے پروپیگنڈا اور روس، امریکا، ترکی اور دیگر اقوام سے تعلق رکھنے والے 130 سے زائد ارب پتی افرادکے مالیاتی لین دین کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔ فہرست کے مطابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر، پاپ اسٹار شکیرا، سپر ماڈل کلاڈیا شیفر، بھارتی صنعت کار انیل امبانی بھی خفیہ اثاثے رکھنے میں ملوث ہیں۔

لندن (بی بی سی)عالمی رہنماؤں، سیاستدانوں اور ارب پتی افراد کی خفیہ دولت اور مالی لین دین کی تفصیلات ایک بڑے مالی سکینڈل سے متعلق دستاویزات کے سامنے آنے سے بے نقاب ہو گئی ہیں۔مالی معاملات سے متعلق ان دستاویزات میں جن افراد کی خفیہ دولت اور مالی معاملات کا انکشاف ہوا ہے ان میں 35 موجودہ اور سابق عالمی رہنماں سمیت تقریبا تین سو ایسے عوامی نمائندے شامل ہیں جن کی آف شور کمپنیاں تھی۔ ان دستاویزات کو پینڈورا پیپرز کا نام دیا گیا ہے۔ان دستاویزات میں اردن کے بادشاہ کی خفیہ طور پر امریکہ اور برطانیہ میں 70 ملین پانڈز کی جائیدادوں کا انکشاف کیا ہے۔اس کے علاوہ ان دستاویزات کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے قریبی حلقے میں شامل افراد، جن میں ان کی کابینہ اور ان کے خاندان کے کچھ افراد شامل ہیں، خفیہ طور پر لاکھوں ڈالر کی کمپنیوں کے مالک ہیں۔ان دستاویزات میں یہ بھی افشا کیا گیا ہے کہ کیسے برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ٹونی بلیئر اور ان کی اہلیہ نے لندن میں دفتر خریدتے وقت سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں تین لاکھ 12 ہزار پاونڈز بچائے تھے۔ اس جوڑے نے ایک آف شور کمپنی خریدی تھی جس کی ملکیت میں یہ عمارت تھی۔پینڈورا پیپرز نامی لیک ہونے والے ان دستاویزات میں روسی صدر ولادمیر پوتن کے موناکو میں خفیہ اثاثوں کا بھی ذکر ہے اور ان دستاویزات میں جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم اندریج بابس کی خفیہ آف شور انوسٹمنٹ کمپنی کو بھی ظاہر کیا گیا ہے جس کے ذریعے انھوں نے جنوبی فرانس میں 12 ملین پانڈز مالیت کے دو ولاز خریدے۔واضح رہے کہ جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم اگلے ہفتے انتخابات لڑ رہے ہیں اور انھوں نے اپنی یہ خفیہ آف شور انوسٹمنٹ کمپنی ڈیکلیئر نہیں کی ہوئی۔گذشتہ سات برسوں کے دوران فن سین فائلز، دی پیراڈائز پیپرز، پانامہ پیپرز اور لکس لیکس جیسے لیک ہونے والے دستاویزات کی کڑی میں یہ تازہ ترین ہے۔ان دستاویزات کاہ جائزہ اور چھان بین انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹیگیٹو جرنلسٹ (آئی سی آئی جے) نے کی ہے جس میں دنیا بھر سے 650 سے زائد رپورٹروں نے حصہ لیا۔گارڈین اور دیگر میڈیا شراکت داروں کے ساتھ اس مشترکہ تفتیش میں بی بی سی پینوراما نے برٹش ورجن جزائر، پاناما، بیلیز، قبرص، متحدہ عرب امارات، سنگاپور اور سوئٹزرلینڈ کی 14 مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے 12 ملین دستاویزات تک رسائی حاصل کی ہے۔جن افراد کی خفیہ دولت اور لین دین کے مالی معاملات کے متعلق پینڈورا پیپرز میں انکشافات ہوئے ہیں ان میں سے چند افراد کو کرپشن، منی لانڈرنگ اور عالمی سطح پر ٹیکس بچانے کے الزامات کا سامنا ہے۔لیکن ان میں سے سب سے بڑا انکشاف یہ ہے کہ کس طرح ممتاز اور مالدار افراد برطانیہ میں خفیہ جائیدادیں خریدنے کے لیے جائز آف شور کمپنیاں قائم کر رہے ہیں۔ان دستاویزات ان جائیدادوں کی خریداری کے پیچھے 95،000 آف شور کمپنیوں کے مالکان کا انکشاف ہوا ہے۔یہ تحقیق برطانوی حکومت کی اس ناکامی کو اجاگر کرتی ہے کہ حکومت متعدد وعدوں کے باوجود ایک ایسی فہرست متعارف کروانے میں ناکام رہی ہے جس میں بیرون ملک اثاثے رکھنے والے افراد کے نام درج ہوں گے۔واضح رہے کہ برطانیہ میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ چند پراپرٹی خریدار اس سے اپنی منی لانڈرنگ سرگرمیوں کو چھپا سکتے ہیں۔جیسا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف اور ان کی اہل خانہ پر اپنے ہی ملک کو لوٹنے کا الزام ہے۔تحقیقات میں یہ علم ہوا ہے کہ صدر الہام اور ان کے قریبی رفقا خفیہ طور پر برطانیہ میں 400 ملین پانڈز سے زائد مالیت کی جائیدادیں خریدنے میں ملوث ہیں۔اور برطانیہ بکنگھم پیلس کے قریب کئی ملین پانڈ مالیت کی یہ دو پراپرٹیاں بھی شامل. انھوں نے بائیں جانب والی پراپرٹی خریدی اور دائیں جانب والی پراپرٹی میں تین فلیٹ خریدے۔ایک عرصے سے کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے آذربائیجان کے حکمران آلییو خاندان نے اپنی دولت چھپانے کے لیے آف شور کمپنیوں کا ایک وسیع جال بنایا ہوا ہے۔یہ انکشافات برطانیہ کے لیے شرمندگی کا باعث بن سکتے ہیں کیونکہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف نے مالکہ برطانیہ کی جائیدادوں کا نظام دیکھنے والے ادارے کو لندن میں اپنی ایک جائیداد بیچ کر 31 ملین پانڈز کا منافع کمایا ہے۔اس دستاویزات میں بہت سی ایسے مالی ٹرانزیکشن بھی شامل ہیں جن میں کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا گیا۔لیکن آئی سی آئی جے کی طرف سے فرگس شیل نے کہا: اس پیمانے پر کبھی بھی کوئی کام نہیں ہوا اور یہ اس حقیقت کو ظاہر کرتا ہے کہ آف شور کمپنیاں لوگوں کو اپنا مشکوک دھن چھپانے یا ٹیکس سے بچنے میں مدد کے لیے کیا کیا خدمات فراہم کر سکتی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ (افراد) ان آف شور اکانٹس، ان آف شور ٹرسٹوں کو استعمال کرتے ہوئے دوسرے ممالک میں کروڑوں ڈالرز کی جائیداد خریدتے ہیں اور اپنی عوام کی قیمت پر اپنے خاندانوں کو مالدار بناتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ آئی سی آئی جے کا خیال ہے کہ یہ تفتیش بہت سی چیزوں سے پردہ اٹھائے گی اس لیے اس کا نام پانڈورا پیپرز رکھا گیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain