پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی اپیل پر سندھ بھر میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے کئے گئے، کارکنوں نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا کر حکومت مخالف نعرے لگائے۔
ملک میں مہنگائی کے خلاف بلاول بھٹو کی اپیل پر سندھ میں مظاہرے کیے گئے۔ حیدرآباد میں پیپلزپارٹی کی کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ پارٹی پرچم اٹھائے کارکنوں نے مہنگائی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
سکھر میں بھی پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف ریلی نکالی، ریلی مختلف راستوں سےہوتے ہوئےپریس کلب پہنچی۔ جیالوں نے خوب نعرے بازی کی۔ مرکزی رہنماوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نےعوام کے لئے روٹی کا حصول بھی مشکل کردیا ہے۔
لاڑکانہ میں بھی پیپلز پارٹی نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ غالب نگرسے جناح باغ تک ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے مہنگائی اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
ٹنڈوجام میں پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ پارٹی پرچم اٹھا کر وفاقی حکومت پر تنقید کے تیر چلائے۔
دادومیں بھی پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، پیر ہائوس سے شروع ہونے والی ریلی دادو پریس کلب پہنچی، جہاں رہنماؤں نے خطاب کیا۔
شکارپورمیں بھی مہنگائی کےخلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے زندگی اجیرن کردی ہے۔
سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی جیالوں نے ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے