عالمی درجہ حرارت میں اضافے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا شدید موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے ، ان ہی تبدیلیوں کے شدید خطرات کے پیش نظر عالمی شخصیات سرجوڑ کر بیٹھ گئیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عالمی سطح کی سربراہی کانفرنس گلاسکو میں آج سے شروع ہوگی، کانفرنس کوپ 26میں 120 ممالک کے وزرائےاعظم اور سربراہان مملکت شریک ہونگے۔ موسمیاتی تبدیلی میں پاکستان کا قائدانہ کردار ہے، ملک ترقی یافتہ ممالک کی اگلی صف میں آگیا۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم کی سربراہی میں پاکستانی وفد گلاسکو پہنچ گیا۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم دنیا بھر کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کرینگے، پاکستانی وفد10بلین ٹری،متبادل توانائی، الیکٹریک وہیکل پالیسی منصوبوں پربات کرے گا۔ وزیرموسمیاتی تبدیلی کوئلہ جلانے پر پابندی کے مثبت اثرات سےبھی آگاہ کریں گے، وزیراعظم کو سربراہی کانفرنس میں کلیدی خطاب کیلئےخصوصی مدعو کیا گیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملکی حالات کے پیش کانفرنس میں شرکت سےمعذرت کی تھی۔ اس حوالے سے سائنسدانوں نے بریفنگ میں بتایا ہے کہ راستہ نہ بدلا گیا تو کرہ ارض کو بدترین نتائج بھگتنے پڑسکتے ہیں، گلاسگو میں موسمیاتی تبدیلی پرعالمی سربراہی کانفرنس یکم سے12نومبرتک جاری رہے گی۔