شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے ایشو پر پی ٹی وی تحقیقاتی کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو قصور وار قرار دیدیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرنعمان نےبغیرکسی ٹھوس وجہ شعیب اخترسےنامناسب رویہ اختیارکیا۔ کمیٹی نےشعیب اختر،ڈاکٹرنعمان سےان کامؤقف جاننےکےبعدفیصلہ کیا۔
دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے پی ٹی وی اسپورٹس کی بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی ہدایت پر قائم کی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے شعیب اختر کو میزبان نعمان نیاز کی جانب سے بدتمیزی کے واقعے کے بعد پیش ہونے کا کہا تھا۔
بی بی سی اردو سے گفتگو میں شعیب اختر نے کہا کہ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے، واقعے کی پوری ویڈیو موجود ہے جسے دیکھ کر آسانی سے فیصلہ کیا جا سکتا ہے،شعیب اختر نے مزید کہا کہ کہا جارہاہے کہ وہ پی ٹی وی سے کنٹریکٹ کے باوجود دوسرے ٹی وی چینلز پر بھی بیٹھ کر تبصرے کرتے رہے، لیکن یہ بالکل علیحدہ معاملہ ہے جس کا اس واقعے سے دور دور تک تعلق نہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نعمان نیاز آج وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے ملاقات کریں گے،پی ٹی وی کی جانب سے گزشتہ روز واقعے کا نوٹس لیا گیا تھا، شعیب اختر کے ساتھ کی جانے والی بدتمیزی کے بعد چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے سربراہ پاکستان ٹیلی وژن کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں اور اس میں ڈائریکٹر نیوز، ڈائریکٹر پروگرامز اور چیف ہیومن رسورس آفیسر شامل ہیں۔
پاک نیوزی لینڈ میچ کے دوران دو روز قبل پی ٹی وی اسپورٹس پر سابق فاسٹ بالر شعیب اختر اور پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان تبصرے تلخ کلامی میں بدل گئے تھے،میزبان نے مہمان نوازی کے آداب بھلائے شعیب اختر کو پروگرام سے جانے کا کہا تھا، جس کے بعد شعیب اختر نے لائیو شو کے دوران ہی استعفیٰ دے کر چلے گئے تھے۔